ہیڈز یا ٹیلز، پاکستان انڈیا میچ کا غیر معمولی ٹاس جس میں کپتان نے ریفری کی غلطی بتائی

Pakistan India
وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 5 منٹ

دوحہ میں جاری ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کے دوران پاکستان اور انڈیا کی اے ٹیمیں مدمقابل ہیں جس میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کی کپتانی عبدالصمد کر رہے ہیں جبکہ انڈیا کے کپتان تلک ورما ہیں۔ ان دونوں کے علاوہ بھی دونوں ٹیموں میں ایسے کئی نام ہیں جنھیں بین الاقوامی مقابلوں میں دیکھا جا چکا ہے۔

مگر ٹاس کے دوران ایک انوکھا واقعہ ہوا جو شاید ہی کرکٹ کے میدان میں پہلے دیکھا گیا ہو۔ ٹاس کے دوران میچ ریفری نے زمین پر پڑے سکے کو ’ٹیلز‘ قرار دیا مگر صمد نے ان کی تصحیح کی کہ یہ ’ہیڈز‘ ہے۔

یہ معاملہ سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے اور کئی صارفین اس پر اپنی رائے ظاہر کر رہے ہیں۔ تاہم اب تک میچ کے منتظمین ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

پاکستانی اور انڈین کرکٹ بورڈز نے سوشل میڈیا پر اس ٹاس کے حوالے سے اپ ڈیٹ ضرور کیا مگر اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

ٹاس کے دوران میچ ریفری کی کوتاہی اور صمد کی نشاندہی

ٹاس کے دوران پریزنٹر نے بتایا کہ سکہ انڈین کپتان تلک ورما کے ہاتھ میں ہے اور پاکستانی کپتان عبدالصمد ہیڈز یا ٹیلز کہیں گے۔ تلک ورما نے سکہ اچھالنے سے پہلے اسے اپنے دونوں ہاتھوں میں رکھ کر ہلایا اور پھر دائیں ہاتھ سے سکہ اچھال دیا جس پر عبدالصمد نے ہیڈز کی کال دی۔

میچ ریفری نے زمین پر پڑے سکے کو دیکھ کر کہا کہ ’ٹیلز آیا ہے‘ جس پر پریزنٹر نے بھی ’ٹیلز‘ دہراتے ہوئے یہ کہنا چاہا کہ انڈیا ٹاس جیت چکا ہے۔ اس مقابلے کے لیے میچ ریفری سابق بنگلہ دیشی کرکٹر نیام الراشد تھے۔

مگر اسی وقت عبدالصمد اور تلک ورما دونوں ہی نے جھک کر سکے کو دیکھا۔ عبدالصمد نے فوراً انگلی کا اشارہ کر کے کہا کہ ’یہ ہیڈز ہے‘ جس پر میچ ریفری اور پریزنٹر دونوں نے ہی جھک کر دیکھا۔

پریزنٹر نے سر ہلاتے ہوئے کہا کہ ’ہیڈز ہے۔ عبدالصمد آپ ٹاس جیت چکے ہیں تو کیا آپ ہمیں بتا سکتے ہیں کہ آپ نے کیا فیصلہ کیا ہے؟‘

پاکستان، انڈیا، میچ
،تصویر کا کیپشناس بار بھی میچ کے آغاز پر دونوں کپتانوں کے درمیان ہینڈ شیک نہیں ہوا
تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اردو کی نئی موبائل ایپ کی تصویر
تمام اہم خبریں ایک ایپ میں

وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

عبدالصمد نے کہا کہ ’ہم پہلے بیٹنگ کریں گے۔‘

کرک انفو نے اس حوالے سے لکھا کہ ’یہ خاصا غیر معمولی منظر تھا کیونکہ دونوں کپتانوں کو جھک کر دیکھنا پڑا کہ آیا واقعی ٹاس کا نتیجہ ٹیلز آیا ہے یا نہیں۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ مقابلہ کتنا بڑا ہے، کیونکہ کوئی بھی ٹیم معمولی سی بھی برتری چھوڑنے کے لیے تیار نہیں۔‘

جبکہ کرکٹ ویب سائٹ کرک بز ’صمد نے ’ہیڈز‘ پکارا تھا۔ جب سکہ نیچے گرا تو انٹرویو لینے والے نے اعلان کیا کہ نتیجہ ’ٹیلز‘ ہے، لیکن صمد اور تلک دونوں جھک کر سکہ دیکھنے لگے۔ اس کے بعد صمد نے سکے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مائیک میں کہا ’یہ ہیڈز ہے، یہ ہیڈز ہے‘۔‘

اس میچ کے آغاز پر دونوں کپتانوں کے درمیان ہینڈ شیک بھی نہیں ہوا۔

کرک بز کی کمنٹری کے مطابق ایک عجیب واقعہ اس وقت ہوا جب صمد مائیک اپنے ساتھ ہی لے گئے اور جب تلک گفتگو کے لیے آئے تو ان کے پاس مائیک موجود نہیں تھا۔ غالباً صمد کو مائیک اپنے ہم منصب کے حوالے کرنا تھا، لیکن ایسا نہیں ہوا۔

تاہم کرک انفو اس کے مطابق ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے عبدالصمد کو اپنا مائیک تلک ورما کو تھمانا تھا مگر انھوں نے اپنا مائیک میچ ریفری کو دیا کیونکہ پریزنٹر نے اپنا مائیک تلک ورما کے ساتھ شیئر کیا تھا۔

’اس کی تحقیقات ہونی چاہیے‘

پاکستان میں بعض شائقین اس معاملے پر تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

صحافی فیضان لاکھانی نے ایکس پر لکھا کہ ’کیا یہ محض ایک غلطی تھی؟ بے دھیانی؟ یا پھر ریفری کی جانب سے ٹاس کے نتیجے پر اثر انداز ہونے کی دانستہ کوشش؟‘

’اس معاملے کو مزید تحقیقات کے لیے انسدادِ بدعنوانی یونٹ کے سپرد کیا جانا چاہیے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا انھوں نے ٹاس کو فِکس کرنے کی کوشش کی تھی یا نہیں۔‘

صارف کرن خان نے کہا کہ ’اس بار تو غلطی پکڑی گئی اور درست کر دی گئی۔ لیکن یہ ایک بڑا سوال ہے کہ ماضی میں انڈیا پاکستان کے کتنے ایسے میچز میں اسی نوعیت کی غلطیاں نظرانداز کی گئی ہیں جن سے انڈیا کو فائدہ ہوا؟‘

عبدالحماد نے سوال اٹھایا کہ ’میچ ریفری اتنی بڑی غلطی کیسے کر سکتا ہے؟ اس واقعے نے سنگین سوالات کو جنم دیا ہے اور شکوک و شبہات کی کافی گنجائش چھوڑ دی ہے۔‘

مگر انڈین صارف انکت روات نے کہا کہ ’یہ آئی سی سی کا ایونٹ نہیں بلکہ اے سی سی (ایشین کرکٹ کونسل) کا ایونٹ ہے، جس کے چیئرمین پاکستان کے محسن نقوی ہیں۔‘

ایک دوسرے انڈین صارف نے تبصرہ کیا کہ ’ٹاس کا فیصلہ پانچ سیکنڈ میں پاکستان کے حق میں درست کر دیا گیا۔ پھر بھی انڈیا پر الزام۔۔۔ پہلی گیند پھینکے جانے سے پہلے ہی خود کو مظلوم ظاہر کرنے کی منطق اپنی انتہا پر دکھائی دیتی ہے۔‘

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔