’خالد بن سلمان تہران میں سعودی وفد کی سربراہی کریں گے، مسعود پزشکیان اور محسن رضائی سے بھی ملاقات ہو گی‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سعودی عرب کے نائب وزیر برائے پبلک ڈپلومیسی ڈاکٹر راید کریملی نے کہا ہے کہ وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان آج تہران میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل ممالک (پاکستان، ترکی اور سعودی عرب) اور ایرانی رہنماؤں کے درمیان ہونے والے اجلاسوں کے دوران سعودی وفد کی قیادت کریں گے۔
ڈاکٹر راید کے مطابق اِن ملاقاتوں میں پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ترکی کی قومی انٹیلیجنس ایجنسی کے سربراہ ابراہیم کالن بھی شریک ہوں گے۔ یاد رہے کہ ایرانی حکام بھی تہران میں ہونے والے اِن ملاقاتوں کی تصدیق کر چکے ہیں۔
ایکس پر اپنے بیان میں ڈاکٹر راید کا کہنا تھا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل ممالک کے نمائندے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی سے بھی ملاقات کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ تہران کا یہ دورہ جاری بحران اور گشیدگی میں شامل فریقوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے، مذاکرات کو فروغ دینے اور سفارتی حل کی حمایت کے لیے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے رُکن ممالک کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے، اور یہ اقدامات قطر اور پاکستان کی جانب سے جاری ثالثی کی کوششوں کی تائید میں کیے جا رہے ہیں۔
انھوں نے اس دورے کو خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے ممالک کے اہم کردار کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفود خطے کے تمام ممالک کے ساتھ مل کر علاقائی سلامتی کو مضبوط بنانے اور پائیدار استحکام کے حصول کے لیے تعاون پر بھی زور دیں گے۔




