رحمان گل: ’آٹھ برس تک پاکستانی فوج کا حصہ رہنے والے‘ بی ایل اے کے نئے کمانڈر کون ہیں؟

رحمان گل ، بی ایل اے
،تصویر کا کیپشنکالعدم علیحدگی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے رحمان گل عرف مرید بلوچ کو تنظیم کا نیا کمانڈر ان چیف ’منتخب‘ کرنے کا اعلان کیا ہے
وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 9 منٹ

کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے رحمان گل عرف مرید بلوچ کو تنظیم کا نیا کمانڈر ان چیف ’منتخب‘ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ان کی تقرری بشیر زیب بلوچ کی جگہ عمل میں آئی ہے جنھیں عہدے سے ہٹائے جانے کے بارے میں نومبر کے اوائل میں شدت پسند تنظیم کی جانب سے بتایا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ نئے کمانڈر ان چیف کے انتخاب تک تمام انتظامی، عسکری اور پالیسی ساز اختیارات باضابطہ طور پر بی ایل اے کے اعلیٰ ترین ادارے سینیئر کمانڈ کونسل کے سپرد کر دیے گئے ہیں۔

سنیچر کی شب سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کالعدم تنظیم کے ترجمان نے کہا کہ ’بلوچ لبریشن آرمی کی سینیئر کمانڈ کونسل نے باہمی مشاورت کے بعد رحمان گل عرف مرید کو متفقہ طور پر نیا کمانڈر ان چیف منتخب کیا ہے۔‘

رحمان گل اسلم بلوچ کی قیادت میں بی ایل اے کے گروپ کی تشکیل نو کے بعد کالعدم تنظیم کے تیسرے کمانڈر اِن چیف ہیں۔ ان کے پیشرو بشیر زیب بلوچ، اسلم بلوچ کی ہلاکت کے بعد تنظیم کے دوسرے کمانڈر ان چیف بنے تھے اور تقریباً 8 سال تک اس عہدے پر رہے۔

رحمان گل کے انتخاب کے حوالے سے کالعدم تنظیم کے ترجمان کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک مختصر بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ ’وہ تنظیم کے اندر اہم عہدوں کی کمان کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں‘ اور کمانڈر ان چیف کی ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل، بی ایل اے کی سینیئر کمانڈ کونسل کے رکن اور مجید بریگیڈ کے کمانڈر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے۔

خیال رہے کہ حالیہ برسوں میں بی ایل اے اور اس کے ذیلی گروہ مجید بریگیڈ کے حملوں میں وسعت اور شدت نظر آئی ہے جن میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت عام لوگوں کو بھی شدت پسند حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔

مجید بریگیڈ تقریباً ڈیڑھ دہائی سے زیادہ عرصے سے بلوچستان میں متحرک ہے۔ اس بریگیڈ کا نام پہلی بار 30 دسمبر 2011 کو اُس وقت سامنے آیا تھا جب صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ارباب کرم خان روڈ پر واقع ایک گھر کے باہر ایک کار پر خودکش حملہ کیا گیا تھا۔

انسداد دہشت گردی کے محکمے سی ٹی ڈی بلوچستان کے مطابق رحمان گل پر شدت پسندی کے سو سے زائد مقدمات قائم ہیں جبکہ ان کے خلاف سندھ میں بھی مقدمات قائم ہیں۔

ان مقدمات کی وجہ سے وہ محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کی انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہیں اور ان کے سر کی قیمت 25 کروڑ روپے مقرر ہے۔

رحمان گل کے تنظیم کے سربراہ بننے کے بارے میں تجزیہ کاروں کی رائے کیا ہے اس کا ذکر بعد میں، لیکن سب سے پہلے تذکرہ اس بات کا کہ رحمان گل کون ہیں؟

بلوچستان
،تصویر کا کیپشنرحمان گل کا تعلق اپنے پیشرو بشیر زیب کی طرح بلوچستان کے افغانستان سے متصل سرحدی ضلع نوشکی سے ہی ہے

رحمان گل کون ہیں؟

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اردو کی نئی موبائل ایپ کی تصویر
تمام اہم خبریں ایک ایپ میں

وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

رحمان گل کا تعلق اپنے پیشرو بشیر زیب کی طرح بلوچستان کے افغانستان سے متصل سرحدی ضلع نوشکی سے ہی ہے جو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے مغرب میں تقریباً 140 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

بلوچستان کی سیاست اور حالیہ شورش پر گہری نظر رکھنے والے صحافی اور تجزیہ کار کیّا بلوچ کے مطابق رحمان گل اگست 1984ء میں نوشکی شہر کے جنوب میں نواحی علاقے کلی مینگل میں بلوچستان کے ایک معروف مینگل خاندان میں پیدا ہوئے۔

کیّا بلوچ کے مطابق 'رحمان گل کے خاندان کے عمائدین علاقے کے قبائلی، سماجی اور سیاسی امور میں نمایاں کردار ادا کرتے رہے ہیں اور ان کے والد بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی 34 نوشکی سے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن بھی لڑ چکے ہیں۔

نیشنل عوامی پارٹی (نیپ) کے دور حکومت میں وزیر تعلیم رہنے والے ممتاز بلوچ شاعر اور ترقی پسند سیاست دان گل خان نصیر بھی رحمان گل کے قریبی رشتہ دار تھے جبکہ ان کے ایک اور قریبی رشتہ دار لونگ خان مینگل ایک گوریلا کمانڈر تھے جنھوں نے 1970 کی دہائی میں نیشنل عوامی پارٹی کی زیرِ قیادت بلوچستان کی پہلی منتخب حکومت کی برطرفی کے بعد شدت پسندی کا راستہ اپنایا اور ضلع قلات کے علاقے دشت گوران میں ایک فوجی آپریشن کے دوران مارے گئے تھے۔

رحمان گل ، بی ایل اے
،تصویر کا کیپشنمحکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کی جانب سے چند ماہ قبل کالعدم عسکریت پسند تنظیموں کے انتہائی مطلوب افراد کے حوالے سے اخبارات میں جو اشتہار جاری کیا گیا ان میں رحمان گل کا نام اور تصویر بھی شامل تھے

تعلیم اور فوج میں شمولیت

رحمان گل نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول نوشکی سے مکمل کی، پھر انٹرمیڈیٹ کی تعلیم کے لیے کوئٹہ چلے گئے۔ بعد میں انھوں نے خیبر پختونخوا میں پشاور یونیورسٹی سے بی اے کی ڈگری حاصل کی۔

کیّا بلوچ کا کہنا تھا کہ سنہ 2002 میں انھوں نے پاکستانی فوج میں شمولیت اختیار کی اور ایک کمیشنڈ آفیسر کے طور پر پاکستان کے مختلف علاقوں میں تعینات رہے۔

(بی بی سی نے ان کے پاکستانی فوج سے تعلق کے بارے میں آئی ایس پی آر سے رابطہ کیا تاہم تحریر کی اشاعت تک اس بارے میں کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔)

کیّا بلوچ نے بتایا کہ فوج میں ملازمت کے دوران رحمان گل پاکستان کے سابق قبائلی علاقوں جنوبی وزیرستان اور شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں کے علاوہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھی تعینات رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج میں آٹھ سال کا عرصہ گزارنے کے بعد 2010 میں جب انھوں نے فوج کی ملازمت ترک کی تو وہ اس وقت کیپٹن کے عہدے پر فائز تھے۔

انھوں نے بتایا کہ رحمان گل فوج چھوڑنے کے بعد کالعدم بی ایل اے میں شامل ہو گئے تھے اور ابتدا میں انھوں نے گروپ کے ایک کمانڈر اسلم بلوچ عرف استاد اسلم اچھو کی کمان میں ضلع کچھی کے پہاڑی علاقے بولان میں کام کیا۔

اُستاد اسلم عرف اچھو مجید بریگیڈ کے پہلے سربراہ بھی تھے اور وہ اس کالعدم تنظیم کی کارروائیوں میں نا صرف جدت اور شدت لائے بلکہ وہ بلوچستان میں دہائیوں سے جاری بلوچ شدت پسندی کو پہاڑوں سے شہروں بالخصوص کراچی تک لے آئے تھے۔

کیّا بلوچ نے بتایا کہ رحمان گل وقت کے ساتھ بی ایل اے کے اندر ترقی کرتے ہوئے 2018 میں مجید بریگیڈ کے سربراہ بن گئے تھے۔

Bashir Zeb
،تصویر کا کیپشنبشیر زیب بلوچ کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بارے میں نومبر کے اوائل میں شدت پسند تنظیم کی جانب سے بتایا گیا تھا

حکومت کو انتہائی مطلوب افراد میں شامل

سی ٹی ڈی بلوچستان کے مطابق بلوچستان میں شدت پسندی اور سنگین بدامنی کے جو واقعات رونما ہو رہے ہیں ان کے درجنوں مقدمات میں رحمان گل بھی نامزد ملزم ہیں۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق بلوچستان کے علاوہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پیش آنے والے شدت پسندی کے متعدد واقعات میں بھی رحمان گل کو ملزم نامزد کیا گیا ہے جن میں کراچی ایئرپورٹ پر چینی انجینئروں پر ہونے والے حملے کا مقدمہ بھی شامل ہے۔

محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کی جانب سے چند ماہ قبل کالعدم عسکریت پسند تنظیموں کے انتہائی مطلوب افراد کے حوالے سے اخبارات میں جو اشتہار جاری کیا گیا ان میں رحمان گل کا نام بھی شامل تھا۔

محکمہ داخلہ کے اشتہار کے مطابق شدت پسندی کے مختلف مقدمات میں مطلوب جن افراد کے سر کی قیمت سب سے زیادہ مقرر ہے ان میں رحمان گل بھی شامل ہیں جن کی گرفتاری میں مدد دینے پر 25 کروڑ روپے کا انعام مقرر کیا گیا ہے۔

کالعدم بی ایل اے میں قیادت کی تبدیلی کیا ظاہر کرتی ہے؟

سینیئر تجزیہ کار اور سینٹر فار ریسرچ اینڈ سکیورٹی سٹڈیز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر امتیاز گل نے کالعدم بی ایل اے میں قیادت کی تبدیلی کو حکمت عملی کی تبدیلی قرار دیا۔

انھوں نے کہا کہ ’میرے خیال میں یہ بہت بڑی تبدیلی نہیں بلکہ ایک ٹیکٹیکل تبدیلی ہے کیونکہ ایسی جو تنظیمیں ہیں ان کے بنیادی سٹرکچر میں تبدیلی نہیں آتی۔‘

انھوں نے کہا کہ ’دوسری بات یہ ہے کہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے بہت زیادہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔ اگر ان دعوؤں کے مطابق گذشتہ چار پانچ ہفتوں کے آئی بی اوز کو دیکھیں تو وہ بہت زیادہ ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اگر اتنی بڑی تعداد میں آئی بی اوز ہو رہے ہیں اور اگر ان میں نقصانات کے دعوے درست ہیں تو اس کا ایسی تنظیموں پر دباؤ بھی بڑھ سکتا ہے اور ان کی قیادت کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔‘

بلوچستان حکومت کے سابق ترجمان اور تجزیہ کار جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ رحمان گل اپنے پیشرو بشیر زیب سے مختلف ہیں کیونکہ ان کا فوجی پس منظر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’بنیادی طور پر ہمیں یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ جو خطرہ ہے اس میں کوئی کمی نہیں آئی ہے اور پاکستان کے سکیورٹی اداروں کو زیادہ الرٹ رہنا پڑے گا۔‘

سکیورٹی امور کے ماہر اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پیس سٹڈیز کے ڈائریکٹر عامر رانا نے بتایا کہ جو تنظیمیں کسی سوچ اور نظریے کی دعویدار ہوتی ہیں ان میں قیادت کی تبدیلی ہوتی رہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’وہ قیادت کی تبدیلی اس لیے چاہتے ہیں تاکہ کوئی کلٹ نہ بن جائے کیونکہ ایسا ہونے سے تنظیمیں اور جماعتیں مشکلات سے دوچار ہوتی ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’یہ بات بھی ہے کہ عمومی طور پر قیادت کی تبدیلی آسان اور ہموار طریقے سے نہیں ہوتی ہے اور اس حوالے سے اختلافات بھی ہوتے ہیں تاہم اگر اس سلسلے میں کالعدم بی ایل اے میں کوئی اختلافات ہوئے ہیں تو ان کا مجھے علم نہیں ہے۔‘

Balochistan
،تصویر کا کیپشنگذشتہ ایک دہائی میں بی ایل اے کے حملوں میں شدت آئی ہے

چین کے حوالے سے سخت موقف کی وجہ کیا ہے؟

کالعدم بی ایل اے کے کمانڈر بننے سے قبل رحمان گل جب مجید بریگیڈ کے سربراہ بنے تھے تو چینی کارکنوں پر حملوں میں اضافہ ہوا۔

اس حوالے سے بعض ملکی اور غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں یہ تاثر دیا گیا کہ رحمان گل کا موقف چین کے بارے میں زیادہ سخت ہے۔

تاہم سکیورٹی امور کے ماہر اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پیس سٹڈیز کے ڈائریکٹر عامر رانا اس بات سے متفق نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’جتنی بھی تنظیمیں ہیں خواہ وہ کالعدم بی ایل اے ہو یا کالعدم بی ایل ایف، سب چین اور سی پیک کے منصوبوں کے خلاف رہی ہیں اور وہ ان کو نشانہ بناتی رہی ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ایسی تنظیموں کا خیال ہے کہ چین ایک عالمی طاقت ہے اور پاکستان کو اس کی حمایت مل گئی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ تنظیمیں یہ سمجھتی ہیں کہ چین کی حمایت سے پاکستان کی فوج مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں اسی بنیاد پر چین اور اس کے منصوبوں کے حوالے سے ان تنظیموں کا موقف سخت ہے۔‘

امریکہ میں مقیم دانشور اور سینئر تجزیہ کار عبدالحئی کاکڑ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’عمومی طور پر نہ صرف بلوچ عسکریت پسندوں بلکہ سیاسی پارٹیوں کا چین کے بلوچستان میں ترقیاتی پروجیکٹس پر کام کرنے کے بارے میں آج سے نہیں بلکہ گزشتہ تقریباً 25 سال سے موقف بہت سخت رہا ہے۔‘

عبدالحئی کاکڑ نے کہا کہ ’میرے خیال میں رحمان گل بلوچ عسکریت پسندوں کے اس گروہ کی نمائندگی کرتے ہیں جو یہ سمجھتا ہے کہ ریاست کا مقابلہ کرنے کے لیے چین جیسی طاقت کو بے دخل کرنا ضروری ہے۔‘

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں