امریکہ کی ایران کے ’شیڈو بینکنگ نیٹ ورک‘ پر نئی پابندیاں، درجنوں افراد اور ادارے شامل
ٹرمپ انتظامیہ نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں جن کے تحت درجنوں افراد اور اداروں کو نشانہ بنایا گیا ہے جنھیں امریکہ نے ایران کے مبینہ ’شیڈو بینکنگ سسٹم‘ سے وابستہ قرار دیا ہے۔ یہ بات امریکی محکمہ خزانہ کی ویب سائٹ پر پیر کو جاری ہونے والے ایک نوٹس میں کہی گئی ہے۔
بیان کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے ایران، متحدہ عرب امارات، ترکی اور ہانگ کانگ میں موجود ایران سے منسلک آٹھ افراد اور 22 اداروں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ فنانشل کرائمز انفورسمنٹ نیٹ ورک (فِن سین) نے جنوری 2025 سے اگست 2026 کے درمیان تقریباً 14.7 ارب ڈالر مالیت کی ایسی مالی سرگرمیوں کی نشاندہی کی ہے جن کا تعلق ممکنہ طور پر ایران کے ’شیڈو بینکنگ‘ نظام سے ہے۔
آج کے بیان کے مطابق ’ایرانی کرنسی اینڈ گولڈ ایکسچینج سینٹر‘ کو بھی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے، جو تقریباً تین سال قبل مرکزی بینک کی اجازت سے قائم کیا گیا تھا۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق، ’اگرچہ ایران کا 'شیڈو بینکنگ سسٹم‘ ملک کی بین الاقوامی تجارت سے حاصل ہونے والی رقوم کی منتقلی کا ذمہ دار ہے، تاہم ایران ایکسچینج سینٹر ایک ثالث اور سہولت کار کا کردار ادا کرتا ہے جو ان مالی وسائل کو ایران کے اندر ان کی آخری منزل تک پہنچانے میں مدد دیتا ہے۔
حالیہ مہینوں میں مزید سخت کی جانے والی امریکی اقتصادی پابندیاں ایران کے خلاف جاری ’اقتصادی تنہائی‘ مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد دنیا بھر میں ایران کے مالی مفادات اور مالیاتی نیٹ ورکس کو نشانہ بنانا ہے۔













