پنجاب میں سٹیج ڈراموں سے متعلق نیا قانون منظور، اپوزیشن کی تنقید: متنازع بل میں کیا ہے؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پنجاب اسمبلی نے 'دی پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنس' بل کثرت رائے سے منظور کر لیا ہے، جس کے تحت صوبے میں فنکاروں کی رجسٹریشن، سکرپٹ کی پیشگی منظوری، تھیٹرز کے لائسنس اور پرفارمنسز کی نگرانی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
نئے قانون کے تحت اس میں متعین کردہ ضابطوں کی خلاف ورزی پر نہ صرف لاکھوں روپے کے جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے بلکہ چھ ماہ تک کی قید بھی بھگتنی پڑ سکتی ہے۔
نئے قانون کے مسودے کے تحت ایسے ڈراموں یا پرفارمنسز کی اجازت نہیں ہوگی جو ’فحش‘، ’ہتک آمیز‘، ’مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والی‘، ’نفرت کو ہوا دینے والی‘ یا حکومت کے خلاف نفرت پیدا کرنے والی تصور کی جائیں۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے اراکین اور سوشل میڈیا پر متعدد شخصیات نے ’دی پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنس‘ بل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے 'فن اور آرٹ کو مکمل سرکاری کنٹرول' میں رکھنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
صوبائی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ رکن وقاص محمود نے کہا کہ ’اس قانون کے تحت فن اور آرٹ کو مکمل سرکاری کنٹرول میں دے دیا جائے گا، چاہے وہ قوالی ہو یا ڈھول بجانے والا ہو۔ ہر آرٹسٹ سرکاری کنٹرول میں آ جائے گا۔ اس کو پہلے اپنی رجسٹریشن کرانی پڑے گی۔ اس کے بغیر وہ پرفارم نہیں کر سکے گا۔‘
دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات اعظمیٰ بخاری نے بل کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کسی پابندی کا سوچ بھی نہیں سکتی۔
انھوں نے صوبائی اسمبلی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’بل کا مقصد مانیٹرنگ کرنا اور انڈسٹری کو ریگولیٹ کرنا ہے۔‘

اپوزیشن اراکین، دیگر شخصیات اور حکومت کا اس حوالے سے مزید کیا کہنا ہے اس سے قبل یہ جاننا ضروری ہے کہ 'دی پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنس' بل میں لکھا کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
’دی پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنس‘ بل میں کیا درج ہے؟
وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں
ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية
اس نئے قانون کے تحت فنکاروں کی رجسٹریشن، سکرپٹ کی پیشگی منظوری، تھیٹرز کے لائسنس اور پرفارمنسز کی مسلسل نگرانی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں پیش کیے گئے ’پنجاب ڈرامیٹک اینڈ ٹھیٹریکل پرفارمنسز بل‘ کے مطابق صوبے میں کوئی بھی ڈرامہ یا تھیٹر پرفارمنس اس وقت تک منعقد نہیں کی جا سکے گی جب تک اس کے لیے سرکاری لائسنس حاصل نہ کیا جائے اور اس کا سکرپٹ متعلقہ حکام سے منظور نہ ہو۔
اس قانون کے تحت حکومت ایک یا ایک سے زیادہ سکرپٹ ریویو کمیٹیاں قائم کرے گی جو ڈراموں اور تھیٹر پرفارمنسز کے سکرپٹس کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کریں گی۔ کسی بھی پروگرام کے انعقاد سے کم از کم 15 روز قبل سکرپٹ کمیٹی کو بھجوانا لازمی ہوگا۔
قانون میں کہا گیا ہے کہ ایسے ڈراموں یا پرفارمنسز کی اجازت نہیں ہوگی جو ’فحش‘، ’ہتک آمیز‘، ’مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والی‘، ’نفرت کو ہوا دینے والی‘ یا حکومت کے خلاف نفرت یا بیزاری پیدا کرنے والی تصور کی جائیں۔
پنجاب اسمبلی میں منظور کیے گئے بل کے مطابق تھیٹر یا ڈرامے میں حصہ لینے والے تمام فنکاروں، ہدایت کاروں، پروڈیوسرز، کوریوگرافرز اور دیگر متعلقہ افراد کو سرکاری طور پر رجسٹرڈ ہونا ہوگا۔ غیر رجسٹرڈ فنکار کسی پرفارمنس میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
قانون کے تحت ہر پرفارمنس کی ’فل ڈریس ریہرسل‘ بھی سینسر کمیٹی کے سامنے پیش کرنا لازم ہوگا، جو اس بات کا جائزہ لے گی کہ آیا پیشکش منظور شدہ سکرپٹ کے مطابق ہے یا نہیں۔
بل میں یہ شرط بھی شامل کی گئی ہے کہ تھیٹر یا ڈرامے کے منتظمین پورے پروگرام کی ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ رکھیں گے اور کم از کم 30 دن تک اسے حکام کے لیے دستیاب رکھنا ہوگا۔ ساتھ ہی پرفارمنس کی لائیو الیکٹرانک نگرانی کی سہولت بھی پنجاب کونسل آف دی آرٹس کو فراہم کرنا ہوگی۔
قانون کے مطابق اس میں درج ضابطوں کی خلاف ورزی پر تین لاکھ سے پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، جبکہ سنگین خلاف ورزیوں کی صورت میں لائسنس معطل یا منسوخ کیا جا سکے گا۔ بعض جرائم پر چھ ماہ تک قید اور 10 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا بھی تجویز کی گئی ہے۔
بل میں فنکار کی رجسٹریشن فیس 10 ہزار روپے، سکرپٹ جانچنے یا منظوری کی فیس 35 ہزار روپے اور تھیٹر یا پرفارمنس مقام کے لائسنس کی فیس 25 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
نئے قانون پر ہونے والی تنقید اور حکومت کا جواب
پنجاب اسمبلی میں پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز بل 2026 پر بحث کے دوران اپوزیشن ارکان نے اسے فنونِ لطیفہ، ثقافتی سرگرمیوں اور اظہارِ رائے پر قدغن قرار دیا، جبکہ صوبائی وزیرِ اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے بل کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد پابندیاں لگانا نہیں بلکہ تھیٹر کو منظم اور معیاری بنانا ہے۔
اپوزیشن رکن وقاص محمود نے بل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس قانون سے پنجاب میں ثقافت اور آرٹس کو شدید نقصان پہنچے گا۔ ان کے مطابق بل میں نازیبا زبان اور سٹیج ڈراموں میں حکومت کے خلاف نامناسب گفتگو کو اس قانون لانے کی وجوہات میں شامل کیا گیا ہے، لیکن اس کے اثرات بہت دور رس ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ مجوزہ قانون کے تحت فن اور آرٹ کو مکمل طور پر سرکاری کنٹرول میں دے دیا جائے گا۔
’چاہے وہ قوالی ہو، ڈھول بجانے والا ہو یا کوئی اور فنکار، سب کو رجسٹریشن کرانا پڑے گی اور اس کے بغیر وہ پرفارم نہیں کر سکیں گے۔‘
وقاص محمود کے مطابق میک اپ آرٹسٹ، کپڑوں کے ڈیزائنر اور دیگر معاون عملے کو بھی رجسٹریشن اور سالانہ فیس ادا کرنا پڑے گی۔
انھوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’بھانڈ کو بھی شادی میں جانے سے 15 روز پہلے اپنا سکرپٹ جمع کرانا پڑے گا اور یہ بتانا پڑے گا کہ وہ کون سی جگت مارے گا۔‘
انھوں نے سوال اٹھایا کہ کیا محکمہ ثقافت کے پاس اتنے وسائل موجود ہیں کہ وہ ہزاروں سکرپٹس کا جائزہ لے سکے اور پورے صوبے میں ہونے والی ریہرسلز اور عوامی تقریبات کی نگرانی کر سکے۔
وقاص محمود نے مزید کہا کہ فنکار پہلے ہی مالی مشکلات کا شکار ہیں اور ان کے لیے رجسٹریشن، سکرپٹ منظوری اور دیگر فیسیں ادا کرنا آسان نہیں ہوگا۔
ان کے مطابق بل میں لائیو مانیٹرنگ کی بات کی گئی ہے، لیکن عملی طور پر ہزاروں مقامات پر بیک وقت ہونے والی پرفارمنسز کی نگرانی ممکن نہیں۔
انھوں نے عدالتی نگرانی کے فقدان پر بھی اعتراض کیا اور کہا کہ اگر کسی شخص کے خلاف فیصلہ آتا ہے تو اپیل بھی اسی انتظامی نظام میں سنی جائے گی جس نے سزا دی ہو، جبکہ کمیٹیوں میں فنکاروں یا منتخب نمائندوں کے بجائے بیوروکریٹس کو شامل کیا گیا ہے۔
دورانِ بحث اپوزیشن کے ایک اور رکن اعجاز شفیع نے سوال کیا کہ ’کیا آپ کو ڈر ہے کہ کل ہماری حکومت چلی جانی ہے؟‘ اور مطالبہ کیا کہ بل کی منظوری سے قبل مزید عوامی مشاورت کی جائے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
رکن اسمبلی احمد بھٹی نے بل کو اظہارِ رائے کو محدود کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ لاوا ایک دن ایسا پھٹے گا کہ نہ آپ بچ سکیں گے، نہ ہم۔‘
دوسری جانب صوبائی وزیرِ اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے اپوزیشن کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ قانون پر فنکاروں اور متعلقہ شعبوں سے مشاورت کی گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ معروف فنکار سہیل احمد اور وسیم عباس جیسے اداکار تھیٹر چھوڑ چکے ہیں اور واپس نہیں آنا چاہتے کیونکہ موجودہ ماحول معیاری تھیٹر کے لیے سازگار نہیں رہا۔
عظمیٰ بخاری نے فنکاروں کی رجسٹریشن کروانے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔
ان کے بقول مالدار پروڈیوسرز میک اپ آرٹسٹس، کاسٹیوم ورکرز اور دیگر عملے کے حقوق کا خیال نہیں رکھتے جبکہ خواجہ سراؤں کے استحصال کے واقعات بھی سامنے آتے رہتے ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں تھیٹر کے لیے ضابطہ اخلاق، ڈریس کوڈ، سکرپٹ جانچنے کے نظام اور عوامی اخلاقیات سے متعلق قوانین موجود ہیں۔
اسمبلی سے خطاب میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ’تھیٹر اصلاحات کا مقصد کسی قسم کی پابندی عائد کرنا نہیں بلکہ تھیٹر کو منظم، ریگولیٹ اور مانیٹر کرنا ہے۔ اظہارِ رائے کی آزادی اپنی جگہ، لیکن دوسروں کے بنیادی حقوق، عزت اور معاشرتی اقدار کا احترام بھی ضروری ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کسی پابندی کے بارے میں سوچ بھی نہیں رہی بلکہ اس قانون کا مقصد معیاری اور باوقار تفریح کو فروغ دینا ہے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق ’تھیٹر ایسا ہونا چاہیے جہاں خاندان باوقار اور معیاری تفریح سے لطف اندوز ہو سکیں۔ سہیل احمد، وسیم عباس اور امان اللہ کے دور کا فیملی تھیٹر بحال کرنا وقت کی ضرورت ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ اصلاحات کی تیاری کے دوران پروڈیوسرز، اداکاروں اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی اور ان کی تجاویز کو بھی بل کا حصہ بنایا گیا۔
’مقصد تھیٹر کی حوصلہ شکنی نہیں بلکہ معیاری، باوقار اور فیملی انٹرٹینمنٹ کا فروغ ہے۔‘
’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں




















