’ہم بھی گیند سے چھیڑ چھاڑ کرتے تھے‘: شعیب اختر کا انٹرویو اور پاکستانی بولرز پر بال ٹیمپرنگ کے الزامات پھر زیرِ بحث

    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, صحافی
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 10 منٹ

آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کی کتاب ’صبر‘ آٹھ سال پرانے سینڈ پیپر سکینڈل کو جس انداز میں دوبارہ سامنے لائی ہے، اس سے آسٹریلوی کرکٹ کی ساکھ کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔

اس معاملے کو صرف پرانے تنازعے کو دوبارہ چھیڑنے کی کوشش قرار نہیں دیا جا سکتا۔

تاہم حیرت کی بات یہ ہے کہ وہ کھلاڑی بھی اس پر اظہارِ خیال کر رہے ہیں جن کا سینڈ پیپر سکینڈل سے براہِ راست کوئی تعلق نہیں تھا۔

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر تو اس معاملے میں دو قدم آگے نکل گئے ہیں۔

شعیب اختر کا حال ہی میں ’وزڈن سکوپ‘ کو دیا گیا انٹرویو کرکٹ حلقوں میں گفتگو کا موضوع بنا ہوا ہے۔

اس میں انھوں نے کہا کہ پاکستانی بولرز بھی اپنے دور میں گیند سے چھیڑ چھاڑ یعنی ’بال ٹیمپرنگ‘ کیا کرتے تھے۔

شعیب اختر نے کیا کہا؟

بال ٹیمپرنگ کے پورے معاملے پر تفصیل سے بات کرنے سے پہلے یہ جان لیتے ہیں کہ شعیب اختر نے اپنے انٹرویو میں کیا کہا۔

شعیب اختر نے کہا: ’میری اپنی ٹیم کے کھلاڑی بھی بال ٹیمپرنگ میں ملوث رہے ہیں اور اس کے لیے وہ بوتلوں کے ڈھکن استعمال کرتے تھے۔ وہ سینڈ پیپر استعمال نہیں کرتے تھے۔ ہم گیندیں تبدیل کرتے تھے اور اس طرح کے کئی کام کرتے تھے۔‘

شعیب اختر کا کہنا ہے: ’آسٹریلیا نے جو کیا وہ غلط تھا، لیکن بین الاقوامی کرکٹ میں بال ٹیمپرنگ کا یہ واحد واقعہ نہیں تھا۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’میرے پاس اپنے سابق ساتھی کھلاڑیوں کے بارے میں کہنے کے لیے بہت کچھ ہے، لیکن میں ایسا نہیں کروں گا۔ میں انھیں مشکل میں نہیں ڈال سکتا۔ ایک دور ایسا بھی تھا جب مجھے لگتا تھا کہ میں 22 کھلاڑیوں کے خلاف کھیل رہا ہوں، کیونکہ جن کھلاڑیوں کے خلاف میں کھیلتا تھا ان میں سے تقریباً ہر کوئی میچ فکسنگ کے الزامات کی زد میں ہوتا تھا۔‘

شعیب نے کہا کہ اسی وجہ سے انھیں سمجھ نہیں آتا تھا کہ وہ کس پر بھروسہ کریں۔

پرانی شراب، نئی بوتل

اگر شعیب اختر کے اس انٹرویو کو غور سے دیکھا جائے تو اردو کا ایک معروف محاورہ یاد آتا ہے: 'پرانی شراب نئی بوتل میں۔‘

ان کی باتوں سے واضح ہوتا ہے کہ انھوں نے کوئی نئی بات نہیں کہی اور نہ ہی ایسا کوئی انکشاف کیا ہے جس سے لوگ حیران رہ جائیں۔

ان کی کہی ہوئی باتیں پہلے ہی دنیا کے علم میں ہیں۔

اس لیے شعیب اختر کے حالیہ انٹرویو کے بارے میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ سینڈ پیپر سکینڈل دوبارہ خبروں میں آنے کے بعد وہ اس سے جڑی خبروں میں رہنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لیے پرانی باتیں دہرا رہے ہیں۔

یہ بات سب جانتے ہیں کہ شعیب اختر کا کرکٹ کیریئر کئی تنازعات سے گھرا رہا ہے۔

شاید اسی لیے انھوں نے اپنی کتاب کا نام بھی ’Controversially Yours‘ رکھا تھا۔ اب وہ کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں، لیکن آج بھی خبروں میں رہنے کا ہنر جانتے ہیں۔

زیادہ تر وہ سرکاری ٹی وی چینلز کے پروگراموں میں نظر آتے ہیں اور ان دنوں حیران کن انداز میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی تعریف بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

بال ٹیمپرنگ کی بات کریں تو صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ انڈیا، سری لنکا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے کئی معروف کرکٹر بھی اس معاملے میں پابندیوں اور جرمانوں کا سامنا کر چکے ہیں۔

کچھ کھلاڑی سزا سے بچ گئے جبکہ چند کو وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا۔ شعیب اختر خود اپنے کیریئر میں دو مرتبہ بال ٹیمپرنگ کرتے پکڑے گئے تھے۔

پہلی بار 2002 میں زمبابوے کے خلاف ہرارے ٹیسٹ میں آئی سی سی میچ ریفری کلائیو لائیڈ نے گیند سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر انھیں سخت وارننگ دی تھی۔ تاہم انھیں کوئی سزا نہیں دی گئی تھی۔

دوسری بار وہ سزا سے نہیں بچ سکے۔ سنہ 2003 میں سری لنکا میں آئی سی سی میچ ریفری گنڈپا وشواناتھ نے بال ٹیمپرنگ پر انھیں دو ایک روزہ میچوں کی پابندی اور میچ فیس کا 75 فیصد جرمانہ کیا تھا۔

بال ٹیمپرنگ یا ریورس سوئنگ؟

بال ٹیمپرنگ کے معاملے میں پاکستانی فاسٹ بولرز دوسروں کے مقابلے میں کچھ زیادہ ہی سرخیوں میں رہے ہیں۔

پاکستانی فاسٹ بولرز ہمیشہ کہتے آئے ہیں کہ انھوں نے گیند سے چھیڑ چھاڑ کیے بغیر ریورس سوئنگ کے ذریعے حریف بلے بازوں پر اپنی برتری قائم کی۔

وہ اسے ایک فن سمجھتے ہیں جسے ان کے مطابق دوسرے ممالک کے بولرز بہت دیر سے سمجھ پائے۔ بین الاقوامی کرکٹ میں ریورس سوئنگ کا استاد سرفراز نواز کو سمجھا جاتا ہے۔

ان سے یہ ہنر عمران خان اور پھر وسیم اکرم اور وقار یونس تک پہنچا۔ سرفراز نواز نے عمران خان کو یہ فن آسانی سے نہیں سکھایا تھا۔

پیٹر اوبورن کی کتاب ’Wounded Tiger‘ میں لکھا ہے کہ 1976-77 میں ویسٹ انڈیز کے دورے کے دوران عمران خان نے سرفراز نواز سے کہا تھا: ’تمہاری گیند ہوا میں مڑتی ہے لیکن میری نہیں۔‘

سرفراز نواز نے ابتدا میں ٹیسٹ میچ کے دوران ریورس سوئنگ کا طریقہ عمران خان سے پوشیدہ رکھا، لیکن بعد میں وعدے کے مطابق نیٹ پریکٹس میں انھیں یہ ہنر سکھا دیا۔

1989 میں جب وسیم اکرم نے لنکا شائر کی طرف سے یارکشائر کے خلاف کاؤنٹی میچ میں ریورس سوئنگ کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 10 وکٹیں حاصل کیں تو اس بولنگ نے عظیم فاسٹ بولر فریڈ ٹرومین کو بھی حیران کر دیا تھا۔

1991 میں نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر کرس پرنگل نے پاکستان کے دورے کے دوران بوتل کے ڈھکن کی مدد سے گیند سے چھیڑ چھاڑ کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

وہ اس سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں 11 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے تھے۔

1992 میں جب پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے دورے پر تھی تو وسیم اکرم اور وقار یونس کی تیز سوئنگ بولنگ کا جادو سر چڑھ کر بول رہا تھا۔ تاہم اس دورے پر پاکستانی بولرز پر بال ٹیمپرنگ کے الزامات بھی لگے۔

انگلینڈ کے کھلاڑیوں اور میڈیا نے الزام لگایا تھا کہ پاکستانی بولرز گیند سے چھیڑ چھاڑ کر رہے ہیں۔

وسیم اکرم نے اپنی کتاب ’Wasim‘ میں لکھا ہے کہ اس معاملے میں ایلن لیمب سب سے آگے تھے۔

انھوں نے ایک ٹیبلوئڈ میں پاکستانی بولرز پر بال ٹیمپرنگ کا الزام لگایا تھا۔

اسی طرح ایان بوتھم بھی پریس باکس سے فون کر کے میڈیا میں ان الزامات کو ہوا دے رہے تھے۔

وسیم اکرم نے اپنی کتاب میں یہ بھی لکھا ہے کہ ان کے پاس وہ گیند آج بھی موجود ہے جس سے انھوں نے 1993 میں یارکشائر کے خلاف اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 12 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اس میچ میں امپائر ہر اوور کے بعد گیند کا معائنہ کرتے تھے، لیکن انھیں ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے ثابت ہو کہ گیند سے چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی۔

وسیم اکرم کے مطابق ریورس سوئنگ ایک ایسا فن تھا جسے اس وقت انگلینڈ کے بولرز سمجھ نہیں پائے تھے۔

پاکستان کے خاص خشک موسم اور پچز پر روایتی سوئنگ جلد غیر مؤثر ہو جاتی تھی۔ اسی لیے گیند کے ایک حصے کو ہموار اور دوسرے حصے کو کھردرا رکھا جاتا تھا تاکہ گیند دیر سے سوئنگ کرے۔

بال ٹیمپرنگ کب شروع ہوئی؟

بال ٹیمپرنگ کا آغاز کب ہوا، اس بارے میں یقینی طور پر کچھ کہنا مشکل ہے۔

تاہم آسٹریلیا کے معروف آل راؤنڈر کیتھ ملر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انھوں نے 1953 کی ایشیز سیریز میں گیند کی سلائی ابھار کر بولنگ کی تھی اور اس کا الزام گیندوں کے ناقص معیار پر ڈال دیا تھا۔

یہ بھی کہا جاتا ہے کہ کیتھ ملر نے گیند پر ہیئر آئل استعمال کیا تھا۔

1976-77 میں انڈیا کے دورے پر انگلینڈ کے فاسٹ بولر جان لیور نے گیند پر ویسلین استعمال کی تھی۔

عمران خان نے 1990 کی دہائی میں انکشاف کیا تھا کہ انھوں نے 1981 میں سسیکس اور ہیمپشائر کے درمیان ایک کاؤنٹی میچ میں گیند کو کھردرا کرنے کے لیے بوتل کا ڈھکن استعمال کیا تھا۔

وسیم اکرم نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ عمران خان کے بوتل کے ڈھکن والے بیان کے باعث انگلینڈ کے اس دورے پر انھیں اور وقار یونس کو شک کی نگاہ سے دیکھا جا رہا تھا۔

عمران خان نے ایان بوتھم اور ایلن لیمب کے بارے میں بھی ایک بیان دیا تھا، جس کے بعد معاملہ عدالت تک پہنچ گیا تھا۔

عمران خان نے لندن کی عدالت میں لیمب اور بوتھم کے خلاف مقدمہ جیت لیا تھا۔

پاکستان کے وقار یونس دنیا کے پہلے بولر تھے جنھیں بال ٹیمپرنگ کے معاملے میں پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یہ واقعہ 2000 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کولمبو میں پیش آیا تھا۔

آئی سی سی میچ ریفری جان ریڈ نے ان پر ایک ایک روزہ میچ کی پابندی اور میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا تھا، جبکہ اظہر محمود پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ کیا گیا تھا۔

پاکستان کے شاہد آفریدی نے بال ٹیمپرنگ کا ایک منفرد طریقہ اپنایا تھا۔ انھوں نے سب کے سامنے گیند کو دانتوں سے کاٹا تھا۔ اس پر انھیں دو ٹی 20 بین الاقوامی میچوں کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

انڈیا کے سچن ٹنڈولکر اور راہول ڈریوڈ کے نام بھی بال ٹیمپرنگ سے متعلق معاملات میں سامنے آ چکے ہیں۔

برسبین میں وی بی سیریز کے ایک میچ کے دوران راہول ڈریوڈ نے کھانسی کی گولی (لوزنج) سے نکلنے والے لعاب کو گیند کے چمکدار حصے پر لگایا تھا۔

اگرچہ انڈیا نے اسے غیر ارادی غلطی قرار دیا تھا، لیکن میچ ریفری کلائیو لائیڈ نے ان پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا تھا۔

سچن ٹنڈولکر کے معاملے میں بھی خاصا تنازع پیدا ہوا تھا۔

میچ ریفری مائیک ڈینس نے ویڈیو فوٹیج دیکھنے کے بعد سچن کو قصوروار قرار دیا تھا۔ فوٹیج میں انھیں گیند کی سلائی پر ناخن پھیرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

سچن پر میچ فیس کا 75 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تھا اور ایک ٹیسٹ میچ کی پابندی بھی لگائی گئی تھی۔ تاہم اس پابندی کو سال کے اختتام تک معطل رکھا گیا تھا۔

سچن کا کہنا تھا کہ وہ صرف گیند سے مٹی صاف کر رہے تھے۔

اس فیصلے کے بعد انڈیا میں شدید ناراضی پھیل گئی اور انڈین کرکٹ بورڈ نے معاملہ مزید آگے لے جانے کی دھمکی دی۔

بعد ازاں آئی سی سی نے واضح کیا کہ سچن ٹنڈولکر بال ٹیمپرنگ کے مرتکب نہیں تھے۔

تاہم امپائروں کو بتائے بغیر گیند صاف کرنا بھی قوانین کی خلاف ورزی تھا، اگرچہ یہ نسبتاً کم سنگین معاملہ تھا۔

جنوبی افریقہ کے فاف ڈو پلیسی پہلی بار اپنی ٹراؤزر کی زپ سے گیند رگڑنے اور دوسری بار منٹ کے استعمال سے تھوک کے ذریعے گیند چمکانے کے معاملے میں پکڑے گئے تھے۔ تاہم دونوں مرتبہ وہ جرمانہ ادا کر کے بچ گئے۔

انگلینڈ کے سابق کپتان مائیک ایتھرٹن اپنی پتلون کی جیب میں چھپائی گئی مٹی سے گیند رگڑتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔

اس پر انھیں دو ہزار پاؤنڈ جرمانہ کیا گیا تھا۔ اس فہرست میں سری لنکا کے دنیش چندی مل اور داسن شناکا، ویسٹ انڈیز کے نکولس پورن، انگلینڈ کے مارکس ٹریسکوتھک اور جنوبی افریقہ کے ورنن فیلینڈر کے نام بھی شامل ہیں۔

بال ٹیمپرنگ اور اوول ٹیسٹ

2006 میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا اوول ٹیسٹ بال ٹیمپرنگ کی تاریخ کے حساس ترین اور متنازع میچوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

اس میچ میں آسٹریلوی امپائر ڈیرل ہیئر نے پاکستانی ٹیم پر بال ٹیمپرنگ کا الزام لگایا تھا۔ اس کے بعد کپتان انضمام الحق کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے ٹیسٹ میچ جاری رکھنے سے انکار کر دیا تھا۔

نتیجتاً ڈیرل ہیئر نے میچ فورفیٹ قرار دے کر انگلینڈ کو فاتح قرار دیا تھا۔

اس معاملے میں آئی سی سی نے میچ ریفری رنجن مدوگلے کی سربراہی میں باقاعدہ سماعت شروع کی تھی۔

انضمام الحق کو بال ٹیمپرنگ کے الزام سے بری کر دیا گیا تھا، تاہم کھیل کی روح متاثر کرنے پر ان پر چار ایک روزہ میچوں کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

اس پورے معاملے میں ڈیرل ہیئر کے کردار پر بھی سوالات اٹھے تھے اور آئی سی سی نے انھیں امپائرنگ پینل سے خارج کر دیا تھا۔

سر رچرڈ ہیڈلی کیا کہتے ہیں؟

نیوزی لینڈ کے سابق آل راؤنڈر سر رچرڈ ہیڈلی بال ٹیمپرنگ کو جائز قرار دینے کے حامی رہے ہیں۔

فروری 1995 میں ایک اخباری کالم میں انھوں نے کہا تھا کہ بال ٹیمپرنگ کو جائز قرار دے دینا چاہیے۔

ان کے مطابق بال ٹیمپرنگ میں مصنوعی اشیا کے استعمال پر پابندی ہونی چاہیے، جیسے بوتلوں کے ڈھکن، چاقو، قینچی اور سن سکرین کریم۔ تاہم ناخن سے گیند کو کھُرچنے میں کوئی قباحت نہیں ہونی چاہیے۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔