ایران کے خلاف جنگ ٹرمپ اور نیتن یاہو کے لیے خارجہ پالیسی کی ’بڑی ناکامی‘ کیسے بنی

    • مصنف, جیریمی بوون
    • عہدہ, بی بی سی نیوز
    • مقام, Beirut
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 7 منٹ

یہ جنگ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اب تک کی خارجہ پالیسی کی سب سے بڑی غلطی ثابت ہوئی ہے۔

اس نے امریکہ کے لیے اپنے دشمنوں کو روکنا مزید مشکل بنا دیا ہے۔

اس جنگ نے خلیج کی تیل پیدا کرنے والی عرب بادشاہتوں کے ساتھ امریکہ کے تعلقات کو نقصان پہنچایا ہے، جن کا پورا کاروباری ماڈل مشرقِ وسطیٰ کی بے چینی کے درمیان خود کو استحکام کے جزیرے کے طور پر پیش کرنے پر قائم تھا اور اسے بحال ہونے میں برسوں لگ سکتے ہیں۔

نجی طور پر ان ممالک کے حکام پہلے ہی اپنے اتحادیوں میں تنوع لانے اور ایران کے ساتھ، جو سمندر کے پار ان کا پڑوسی ہے، کسی نہ کسی طرح ساتھ رہنے کے طریقے تلاش کرنے کی بات کر رہے ہیں۔ ادھر چین بھی اس صورتحال کو بغور دیکھ رہا ہوگا، کیونکہ امریکہ نے اپنے قیمتی اسلحہ ذخائر تیزی سے استعمال کیے اور اپنی طاقت کی حدود کو بھی چھو لیا۔

یہ معاہدہ ایک ایسی جنگ کا خاتمہ کرتا ہے جو امریکہ اور اسرائیل کی طرف سے تہران میں اپنے مخالف کی طاقت کو غلط سمجھنے کے نتیجے میں شروع ہوئی تھی۔ اس سے ان تمام لوگوں کے لیے بڑی راحت پیدا ہوگی جن کی زندگیاں اس جنگ سے متاثر ہوئیں، خاص طور پر وہ شہری جو براہِ راست زد میں تھے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق اس معاہدے سے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھل جائے گی، جس سے عالمی معیشت پر پڑنے والا دباؤ کم ہوگا اور دنیا بھر کے کروڑوں لوگوں کو کچھ ریلیف ملے گا جو پہلے ہی معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔

مشرقِ وسطیٰ میں ہزاروں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ گھروں اور کاروباروں کو تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔

آبنائے ہرمز کے ذریعے آنے والی سپلائیز پر انحصار کرنے والی کھاد کی پیداوار متاثر ہونے سے یہ خدشہ ہے کہ سال کے آخر میں غریب ممالک میں خوراک کی کمی پیدا ہو سکتی ہے، خاص طور پر صحارا کے جنوب میں واقع افریقی ممالک زیادہ خطرے میں ہیں۔

یہ معاہدہ مکمل امن کا معاہدہ نہیں ہے۔ اس کی مکمل تفصیلات، جن کے بارے میں مذاکرات کاروں کا کہنا ہے کہ وہ 14 نکات پر مشتمل دو صفحات ہیں، ابھی تک منظرِ عام پر نہیں آئی ہیں۔ تاہم، آبنائے کو کھولنے کے ساتھ ساتھ، یہ یادداشتِ مفاہمت جنگ بندی میں توسیع کرتی ہے اور امریکی بحریہ کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی بھی ختم کرتی ہے۔

اس میں پیچیدہ ترین مسائل کو مستقبل کے مذاکرات کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے۔ اس ایجنڈے میں ایران کے جوہری پروگرام کا مستقبل اور اس کے بدلے میں اسے دی جانے والی پابندیوں میں نرمی کی سطح شامل ہوگی۔

آخرکار اس جنگ میں ایک لکیر کھینچی دی گئی ہے جو امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری کو شروع کی تھی۔

اب گھڑی کو 27 فروری کی طرف واپس لے چلتے ہیں، جب امریکی اور اسرائیلی افواج حملے کی تیاری کر رہی تھیں، اپنے طیاروں کو مسلح کر رہی تھیں، عملے کو بریفنگ دے رہی تھیں اور اپنے میزائلوں کے اہداف پروگرام کر رہی تھیں۔

جنیوا میں، ایران اور امریکہ ان مذاکرات میں مصروف تھے جنھیں دنیا کے سامنے ایران کے جوہری منصوبوں کو کنٹرول کرنے کے لیے نہایت اہم قرار دیا گیا تھا۔ متعدد ذرائع نے مجھے اور دیگر لوگوں کو بتایا ہے کہ ایرانی مذاکرات کار یہ سمجھ رہے تھے کہ وہ ایک سنجیدہ عمل میں شامل ہیں اور انھوں نے اپنی شرائط کے ساتھ ساتھ رعایتیں بھی پیش کی تھیں۔

خلیج کے دہانے پر واقع آبنائے ہُرمز کھلی ہوئی تھی، جس سے دنیا کی تقریباً 20 فیصد تیل اور قدرتی گیس کی ضروریات گزرتی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ پیٹرو کیمیکل صنعت کی وہ مصنوعات بھی، جو جدید زندگی کا لازمی حصہ بن چکی ہیں، جن میں زرعی کھادیں اور سیمی کنڈکٹرز شامل ہیں۔

مفاہمتی یادداشت (میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ) جوہری مذاکرات کاروں کے دوبارہ اجلاس اور جہازوں کی آبنائے سے گزرنے کی راہ ہموار کرتی ہے۔ بالکل یہی صورتحال اس سے 24 گھنٹے پہلے تھی جب امریکہ اور اسرائیل نے جنگ شروع کی تھی۔

ایک سلسلہ وار تباہ کن اچانک حملوں کے پہلے مرحلے میں، اسرائیل نے ایران کے رہبر اعلی آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے قریبی مشیروں کو ہلاک کر دیا۔

تقریباً اسی وقت، ایک امریکی حملے نے جنوبی ایران کے شہر میناب میں ایک اسکول کو تباہ کر دیا، جس کی متعدد تحقیقات نے تصدیق کی ہے۔ اس حملے میں 150 سے زائد شہری ہلاک ہوئے، جن میں کم از کم 120 سکول کے بچے شامل تھے، زیادہ تر 12 سال سے کم عمر کی لڑکیاں تھیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو دونوں نے ویڈیو پیغامات کے ذریعے جنگ کے آغاز کا اعلان کیا، جس کے بارے میں ان کا خیال تھا کہ یہ مختصر، شدید اور فتح مند ہوگی۔ یہ ایک حیران کن غلط اندازہ ثابت ہوا۔

ان کی تقاریر میں پیش گوئی کی گئی تھی کہ تہران میں حکومت گر جائے گی، لیکن اس کے برعکس حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہو گئی۔

اس کا سب سے بڑا خوف یہ تھا کہ امریکہ اور اسرائیل اس کی حکومت کو مکمل طور پر ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔ ایسا ہوا، مگر ناکام رہا۔ تہران کے وہ سخت گیر لوگ جو بچ گئے، اب پہلے سے زیادہ حوصلہ مند ہو کر سامنے آئے ہیں۔

خامنہ ای اور ان کے مشیروں کو بہت جلد بدل دیا گیا۔ ان کے بیٹے مجتبیٰ کو نیا رہبر اعلیٰ بنایا گیا اور ایک نئی نوجوان قیادت سامنے آئی، جس میں زیادہ تر اسلامی انقلابی گارڈز کے سینیئر رہنما شامل تھے۔ وہ پرانی قیادت کی طرح نظریاتی ہیں، لیکن زیادہ محتاط نہیں ہیں اور خطرہ مول لینے کے لیے تیار ہیں، کیونکہ وہ اس کو ایران کی اسلامی حکومت کی بقا کی جنگ سمجھتے تھے۔

انھوں نے ایک منصوبہ بندی کے تحت آبنائے ہرمز کو بند کرنے، ایران کے عرب پڑوسی ممالک، امریکی فوج اور اڈوں، اور خود اسرائیل پر حملے کرنے کی حکمت عملی کو آخری حد تک استعمال کیا۔

امریکی وزیر دفاع پیٹر ہیگستھ کی یہ بات کہ امریکی طاقت نے ایران کی فوج کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے، بڑھا چڑھا کر بیان کی گئی اور درست ثابت نہ ہوئی۔

اس جنگ میں اسرائیل امریکہ کا مکمل شریک تھا، لیکن اسے اس معاہدے پر ہونے والی بات چیت میں شامل نہیں کیا گیا، جس پر وہ سخت ناپسندیدگی کا اظہار کر رہا ہے۔

نیتن یاہو نے 28 فروری کو کہا تھا کہ وہ اپنی پوری سیاسی زندگی میں اس لمحے کا انتظار کرتے رہے ہیں کہ ایران کو ختم کریں، جسے وہ اسرائیل کا سب سے بڑا دشمن سمجھتے ہیں۔ اب ان پر سیاسی مخالفین کی طرف سے تنقید ہو رہی ہے کہ انھوں نے اسرائیل کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا۔

نیٹنی یاہو کو آئندہ تیزی سے قریب آتے عام انتخابات تک، جو اکتوبر کے آخر سے پہلے متوقع ہیں، الزامات اور نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ممکنہ رکاوٹ یہ ہے کہ اسرائیل نے لبنان کے جنوب میں ایک بڑے علاقے پر قبضہ جاری رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے، جہاں سے اس نے شہریوں کو نکال دیا ہے اور ہزاروں عمارتیں تباہ کر دی ہیں۔

اسرائیل کے وزیرِ دفاع نے کہا کہ وہ لبنان، شام اور غزہ میں اپنی قبضہ شدہ زمین پر ’غیر معینہ مدت تک‘ موجود رہیں گے۔

نتن یاہو اپنی کابینہ میں موجود سخت گیر عناصر اور سیاسی مخالفین کے دباؤ میں ہیں کہ وہ لبنان میں مزید جارحانہ کارروائی کریں۔

کچھ لوگ ملک کے جنوبی حصے کو ضم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انھیں یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا وہ ٹرمپ کی مخالفت کر کے، جو امریکہ میں مختلف انٹرویوز میں اپنی ناراضی ظاہر کر چکے ہیں، امریکہ کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات کو مزید نقصان پہنچانے کا خطرہ مول لے سکتے ہیں۔

اتوار کو بیروت کے جنوبی مضافات پر اسرائیلی فضائی حملہ ایک واضح کوشش تھی کہ حساس وقت پر جاری مذاکرات کو سبوتاژ کیا جائے۔ لیکن اس کے برعکس لگتا ہے کہ اس نے مذاکرات کو تیز کر دیا کیونکہ بات چیت کے لیے وقت ختم ہوتا دکھائی دے رہا تھا۔

اب کچھ دیر کے لیے سانس لینے اور ٹھہرنے کا موقع ہے۔

یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا کہ آیا مفاہمت کی اس یادداشت کو امریکہ اور ایران کے درمیان کسی بڑے معاہدے میں بدلا جا سکتا ہے۔ ایسا معاہدہ مشرقِ وسطیٰ کو بدل سکتا ہے مگر نظریاتی اختلافات اور مکمل عدم اعتماد اسے ایک دور کا خواب بنا دیتے ہیں۔

یہ سب کے لیے ایک افسوسناک معاملہ رہا ہے۔ ایرانی عوام، جن سے ٹرمپ نے 28 فروری کو آزادی کا وعدہ کیا تھا، اب بھی ایک سخت گیر حکومت کے زیرِ اثر ہیں، جس نے جنوری میں سڑکوں پر احتجاج کرنے پر اپنے ہزاروں شہریوں کو قتل کر دیا تھا۔

امریکہ اب بھی زبردست معاشی اور فوجی طاقت رکھتا ہے۔ لیکن ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کا ٹرمپ کا اچانک فیصلہ ایسا لگتا ہے جیسے ایک بڑی طاقت بدلتی ہوئی دنیا میں اپنی بالادستی برقرار رکھنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہو۔