معروف کرکٹر پر تنقید اور ’اسلام سے دوری‘: کیا کرکٹ افغان طالبان میں اختلافات کا باعث بن رہی ہے؟

Cricket
    • مصنف, بی بی سی مانیٹرنگ
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 7 منٹ

حال ہی میں افغانستان میں طالبان کے مقامی حکام نے صوبہ قندھار میں کرکٹ کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ اطلاعات کے مطابق وہاں ہونے والے ایک میچ کو بھی پڑوسی صوبے زابل میں منتقل کر دیا گیا۔

اس معاملے نے ایک بار پھر طالبان کی قیادت کے درمیان موجود اختلافات کو نمایاں کر دیا ہے، حالانکہ طالبان عمومی طور پر اپنے آپ کو ایک متحد تحریک کے طور پر پیش کرتے ہیں اور اندرونی اختلافات کی خبروں کے بارے میں حساس سمجھے جاتے ہیں۔

طالبان سے وابستہ علما اور بااثر شخصیات کرکٹ کے کردار پر منقسم نظر آتے ہیں۔ بعض کا کہنا ہے کہ اگرچہ اسلام میں کرکٹ کھیلنا ناجائز نہیں، لیکن اس کھیل کو جس مقصد کے تحت افغانستان میں فروغ دیا گیا، وہ نوجوان نسل کو گمراہ کرنے سے متعلق ہے۔

دوسری جانب افغانستان میں کرکٹ اور کرکٹرز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت، خصوصاً طالبان کے نچلے درجے کے ارکان میں، اس بحث کو مزید نمایاں کر رہی ہے۔

Afghanistan
،تصویر کا کیپشن22 اگست 2024 کو کابل کے کابل کرکٹ سٹیڈیم میں افغانستان کی معروف ٹی20 کرکٹ لیگ کے ایک میچ کے دوران لی گئی تصویر۔

قندھار میں کرکٹ سے متعلق خبروں اور نشریات پر پابندی

15 نومبر کو افغانستان انٹرنیشنل کی جانب سے شائع کردہ ایک خبر کے مطابق طالبان نے اپنے رہبرِ اعلیٰ ہبت اللہ اخوندزادہ کے آبائی صوبے قندھار میں کرکٹ سے متعلق خبروں اور نشریات پر پابندی عائد کر دی ہے، تاہم اس کی کوئی باضابطہ وجہ نہیں بتائی گئی۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ اطلاعات و ثقافت کی جانب سے ریڈیو سٹیشنوں کو بھیجے گئے ایک واٹس ایپ پیغام میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ سے متعلق خبریں، پروگرام اور براہِ راست کوریج فوری طور پر بند کی جائے۔

اخبار ہشت صبح نے بھی خبر دی ہے کہ یہ پابندی دیگر میڈیا پابندیوں، جن میں جانداروں کی تصاویر اور خواتین کی آوازوں کی نشریات پر عائد پابندیاں بھی شامل ہیں، کے ساتھ مل کر مقامی میڈیا اور صحافیوں کے لیے مزید مشکلات پیدا کرے گی، کیونکہ کرکٹ قندھار میں مقبول کھیل ہے۔

خبروں کے مطابق قندھار میں طے شدہ ایک کرکٹ میچ کو بھی زابل منتقل کر دیا گیا ہے، اگرچہ طالبان نے تاحال اس کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں کی۔

اس سے قبل رواں سال صوبہ ہلمند میں طالبان حکام نے ایک کرکٹ سٹیڈیم مسمار کر کے اس کی جگہ مسجد تعمیر کر دی تھی۔

افغانستان میں کرکٹ پہلی مرتبہ 1839 میں پہلی اینگلو افغان جنگ کے دوران برطانوی افواج کے ذریعے متعارف ہوئی، تاہم اسے حقیقی مقبولیت 1980 کی دہائی میں پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزینوں کے درمیان ملی اور بعد ازاں سابق دور میں یہ ملک کے اہم ترین کھیلوں میں شامل ہو گئی۔

21 اکتوبر 2022 کو لی گئی اس تصویر میں طالبان جنگجو ایک گاڑی پر سوار ہیں جبکہ افغان شہری کابل کے چمنِ حضوری گراؤنڈ میں کرکٹ کھیل رہے ہیں۔
،تصویر کا کیپشن21 اکتوبر 2022 کو لی گئی اس تصویر میں طالبان جنگجو ایک گاڑی پر سوار ہیں جبکہ افغان شہری کابل کے چمنِ حضوری گراؤنڈ میں کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

بعض طالبان علما کرکٹ کو پسند کیوں نہیں کرتے؟

قندھار میں پابندی کے بعد طالبان سے وابستہ دو علما کی آڈیو اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر گردش کر رہی ہیں، جن میں وہ کرکٹ پر تنقید کر رہے ہیں۔

ان علما کا کہنا ہے کہ اگرچہ کرکٹ اسلام میں ممنوع نہیں، لیکن ان کے مطابق افغانستان اور خطے میں کرکٹ اور عرب دنیا میں فٹ بال کو فروغ دینے کا مقصد ’نوجوانوں کو اسلام سے دور کرنا‘ ہے۔

طالبان عالم شیخ عبد الحمید حماسی کا کہنا ہے کہ ’ہر کھیل اپنے ساتھ ایک خاص فکر اور نظریہ بھی لاتا ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ اسلام یا حکومت کسی کو کھیلوں سے نہیں روک رہی، تاہم وہ مسلم دنیا میں بعض کھیلوں کے فروغ کے پسِ منظر پر سوال اٹھاتے ہیں۔

کرکٹ کے بارے میں اس نوعیت کے نظریات صرف طالبان تک محدود نہیں بلکہ شدت پسند تنظیم داعش سمیت دیگر صدت پسند گروہوں میں بھی پائے جاتے ہیں۔

کرکٹ اور ’نظریاتی جنگ‘

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اردو کی نئی موبائل ایپ کی تصویر
تمام اہم خبریں ایک ایپ میں

وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

طالبان عالم شیخ عبد الحمید حماسی کا دعویٰ ہے کہ صلیبی جنگوں کے بعد غیر مسلم دنیا نے مسلمانوں کے خلاف اپنی مہم کو دو حصوں میں تقسیم کیا: عسکری جنگ اور ’نظریاتی جنگ‘۔

ان کے مطابق اسی نظریاتی جنگ کے تحت فیفا جیسے ادارے قائم کیے گئے، جن کے ذریعے عرب دنیا میں فٹ بال کو فروغ دیا گیا۔ وہ دعویٰ کرتے ہیں اس کے نتیجے میں وہاں کی نوجوان نسل دینی اقدار سے دور ہو گئی۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ کئی نوجوان کھلاڑیوں کو اپنا آئیڈیل بنا لیتے ہیں اور ان کے لباس اور انداز اپناتے ہیں۔

حماسی کا مزید کہنا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایک ایسی تنظیم ہے جو برطانوی نوآبادیاتی دور کی پیداوار ہے اور خطے میں مخصوص مقاصد کے لیے کرکٹ کو فروغ دیتی رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’میں کرکٹ یا فٹ بال کے خلاف نہیں ہوں، لیکن تمام کھیل اسلامی اصولوں کے مطابق ہونے چاہییں۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج زیادہ تر نوجوان علما، انجینیئر یا ڈاکٹر بننے کے بجائے کرکٹر یا فٹ بالر بننا چاہتے ہیں۔

حماسی نے ایک معروف افغان کرکٹر پر بھی سخت تنقید کی تاہم انھوں نے ان نام نہیں لیا۔ سوشل میڈیا پر بعض افراد کا خیال ہے کہ ان کا اشارہ افغان ٹیم کے سٹار سپنر راشد خان کی جانب تھا۔

افغانستان کے کرکٹر راشد خان 22 اگست 2024 کو کابل کے کابل کرکٹ سٹیڈیم میں شائقین کو ہاتھ ہلاتے ہوئے۔
،تصویر کا کیپشنافغانستان کے کرکٹر راشد خان 22 اگست 2024 کو کابل کے کابل کرکٹ سٹیڈیم میں شائقین کو ہاتھ ہلاتے ہوئے۔

طالبان عالم شیخ عید ولی حلیمی نے بھی کرکٹرز کو ’جہاد کے ہیروز‘ کے برابر قرار دینے پر اعتراض کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام کھیلوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور کرکٹ بھی ناجائز نہیں، لیکن کھیل کے لیے دین کے ’اعلیٰ مفادات‘ کو چھوڑا نہیں جا سکتا۔

ان کے مطابق اصل ہیرو وہ مجاہدین ہیں جنھوں نے ملک کی آزادی کے لیے قربانیاں دیں، نہ کہ وہ کرکٹرز جنھیں عوام میں غیر معمولی مقبولیت حاصل ہے۔

انھوں نے کرکٹرز کی مقبولیت کی وجہ ’نظریاتی نوآبادیات‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے نوجوانوں کے ذہن اب بھی مغربی میڈیا کے زیرِ اثر ہیں۔‘

اگست میں طالبان کے ایک اور عالم عبد الصمد غزنوی نے بھی کرکٹ کو ’انگریزوں کا کھیل‘ قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا تھا کہ اگر افغان برطانوی سلطنت کے خلاف تین جنگوں میں کامیابی پر فخر کرتے ہیں تو پھر اس کے کھیل کو کیوں اپناتے ہیں۔

افغان کرکٹ شائقین 25 جون 2024 کو قندھار کے ایک ریستوران میں آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے سپر ایٹ مرحلے کے افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ کی براہِ راست نشریات دیکھ رہے ہیں۔
،تصویر کا کیپشنافغان کرکٹ شائقین 25 جون 2024 کو قندھار کے ایک ریستوران میں آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے سپر ایٹ مرحلے کے افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ کی براہِ راست نشریات دیکھ رہے ہیں۔

کیا پوری طالبان حکومت کرکٹ کی مخالف ہے؟

اگرچہ بعض طالبان علما کرکٹ پر تنقید کر رہے ہیں، لیکن کابل میں موجود کئی اعلیٰ طالبان رہنما اور وزرا کھل کر افغان کرکٹ ٹیم کی حمایت کرتے رہے ہیں۔

وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے ستمبر 2022 میں افغان کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا تھا۔

اسی طرح وزیر خارجہ امیر خان متقی نے 2023 میں ٹیم کی میزبانی کی، جبکہ جون 2024 میں ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک پہنچنے پر راشد خان اور ان کی ٹیم کو فون کر کے مبارکباد بھی دی تھی۔

طالبان رہنماؤں کی جانب سے افغان کرکٹ ٹیم کی کھلی حمایت بعض حلقوں میں تنقید کا باعث بھی بنی، جہاں ٹیم پر طالبان حکومت سے قربت کے الزامات لگائے گئے۔

دوسری جانب بعض افغان علما نے عبد الحمید حماسی کے مؤقف سے اختلاف کیا ہے۔

ایک ویڈیو بیان میں ایک عالم کا کہنا تھا کہ ’ہم افغانستان کے علما اور بااثر شخصیات اس معاملے پر شیخ صاحب سے اتفاق نہیں کرتے۔ کسی مسلمان کو ہندو کہنا اور اس پر ایسے الزامات لگانا مناسب نہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’راشد خان اور دوسرے کھلاڑی افغانستان کا فخر ہیں اور کھیل کے ذریعے اپنے ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔‘

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔