پوپ فرانسس کی نجی ڈائری اور تین بار شیطان کو دیکھنے کا دعویٰ: ’میں اُس کی آواز کی کرختگی کو نہیں بھول سکتا‘

پوپ فرانسس
    • مصنف, ایما ہیرسن
    • عہدہ, بی بی سی نیوز
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 3 منٹ

مسیحیوں کے سابقہ روحانی پیشوا پوپ فرانسس کی جانب سے اپنی زندگی میں تین بار شیطان کو دیکھنے اور ایک بار ’جہنم کے دروازے‘ کا مشاہدہ کرنے سے متعلق انکشافات اُن کی پرائیوٹ (نجی) ڈائری کے نئے اقتباسات میں سامنے آئے ہیں۔

پوپ فرانسس سنہ 2013 میں پوپ منتخب ہوئے تھے اور اپریل 2025 میں 88 برس کی عمر میں اُن کی وفات ہوئی تھی۔

منگل کے روز شائع ہونے والی کتاب ’دی پرائیویٹ ڈائری آف پوپ فرانسس‘ کے مطابق، ڈائری میں سنہ 2021 میں لکھی گئی ایک تحریر میں پوپ فرانسس نے لکھا کہ انھیں تین مختلف مواقع پر شیطان کے ’مناظر‘ دکھائی دیے۔ ایک بار انھوں نے گاڑی میں سفر کے دوران، دوسری مرتبہ عبادت کے دوران چرچ کے بالاخانے میں جبکہ تیسری بار ویٹیکن حکام کے ساتھ ایک اجلاس کے دوران شیطان کو دیکھا۔

پوپ فرانسس نے شیطان کو دیکھنے سے متعلق ایک واقعے کو یاد کرتے ہوئے اپنی نجی ڈائری میں لکھا کہ ’میں اُس (شیطان) کی آواز کی طاقتور کرختگی کو نہیں بھول سکتا۔‘

سنہ 1992 سے سنہ 2024 کے درمیان لکھی گئی اس ڈائری میں پوپ فرانسس نے سنہ 2018 میں چلی کے اپنے دورے پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اس دورے کے دوران انھیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا کیونکہ انھوں نے ایک ایسے بشپ کا دفاع کیا تھا جس پر ایک پادری کے ہاتھوں ہونے والے جنسی استحصال کو چھپانے کا الزام تھا۔

پوپ فرانسس، جو 12 برس تک کیتھولک چرچ کے سربراہ رہے، نے بعد ازاں اپنے اس مؤقف پر معذرت کا اظہار کیا تھا اور چلی کے تمام بشپس کو روم طلب کیا، جہاں سب نے مستعفی ہونے کی پیشکش کی تھی۔

ڈائری میں سنہ 2021 کی ایک تحریر میں انھوں نے لکھا کہ ’چلی کی صورتحال نے مجھے شدید صدمے سے دوچار کر دیا تھا۔‘

انھوں نے مزید لکھا کہ ’میرے لیے چلی میں پیش آنے والے معاملات کو تسلیم کرنا مشکل تھا، کیونکہ میں نے نہیں سوچا تھا کہ صورتحال اتنی سنگین تھی۔‘

شیطان سے متعلق اپنے مشاہدات، جنھیں پوپ فرانسس نے شیطان سے ہونے والی ملاقاتوں کے طور پر بیان کیا ہے، کے بارے میں پوپ فرانسس نے لکھا کہ وہ شیطان کی 'خوفناک' آنکھوں کو کبھی نہیں بھول سکے۔

انھوں نے شیطان سے دوسری مبینہ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس نے مجھے شعلوں جیسی آنکھوں سے دیکھا۔۔۔ پہلے سے کہیں زیادہ شدت کے ساتھ۔ وہ آگ کی چمک کی طرح تھیں۔‘

Pope Francis
تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اردو کی نئی موبائل ایپ کی تصویر
تمام اہم خبریں ایک ایپ میں

وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

پوپ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ بیونس آئرس کے آرچ بشپ تھے اور ایک عبادت گاہ میں موجود تھے۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ انھیں شیطان کی موجودگی اُن کے مختلف سفروں کے دوران بھی محسوس ہوئی، جن میں چلی کا متنازع دورہ اور روم واپسی کے چند روز بعد ہونے والی ایک ملاقات شامل تھی۔

انھوں نے لکھا کہ ’میں نے اسے دیکھا اور اس کی آواز سنی، جیسے وہ ہر چیز پر قابض ہو کر فتح کا جشن منا رہا ہو۔‘ تاہم انھوں نے مزید لکھا کہ ’خداوند نے مجھے ان ملاقاتوں سے نجات پانے کا موقع دیا۔‘

ڈائری کے مطابق جون 2018 میں جب پوپ فرانسس سونے کی تیاری کر رہے تھے تو اس وقت انھوں نے ’جہنم کے دروازے‘ بھی دیکھے۔

انھوں نے لکھا کہ ’میں نے کچھ دیر اسے دیکھا اور یہ منظر مجھے خوفزدہ کر گیا۔‘ اُن کے بقول انھوں نے اس موقع پر تسبیح کو ’بطور ہتھیار‘ استعمال کیا۔

پوپ نے مزید تحریر کیا کہ ’جہنم کے دروازوں کے قریب جانا خطرناک ہے، کیونکہ وہاں سے نکلنے والے شعلے انسان کو جلا سکتے ہیں۔‘

ویٹیکن میں عقائد سے متعلقہ امور کے محکمے کے سربراہ اور پوپ فرانسس کے قریبی دوست کارڈینل وکٹر فرنانڈیز نے پوپ کی ڈائریز کی تدوین کی ہے۔ 1960 کی دہائی کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی پوپ کی ذاتی ڈائری عوام کے لیے شائع کی گئی ہے۔

’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں