آبنائے ہرمز میں 15 گھنٹے کی تیراکی: کشیدگی کے دوران تین دن سمندر میں رہ کر برطانوی تیراک نے کیا دیکھا؟

وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 5 منٹ

برطانوی طویل فاصلے تک تیراکی کرنے والے کھلاڑی لوئس پیو (LEWIS PUGH) نے ایران کی جنگ کے ماحولیاتی اثرات اور سمندری حیات کو لاحق خطرات کی جانب توجہ دلانے کے لیے آبنائے ہرمز میں تین دن کے دوران تقریباً 15 کلومیٹر تیراکی کی۔

56 سالہ لوئس پیو نے اس مہم کے دوران آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملوں، دھماکوں اور آگ کے مناظر دیکھے۔ ان کا کہنا ہے کہ جنگ کے نتیجے میں اس علاقے کے ماحول کو پہنچنے والا نقصان کئی نسلوں تک برقرار رہ سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے سمندروں کے لیے خیرسگالی سفیر لوئس پیو نے آبنائے ہرمز کو محض ایک اہم بحری راستہ قرار دینے کے بجائے قدرتی حسن اور سمندری حیات سے مالا مال علاقہ قرار دیا ہے۔

’جہازوں پر حملوں کے درمیان سمندر میں دھماکے دیکھے‘

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق لوئس پیو نے بتایا کہ انھوں نے پیر کو آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں واقع جزیرہ نما مسندم سے تیراکی شروع کی اور آبنائے کے کیپ ہرمز کے گرد اپنا سفر مکمل کیا۔

ان کے مطابق تیراکی شروع کرنے کے چند ہی منٹ بعد انھوں نے دو زور دار دھماکوں کی آوازیں سنیں اور دیکھا کہ چند کلومیٹر دور ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

لوئس پیو نے اے پی کو بتایا کہ دھماکے کی آواز بہت بلند تھی اور اس کے بعد انھوں نے لڑاکا طیاروں کو بھی وہاں آتے دیکھا۔ اس وقت انھیں محسوس ہوا کہ فوری طور پر وہاں سے نکلنا ضروری ہے۔

انھوں نے بتایا کہ تین روز کے دوران وقفے وقفے سے تیراکی کرتے ہوئے انھوں نے ایک اور بحری جہاز کو حملے کے بعد آگ کی لپیٹ میں دیکھا، جس سے آسمان کی جانب آگ کے شعلے بلند ہو رہے تھے۔

آبنائے ہرمز میں سمندری حیات اور ماحول کو خطرہ

لوئس پیو کے مطابق آبنائے ہرمز صرف تیل کی ترسیل کے لیے اہم بحری راستہ نہیں بلکہ قدرتی حسن سے مالا مال علاقہ بھی ہے، جہاں سمندری حیات کی مختلف اقسام موجود ہیں۔

انھوں نے اپنے بیان میں ڈولفن، سمندری کچھوؤں، مرجان کی چٹانوں اور مینگروو کے جنگلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے دوران بحری جہازوں کو پہنچنے والے نقصان اور تیل کے سمندر میں پھیلنے سے ان قدرتی ماحول کو طویل عرصے تک نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکرز سے تیل اور دیگر آلودگی سمندر میں پھیلنے کے بعد اسے صاف کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے اور اس کے اثرات کئی نسلوں تک برقرار رہ سکتے ہیں۔

اے پی کے مطابق لوئس پیو نے عمان کے ساحل کے ساتھ تیراکی کے دوران بڑی تعداد میں سمندری کچھوؤں کو دیکھا تھا، جبکہ آبنائے ہرمز میں سفر کے دوران ان کی کشتی کے ساتھ ڈولفن بھی تیرتی نظر آئیں۔

ماحول کے تحفظ کے لیے تیراکی کی مہمات

لوئس پیو گذشتہ تقریباً چار دہائیوں سے سمندری ماحول کے تحفظ، آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی جانب توجہ دلانے کے لیے انتہائی مشکل مقامات پر تیراکی کرتے رہے ہیں۔

وہ شمالی قطب میں تیراکی کرنے والے پہلے کھلاڑی ہیں اور دنیا کے تمام سمندروں میں طویل فاصلے تک تیراکی کرنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ 2023 میں انھوں نے دریائے ہڈسن میں 507 کلومیٹر تیراکی کرکے صاف دریاؤں کی اہمیت کی جانب توجہ دلائی تھی۔

ان کی مہمات کے ذریعے سمندری ماحول کے تحفظ کے لیے مختلف معاہدوں اور اقدامات کی حمایت حاصل کرنے میں بھی مدد ملی ہے۔

لوئس پیو کے مطابق کھیل لوگوں کے درمیان مکالمے کا راستہ کھولتے ہیں اور انھیں اہم مسائل پر سوچنے کی ترغیب دیتے ہیں۔

آبنائے ہرمز میں اپنی حالیہ مہم کے بعد ان کا پیغام ہے کہ جنگ بند ہونی چاہیے، آبنائے کھولی جانی چاہیے اور آلودگی کو صاف کیا جانا چاہیے۔

لوئس کے آبنائے ہرمز میں تیراکی پر سوشل میڈیا پر ہونے والی بات چیت

آبنائے ہرمز میں جنگ اور بحری جہازوں پر حملوں کے دوران برطانوی تیراک لوئس پیو کی تیراکی کی مہم نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ بھی حاصل کی ہے۔

سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے خطے کے سمندری ماحول اور قدرتی حسن کو نقصان پہنچنے پر تشویش کا اظہار کیا، جبکہ کچھ نے لوئس پیو کی اس مہم کو ایک ایسے مسئلے کی جانب توجہ دلانے کی کوشش قرار دیا جس پر جنگ کی بڑی خبروں کے درمیان کم بات ہو رہی ہے۔

سٹیفانیا برونوری نے عمان کے ساحل اور انڈیا کے شمالی امارات کے ساحلی علاقوں کے قدرتی حسن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’جنگ پہلے ہی سمندری ماحول پر منفی اثر ڈال رہی ہے۔‘

انھوں نے بتایا کہ ’متحدہ عرب امارات میں ان کا پہلا غوطہ بھی اسی علاقے میں تھا، جہاں انھیں وہیل شارک دیکھنے کا موقع ملا اور انھیں امید ہے کہ جنگ سے اس علاقے کو زیادہ نقصان نہیں پہنچے گا۔‘

ایڈم بال نے لکھا کہ بعض لوگوں کو یہ مہم شاید عجیب لگے، ’لیکن جنگ کی بڑی خبروں کے پس منظر میں یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس پر توجہ نہیں دی جا رہی۔‘

جے ڈی کامیڈی نے طنزیہ انداز میں تبصرہ کیا کہ تیراکی کے دوران آدھے راستے پر لوئس پیو نے ’ہمت ہار دی اور سوچنے لگے کہ کیا ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے زوم کال پر بات کی جا سکتی ہے۔‘

ٹوئی برَہ نامی ایک ایکس صارف نے تیل کے سمندر میں پھیلنے کے ماحولیاتی اثرات پر سوال اٹھاتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا کہ انھیں سائنس کے بارے میں زیادہ علم نہیں، لیکن کیا یہ تیل کسی طرح پانی کے لیے فائدہ مند بھی ہو سکتا ہے، کیونکہ یہ نامیاتی مادہ ہے، اور کیا اس سے قدرتی ماحول کو کسی قسم کا فائدہ پہنچ سکتا ہے؟

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔