چین کا خفیہ خلائی طیارہ جس کی پہلی واضح تصویر پینٹاگون نے جاری کر دی

یک هواپیمای فضایی در حال پرواز در پسزمینه سیاه
،تصویر کا کیپشنچین کا خلائی طیارہ مدار میں۔ 2024 میں میکسار کی حاصل کردہ سیٹلائٹ تصویر، جو بعد میں اپنا نام تبدیل کرکے وینتور رکھ چکی ہے، امریکی وزارتِ دفاع کی دفاعی انٹیلی جنس ایجنسی کی رپورٹ میں شائع کی گئی ہے۔
    • مصنف, پاول اکسینوف
    • عہدہ, بی بی سی روسی سروس کے فوجی تجزیہ کار
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 7 منٹ

امریکی وزارتِ دفاع کی دفاعی انٹیلی جنس ایجنسی نے چین کے ’خلائی طیارے‘ کی ایک تصویر جاری کی ہے، جو 2024 میں کمپنی ’میکسار ٹیکنالوجیز‘ کے سیٹلائٹ نے حاصل کی تھی۔ اس کمپنی نے بعد میں اپنا نام ’ونتور‘ رکھ لیا تھا۔ یہ اس خفیہ خلائی طیارے کی پہلی واضح تصویر سمجھی جاتی ہے، کیونکہ اس سے پہلے اس کی جو تصاویر عوامی طور پر دستیاب تھیں وہ بہت دھندلی اور غیر واضح تھیں۔

یہ تصویر ’خلاء میں سلامتی کے چیلنجز‘ کے عنوان سے شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں شامل کی گئی ہے۔

یہ رپورٹ چین اور روس کے ساتھ امریکی فوجی مقابلے کے علاوہ شمالی کوریا اور ایران کے بارے میں بھی ہے، جو ایسے ممالک ہیں جن کے خلائی پروگراموں میں فوجی استعمال کی صلاحیت موجود ہے۔

خلائی طیارے، جنہیں ’کاسموپلین‘ بھی کہا جاتا ہے، جدید خلائی گاڑیاں ہیں جو زمین کے ماحول سے باہر خلا میں اور زمین کے ماحول کے اندر دونوں جگہ حرکت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

ایسی گاڑیوں میں ہوائی جہاز کی طرح پر، دم کی سکان اور ہوائی ساخت والا جسم ہوتا ہے، جس کی بدولت وہ فضا میں کنٹرول کے ساتھ پرواز کر سکتی ہیں۔

جاری کی گئی تصویر میں اس گاڑی کا نچلا حصہ کیمرے کی طرف ہے۔

تصویر کا معیار اتنا بہتر ہے کہ گاڑی کے اوپری حصے میں موجود سامان رکھنے والے خانے کے کھلے دروازے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

پچھلے حصے میں ایک لمبا حصہ بھی نظر آتا ہے جس کے دونوں طرف شمسی پینل کھلے ہوئے ہیں۔ ممکن ہے یہ ایک منسلک سروس ماڈیول ہو۔

نچلے حصے میں دو گہرے مستطیل نما نشانات بھی دکھائی دیتے ہیں، جو ممکنہ طور پر دو مرکزی لینڈنگ گیئرز کے خانوں کے دروازے ہیں۔

غالباً یہ گاڑی تین پہیوں والے لینڈنگ نظام کا استعمال کرتی ہے اور اگلے حصے میں ناک کے پہیے کے لیے ایک الگ خانہ بھی موجود ہے۔

ان مشنوں میں جنہیں خلائی طیارے ممکنہ طور پر انجام دے سکتے ہیں، مختلف قسم کے سامان کو مدار میں پہنچانا اور دوسرے خلائی جہازوں کے ساتھ تعامل کرنا شامل ہے، یعنی ایسے کام انجام دینا جو معائنہ کرنے والے سیٹلائٹ کرتے ہیں۔

معائنہ کرنے والے سیٹلائٹ دوسرے خلائی جہازوں کی جانچ اور مرمت کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

تاہم، انھیں سیٹلائٹ شکن ہتھیار کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے ’خلائی گاڑیوں کے بار بار استعمال کی اہم صلاحیتوں میں سے ایک ایسے خلائی طیارے ہیں، جیسے یہ چینی نمونہ جس کی تصویر میکسار نے حاصل کی ہے۔ خلائی طیارے اشیا کو خلا میں منتقل کرنے یا ان پر تجربات کرنے کے لیے مدار میں جا سکتے ہیں اور پھر زمین پر واپس آ سکتے ہیں۔‘

زیادہ مینور کرنے کی صلاحیت

هواپیمای فضایی X-37B روی باند نشسته است
مواد پر جائیں
بی بی سی اردو اب واٹس ایپ پر
بی بی سی اردو اب واٹس ایپ پر

بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں

سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں

مواد پر جائیں

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خلائی طیارے بار بار استعمال کیے جا سکتے ہیں اور وہ عام سیٹلائٹس کے مقابلے میں زیادہ آسانی سے اپنی سمت اور جگہ تبدیل کر سکتے ہیں، اسی لیے وہ بعض کاموں کے لیے زیادہ مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔

مدار میں ایک خلائی طیارے کی زیادہ حرکت اس کے انجن اور ایندھن کے ذخیرے کی بدولت حاصل ہوتی ہے۔

عام سیٹلائٹس بھی اپنی سمت یا مدار میں تبدیلی کر سکتے ہیں، لیکن ان کی عملی عمر اس ایندھن پر منحصر ہوتی ہے جو ان کے پاس مدار کی درستگی یا دیگر حرکات کے لیے موجود ہوتا ہے۔

ایک دوبارہ استعمال کے قابل خلائی طیارہ اپنا مشن مکمل ہونے کے بعد زمین پر واپس آ سکتا ہے اور دوبارہ استعمال کیا جا سکتا ہے، جبکہ عام سیٹلائٹس اپنی پوری مدتِ کار کے دوران مدار میں ہی رہتے ہیں۔

اسی وجہ سے ایسے خلائی طیارے ایسی حرکات بھی انجام دے سکتے ہیں جن میں زیادہ ایندھن خرچ ہوتا ہے۔

تاہم ان میں ایک اور منفرد خصوصیت بھی ہوتی ہے: یہ زمین کے ماحول میں داخل ہوتے وقت اپنے مدار میں نمایاں تبدیلی لا سکتے ہیں۔

ایسا طیارہ مدار میں گردش کرتے ہوئے زمین کے ماحول کی بالائی تہوں میں داخل ہو سکتا ہے اور اپنے ہوائی کنٹرول سسٹم اور پروں کی مدد سے وہاں حرکت کرتے ہوئے اپنی پرواز کی سمت تبدیل کر سکتا ہے۔

اس طرح یہ اپنے مداری جھکاؤ میں تبدیلی لا سکتا ہے۔ مداری جھکاؤ سے مراد مدار کے طیارے اور زمین کے خطِ استوا کے طیارے کے درمیان زاویہ ہے۔

اس زاویے میں تبدیلی کے لیے بہت زیادہ ایندھن درکار ہوتا ہے اور اسے توانائی کے لحاظ سے سب سے مہنگی مداری حرکات میں شمار کیا جاتا ہے۔ اسی لیے سیٹلائٹس شاذ و نادر ہی اپنے مداری جھکاؤ میں تبدیلی کرتے ہیں۔

لیکن خلائی طیارہ اپنے انجنوں اور ہوائی صلاحیتوں کی بدولت ایک ہی مشن کے دوران، اسی وزن کے ایک عام سیٹلائٹ کے مقابلے میں، مداروں کی کہیں زیادہ وسیع اقسام تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔

چین کا خلائی پروگرام

رپورٹ کے مطابق، چین کے خلائی طیارے کا پہلا ابتدائی نمونہ 2020 میں خلا میں بھیجا گیا تھا۔ یہ طیارہ دو دن تک مدار میں رہا اور پھر زمین پر واپس آ گیا۔

دوسری پرواز 2022 میں کی گئی اور یہ 276 دن تک مدار میں رہی۔

امریکی فوج کے مطابق، اس مشن کے دوران اس خلائی طیارے نے ایک دوسرے چینی سیٹلائٹ کے قریب مختلف حرکات انجام دیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خلائی طیارے نے خود کو تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر رکھا، تاہم ایک موقع پر وہ اس سیٹلائٹ کے 100 میٹر تک قریب آ گیا۔

یہ بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ خلائی طیارہ اور سیٹلائٹ ایک دوسرے سے منسلک ہوئے ہوں اور بعد میں سیٹلائٹ دوبارہ الگ ہو گیا ہو۔

چین نے دسمبر 2023 میں اپنا تیسرا خلائی طیارہ خلا میں بھیجا، جو 268 دن تک مدار میں موجود رہا۔

اس مشن کے دوران اس خلائی طیارے نے ایک نامعلوم شے کو چھوڑا اور بعد میں اس کے ساتھ تعامل بھی کیا۔

X-37 سے متاثر ڈیزائن؟

مختلف ممالک اس نوعیت کے پروگراموں پر کام کر رہے ہیں۔

سب سے کامیاب مثال امریکہ کا سپیس شٹل پروگرام تھا، جو واحد خلائی طیارہ تھا جس نے کئی برسوں تک باقاعدگی سے خلا کے سفر انجام دیے۔

سابق سوویت یونین میں بھی بوران نامی خلائی طیارہ تیار کیا گیا تھا، جس نے ایک خلائی پرواز انجام دی۔ اس کے علاوہ سوویت یونین میں خلائی طیاروں کی تیاری کے لیے کئی دوسرے منصوبوں پر بھی کام جاری تھا۔

اس وقت امریکا کے پاس بوئنگ X-37 پروگرام موجود ہے، جس کے تحت X-37B خلائی طیارے کو مدار میں بھیجا جاتا ہے۔

یہ خلائی طیارہ اب تک سات مشن مکمل کر چکا ہے، جن میں سے سب سے طویل مشن 900 دن سے زیادہ عرصے تک جاری رہا۔

یہ ایک فوجی اور انتہائی خفیہ پروگرام ہے، اور یہ واضح نہیں کہ یہ خلائی طیارہ خلا میں دقیق طور پر کون سے مشن انجام دیتا ہے۔ تاہم، خیال کیا جاتا ہے کہ اس کے مقاصد میں خود اس خلائی طیارے کی خصوصیات اور کنٹرول کے طریقوں کی آزمائش اور جائزہ لینا بھی شامل ہے۔

بہت سے ماہرین کے مطابق، پینٹاگون کی جانب سے جاری کی گئی تصویر میں دکھایا گیا چینی خلائی طیارہ ظاہری شکل کے لحاظ سے X-37 سے بہت زیادہ مشابہت رکھتا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ روس نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران خلائی طیاروں سے متعلق کئی منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔

تاہم 1988 میں بوران کی واحد آزمائشی پرواز کے بعد اس شعبے میں کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔

معائنہ کرنے والے سیٹلائٹس

اس قسم کی حرکات معائنہ کرنے والے سیٹلائٹس کے طرزِ عمل کی یاد دلاتی ہیں۔

امریکہ، روس اور چین سمیت مختلف ممالک ایسے نظام تیار کر رہے ہیں۔

کہا جاتا ہے کہ روس نے 2010 کی دہائی کے آغاز سے فوجی معائنہ کرنے والے سیٹلائٹس کے پروگرام کی سرگرمی سے ترقی شروع کی تھی۔ ایسے سیٹلائٹس ممکنہ طور پر کسی دوسرے ملک کے خلائی جہاز کے کام میں خلل ڈال سکتے ہیں یا اسے تباہ بھی کر سکتے ہیں۔

چین بھی ایسے سیٹلائٹس تیار کر رہا ہے جن کی خصوصیات اور صلاحیتیں ظاہر کرتی ہیں کہ وہ معائنہ کرنے والے سیٹلائٹس کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

برطانیہ کی خلائی افواج کے اُس وقت کے کمانڈر پال ٹیڈمین نے 2025 میں بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا:

’چینیوں کے پاس کہیں زیادہ جدید صلاحیتیں ہیں، لیکن روسی اپنے فوجی خلائی نظاموں کو استعمال کرنے کا زیادہ رجحان رکھتے ہیں۔‘