کراچی عمارت حادثہ: وزیراعلیٰ سندھ نے تحقیقات اور گرفتاریوں کا حکم دے دیا, ریاض سہیل، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

،تصویر کا ذریعہ1122
کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلیٰ حکام اور متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
یاد رہے کہ کراچی میں بدھ کے روز پی ای سی ایچ ایس بلاک فور میں منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے کے نیچے سے تین لاشیں اور 14 زخمی افراد کو نکاللا گیا تھا جبکہ ملبے تلے دبے مزید ممکنہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری رہا۔
اس حوالے سے ریسکیو 1122 سندھ کے ترجمان حسان الحسیب نے بی بی سی اردو کو واقعے میں تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عمارت کے ملبے کے نیچے سے نکالے گئے 14 افراد کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔
جمعرات کے روز وزیراعلیٰ نے سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد، ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللہ عباسی اور ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو عہدوں سے ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے 16 متعلقہ افسران کو بھی معطل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں عمارت کے مالک سلمان طاہر اور بلڈر ذیشان کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ عمارت کے آرکیٹیکٹ اور انجینیئر کو بھی تحقیقات میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وہ ایسے کسی واقعے کو برداشت نہیں کریں گے جس میں انسانی جانوں کا ضیاع ہو یا لوگوں کی زندگیاں خطرے میں پڑیں۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ نے رات گئے جائے حادثہ کا دورہ کیا تھا، جہاں انھوں نے آس پاس موجود مبینہ غیرقانونی عمارتوں پر برہمی کا اظہار کیا۔ بریفنگ کے دوران ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کئی عمارتوں کے مالکان عدالتوں سے حکمِ امتناع حاصل کر لیتے ہیں، جس پر وزیراعلیٰ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب واقعے کا مقدمہ ٹیپو سلطان تھانے میں سرکاری مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمے میں قتل، غفلت اور لاپرواہی سمیت مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمے میں 10 افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں سے چار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ادھر ریسکیو 1122 کے ترجمان حسان الحسیب نے بی بی سی کو بتایا کہ اب تک 17 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور خدشہ ہے کہ وہ عمارت میں کام کے دوران ملبے تلے دب گئے ہوں۔
ان کے مطابق امدادی اہلکار اب تک ملبے سے تین افراد کی لاشیں اور 14 زخمیوں کو نکال چکے ہیں، جن میں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کی غیر مستحکم ساخت کے باعث امدادی کارروائیاں انتہائی احتیاط کے ساتھ جاری ہیں۔ ملبے تک بہتر رسائی حاصل کرنے کے لیے ایک پڑوسی کی رضامندی سے اس کے گھر کی دیوار گرا کر راستہ بنانے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل تیز کیا جا سکے۔

















