ساڑھے تین ہزار کلومیٹر لمبی متنازع سرحد: انڈیا اور چین یہ تنازع حل کیوں نہیں کر پا رہے؟

    • مصنف, شکیل اختر، عالیہ نازکی، عارف شمیم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 10 منٹ

ایشیا کی دو بڑی فوجی اور اقتصادی طاقتوں انڈیا اور چین طاقتیں کے درمیان 3488 کلومیٹر لمبی سرحد ہے۔ یہ سرحدیں شمال مشرق میں ارونا چل پردیش سے شروع ہو کر شمال میں اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش سے ہوتے ہوئے مغرب میں لداخ تک پھیلی ہوئی ہیں۔

یہ طویل سرحد دونوں ملکوں کے درمیان سب سے طویل تنازع بھی ہے۔ اس کی حد بندی واضح نہیں جس پر دونوں ملکوں کا اختلاف ہے۔

اِس سرحد کو لائن آف ایکچوئل کنٹرول، یعنی ایل اے سی کہا جاتا ہے۔ اس تنازع پر دونوں ملکوں کے درمیان ماضی میں دو جنگیں بھی ہو چکی ہیں جبکہ کئی مرتبہ چھوٹے بڑے ٹکراؤ ہوئے ہیں۔

سرحدی تنازعات کو حل کرنے کے لیے 1993 سے مذاکرات ہو تے رہے ہیں لیکن دونوں ممالک اسے حل کرنے میں ناکام رہے۔ اب یہ تنازع گمبھیر شکل اختیار کر رہا ہے۔ چین اب اپنے سرحدی دعوے پر زور دینے لگا ہے اور سرحدوں پر فوجی سرگرمیاں بہت بڑھ گئی ہیں۔

انڈیا اور چین کی مختلف سرحدی لکیریں

انڈیا اور چین کے درمیان سرحدی تنازع کے حل کی راہ میں کئی بڑی رکاوٹیں ہیں۔ دونوں ملکوں کے متضاد علاقائی دعوے، ایک دوسرے پر گہرا عدم اعتماد اور دونوں ملکوں میں پائی جانے والی شدید قوم پرستی کے ساتھ سرحدی حدود کا غیر واضح ہونا مسئلے کو مزید پیچیدہ بنا دیتا ہے۔

دونوں ممالک اپنے زیرِ کنٹرول علاقوں کو قومی سلامتی کے لیے انتہائی اہم سمجھتے ہیں۔ چین کے لیے اکسائی چن اِس لیے اہم ہے کیوں کہ اِسی علاقے سے گزرنے والی شاہراہ تبت اور سنکیانگ کے درمیان اُس کا واحد زمینی راستہ ہے۔ لیکن انڈیا اکسائی چِن کو لداخ کا حصہ تصور کرتا ہے۔

دلی کے انسٹیٹیوٹ آف چائنیز سٹزیز کی سکالر اور چینی امور کی ماہر ڈاکٹر الکا آچاریہ بتاتی ہیں کہ چین اور انڈیا کے درمیان سرحد کے تین سیکٹر ہیں۔ ایک مشرقی سیکٹر ہے جہاں ارونا چل پردیش کا تنازع ہے۔ سینٹرل سیکٹر میں اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش آتے ہیں، یہاں دونوں ملکوں کے درمیان سرحد کے بارے میں ایک عمومی مفاہمت پائی جاتی ہے۔ مغربی سیکٹر میں لداخ کا خطہ ہے جہاں سرحد کے بارے میں دونوں کے الگ الگ دعوے ہیں۔

ان کے مطابق مشرقی اور مغربی سیکٹر میں دونوں ملکوں کے درمیان اس بات پر تنازع ہے کہ اصل سرحدی لائن کہاں سے جاتی ہے۔ ’انڈیا کی ایک لائن ہے اسی طرح چین کی ایک لائن ہے اور ان لائنوں کے درمیان کہیں کہیں 20 سے 30 کلومیٹر تک کا فرق ہے۔ اس لیے یہ معاملہ ابھی تک الجھا رہا ہے۔‘

بیجنگ انڈیا کی شمال مشرقی ریاست ارونا چل پردیش کو جنوبی تبت کا حصہ قرار دیتا اور اس کے ایک بڑے حصے پر اس کا دعویٰ ہے جبکہ انڈیا اسے اپنا اٹوٹ انگ قرار دیتا ہے۔

اس انڈین ریاست کا توانگ قصبہ مذہبی اور سیاسی دونوں اعتبار سے خاص اہمیت کا حامل ہے۔ یہاں تبتی بودھ مت کی ایک اہم اور تاریخی خانقاہ واقع ہے۔

چین توانگ کو تبت کی علیحدگی پسند تحریک کی روک تھام کے تناظر میں بھی اہم سمجھتا۔ اِس کے علاوہ اس سرحد پر دریا، جھیلیں اور برف پوش پہاڑ موجود ہیں۔ یعنی زمینی حالات کے ساتھ سرحدی لکیر کی پوزیشن بھی بدل سکتی ہے جس کی وجہ سے کئی مقامات پر دونوں ملکوں کے فوجی گشت کے دوران آمنے سامنے آ جاتے ہیں اور صورتحال کشیدگی یا تصادم کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ حالیہ مہینوں میں اس طرح کا ٹکراؤ کئی بار ہوا ہے۔

رواں برس اکتوبر میں راجستھان میں انڈو تبتن بارڈر پولیس فورس کے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے فورس کے سربراہ شتروجیت کپور نے کہا کہ ’شمال مشرقی ریاست اروناچل پردیش کے کئی مقامات پر انڈین اور چینی فوجیوں کا ٹکراؤ ہوا ہے اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔‘

اُن کے مطابق اِن واقعات کا آغاز جولائی میں ہوا تھا۔ تاہم اُس وقت دونوں ملکوں کی افواج پیچھے ہٹ گئی تھیں۔ لیکن چند روز بعد چینی فوجی پہلے سے کہیں بڑی تعداد میں واپس آ گئے اور اُنھوں نے اس علاقے میں خیمے نصب کر لیے جسے انڈیا اپنا علاقہ تصور کرتا ہے۔

سرحدی دعوے، تاریخی معاہدے اور ماضی کے نقشے

انڈیا اور چین اپنے اپنے سرحدی دعوے کے لیے الگ الگ تاریخی معاہدوں اور ماضی کے نقشوں کا سہارا لیتے ہیں۔

انڈیا کی آزادی سے پہلے 1914 میں شملہ کنونشن کے دوران برطانیہ کے زیرِ حکومت ہندوستان اور تبتی نمائندوں نے مشرقی سرحد کے تعین کے لیے میک موہن لائن کھینچی تھی لیکن بعد میں آنے والی چین کی حکومتوں نے اس معاہدے کو مسترد کیا۔ ان کا موقف یہ ہے کہ تبت کو آزادانہ طور پر کسی بھی بین الاقوامی معاہدے پر دستخط کرنے کا اختیار حاصل ہی نہیں تھا، اس لیے میک موہن لائن کی بنیاد پر بنی سرحد چین کو قبول نہیں۔

1959 میں انڈیا کی جانب سے دلائی لامہ کو، جو کہ تبت کے روہانی اور سیاسی لیڈر تھے، پناہ دیے جانے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی۔ 1962 میں باقاعدہ جنگ چھڑ گئی۔ اس لڑائی میں چین نے آکسائی چن علاقے پر اپنا قبضہ مستحکم کر لیا۔

1993 اور 2013 کے درمیان دونوں ملکوں نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول، یعنی ایل اے سی، پر امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے مختلف معاہدوں پر دستخط کیے۔ اِن معاہدوں کا مقصد اعتماد سازی کے اقدامات کو فروغ دینا اور سرحدی گشت کے دوران فائر آرمز کے استعمال پر پابندی عائد کرنا تھا۔

2017 میں انڈیا، بھوٹان اور چین کے سرحدی سنگم پر، ڈوکلام کے مقام پر انڈین اور چینی فوجی آمنے سامنے آ گئے۔ 72 روز تک جاری رہنے والا یہ تنازع اُس وقت شروع ہوا جب چین نے انڈیا کے لیے عسکری اعتبار سے انتہائی اہم سلی گوڑی کوریڈور کے قریب سڑک کی تعمیر شروع کی۔

2020 میں مشرقی لداخ کی گلوان وادی میں انڈین اور چینی فوجیوں کے درمیان ہاتھا پائی اور شدید جھڑپ ہوئی، جس کے نتیجے میں 1975 کے بعد پہلی بار سرحد پر جانی نقصان ہوا۔ اِس تصادم میں کم از کم 20 انڈین اور چار چینی فوجی ہلاک ہوئے۔

اس لڑائی کے دوران چینی افواج لداخ کے کئی ایسے علاقوں میں داخل ہوئیں جنھیں انڈیا اپنا علاقہ تصور کرتا ہے۔

’چین زمین کا ایک ٹکڑا بھی نہیں دے گا‘

انڈیا اور چین کے درمیان سرحدی تنازعات کو حل کرنے کے لیے فوجی، سیاسی اور سفارتی سطح پر 2003 سے مذاکرات کے 25 دور ہو چکے ہیں لیکن کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔

دونوں ملکوں کے درمیان معاملات طے پاتے اب بھی نظر نہیں آتے۔ سرحدوں پر چینی فوجیوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں، بڑے پیمانے پر فوجی نوعیت کی سڑکیں، عمارتیں اور فضائی اڈے وغیرہ تعمیر کرنے اور دونوں جانب ہزاروں فوجیوں کی تعیناتی سے سرحدی یہ سرحدی تنازع اب مزید پیچیدگی اختیار کر رہا ہے۔

چینی امور کے سرکردہ تجزیہ کار پروین ساہنی کہتے ہیں کہ ’یہ معاملہ بہت پیچیدہ اور گمبھیر ہے۔ آج چین کھلے عام کہہ رہا ہے کہ 3488 کلومیٹر سرحد میں سے 3000 تو انڈیا کا ہے ہی نہیں۔اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ پورے اروناچل کو متنازع سمجھتا ہے اور لداخ کو بھی انڈیا کا حصہ نہیں مانتا۔‘

’یہ بہت پیچیدہ تنازع ہے جس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔‘

ان کا کہنا ہے کہ انڈیا کو چاہیے کہ وہ چین کے ساتھ بیٹھ کر اعتماد سازی کے نئے اقدامات کرے۔

’انڈیا کو اب بہت گہرائی سے یہ سوچنا پڑے گا کہ چین سے تعلقات معمول پر لانے کے لیے سرحدی تنازع کو اصل ایشو بنا کر رکھنا ہے یا اسے تمام معاملات کا ایک ایشو سمجھنا ہے اور ترقی پر توجہ دینی ہے۔‘

پروین ساہنی کہتے ہیں کہ سرحدی تنازعے کے کسی حل میں چین اپنی زمین کا کوئی حصہ نہیں دے گا۔

’جہاں تک چین کا سوال ہے وہ زمین کا ایک ٹکڑا بھی نہیں دے گا۔ میں سنتا رہتا ہوں کہ چین کے ساتھ سرحدی تنازع میں زمین کا لینا دینا ہو سکتا ہے، یہ بالکل نہیں ہو گا۔‘

کیا دونوں ملکوں کی سیاسی قیادت کے لیے اپنے علاقائی دعوؤں سے پیچھے ہٹنا ممکن ہے؟

بظاہر علاقائی دعوؤں سے پیچھے ہٹنا دونوں ملکوں کی سیاسی قیادت کے لیے ایک مہنگا سیاسی فیصلہ ثابت ہو سکتا ہے۔

انڈیا میں اگر کوئی بھی حکومت ایسے علاقے پر چین کا کنٹرول تسلیم کرتی ہے جس پر انڈیا اپنی ملکیت کا دعوٰی کرتا آیا ہے، تو اُسے عوامی سطح پر شدید ردعمل اور سیاسی مخالفت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ڈاکٹر الکا آچاریہ کہتی ہیں کہ ’اس سرحدی تنازع کی نوعیت سے یہ بالکل واضح ہے کا جب تک زمینوں کا لین دین نہیں ہوتا تب تک اس کا کوئی حل نہیں نکل سکتا۔

ان کے مطابق جدید مملکتوں کے لیے ان کی زمینیں اور سرحدیں اقتدار اعلی کا بہت اہم حصہ ہوتی ہیں۔ انڈیا اور چین کے معاملے میں دونوں ملکوں کی جانب سے زمینوں کے دعوے انھیں کسی حل کی جانب بڑھنے نہیں دے رہے۔

’سمجھوتہ کرنے کی بات تب آتی ہے جب دونوں جانب سے اس طرح کے اشارے ملتے ہوں کہ سرحدوں کی لکیروں میں جو فرق ہے اسے ایک نکتے پر ملانے کے لیے کچھ لینا اور کچھ دینا پڑے گا۔ لیکن دونوں جانب سے زمین کو لے دے کر کسی حل کی تو کوئی بات ہی نہیں ہو رہی ہے کیونکہ دونوں ملکوں نے اپنے لوگوں کو اس کے لیے تیار ہی نہیں کیا۔ اس کے لیے رائے عامہ ہی نہیں بنایا گیا۔‘

دوسری طرف چین کی کمیونسٹ پارٹی خود کو ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی ضامن کے طور پر پیش کرتی ہے۔ ایسے میں کسی علاقے سے دستبرداری کو کمزوری یا پسپائی سے تعبیر کیا جا سکتا ہے۔یعنی دونوں ملکوں میں داخلی سیاسی دباؤ سرحدی مذاکرات کے دوران قیادت کی لچک کو محدود کر دیتا ہے۔

لیکن یہ بھی ایک اہم پہلو ہے کہ تلخ تعلقات اور سرحدی کشیدگی کے باوجود انڈیا اور چین بڑے تجارتی شراکت دار ہیں۔

پچھلے سال دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 151 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔

اِس تجارت کا توازن واضح طور پر چین کے حق میں جھکا ہوا ہے۔

یعنی ایک طرف دونوں ممالک سرحدی محاذ پر ایک دوسرے کے مدِمقابل ہیں، تو دوسری جانب اِن کی معیشتیں تجارتی روابط کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔

ویسے تو کوئی بھی ملک اُس زمین کا کوئی بھی حصہ چھوڑنے کو تیار نہیں ہوتا، جس کا وہ دعویدار ہوتا ہے لیکن بات دراصل یہ ہے کہ جن علاقوں پر تنازع ہے وہ ٹرانسپورٹ، مواصلات اور سکیورٹی کے لحاظ سے بہت ہی اہم ہیں۔

چین کے لیے تبت کا تحفظ اور اُس پر اپنا کنٹرول برقرار رکھنا بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

اِس کے علاوہ، اکسائی چن میں اہم زمینی اور مواصلاتی راستوں کی سلامتی بھی بیجنگ کی ترجیحات میں شامل ہے۔

چین یہ بھی چاہتا ہے کہ سنکیانگ اور تبت کے علاقوں کے قریب اُسے کسی قسم کی کمزوری یا سکیورٹی کے خطرے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

دوسری جانب، انڈیا کے لیے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ بنیادی مسئلہ ہے۔

لداخ اور اروناچل پردیش کی سلامتی بھی نئی دلی کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے۔ اِس کے ساتھ ساتھ، ہمالیائی خطے میں چین کی بڑھتی ہوئی فوجی موجودگی اور عسکری انفراسٹرکچر کی توسیع بھی انڈیا کے سکیورٹی خدشات میں شامل ہے۔

ان سب کے درمیان، کشیدگی کی اس صورتحال سے سرحدی خطے کے عوام بہت مشکل میں ہیں۔

وہ چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک مل بیٹھ کر کوئی ایسا حل نکالیں جس سے دونوں کا فائدہ ہو اور لڑائی اور کشیدگی کے ماحول سے بچا جا سکے۔

ماہرین کے مطابق ایسی صورت حال میں اِس تنازع کے کسی حتمی حل کے لیے دونوں ملکوں کو سمجھوتہ کرنا ہوگا، اپنے موجودہ موقف میں لچک پیدا کرنی ہوگی۔ لیکن فی الحال دونوں ہی اِس معاملے میں انتہائی محتاط نظر آتے ہیں۔

کسی دیرپا حل تک پہنچنے کے لیے دونوں حکومتوں کو ایسی علاقائی رعایتیں دینا پڑ سکتی ہیں جنھیں قبول کرنے کے لیے فی الحال کوئی بھی سیاسی قیادت خود کو تیار محسوس نہیں کرتی۔

ایسے میں آگے بڑھنے کا زیادہ حقیقت پسندانہ راستہ کسی فوری اور جامع معاہدے کے بجائے مرحلہ وار اعتماد سازی، لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر صورتحال کو مستحکم بنانے اور پھر سیاسی سطح پر مذاکرات کا آغاز ہو سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کے خیال میں یہ بات بھی اہم ہے کہ انڈیا اور چین دونوں ایشیا کی دو بڑی جوہری طاقتیں ہیں۔ ایسے میں دونوں ملکوں کے مفاد میں یہی ہے کہ سرحدی کشیدگی کسی وسیع تر فوجی تصادم کی شکل اختیار نہ کرے۔ کیونکہ اِس تنازع کا حل صرف سرحدوں کے تعین کا معاملہ نہیں، بلکہ دو بڑی علاقائی طاقتوں کے درمیان امن، استحکام اور باہمی اعتماد کی بحالی سے بھی جڑا ہوا ہے۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔