گوشت کھائے بغیر بھی جسم میں آئرن بڑھانے کے پانچ غیرمتوقع طریقے

    • مصنف, میلیسا ہوگن بوم
    • عہدہ, بی بی سی نیوز
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 6 منٹ

بچپن سے ہمیں یہ بتایا جاتا ہے کہ پالک کھانے سے جسم مضبوط ہوتا ہے کیونکہ اس میں آئرن وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ آج بھی بہت سے لوگ پالک کو سموتھی، پاستا، آملیٹ اور دیگر کھانوں میں استعمال کرتے ہیں۔ یہ نہ صرف فائبر سے بھرپور اور آسانی سے دستیاب سبزی ہے بلکہ اسے آئرن کا اچھا ذریعہ بھی سمجھا جاتا ہے۔

لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پالک کو کچی حالت میں کھایا جائے تو جسم اس میں موجود آئرن کا صرف محدود حصہ ہی جذب کر پاتا ہے۔

یہ بات اس لیے اہم ہے کیونکہ دنیا بھر میں تقریباً ہر تین میں سے ایک شخص آئرن کی کمی کا شکار ہے۔ ماہرین کے مطابق آئرن حاصل کرنے کے لیے صرف یہ جاننا کافی نہیں کہ کون سی غذا کھانی ہے، بلکہ یہ بھی سمجھنا ضروری ہے کہ اسے تیار اور استعمال کس طرح کیا جائے تاکہ جسم زیادہ سے زیادہ آئرن جذب کر سکے۔

دنیا میں سب سے عام غذائی کمی

آئرن کی کمی دنیا کی سب سے عام غذائی کمی سمجھی جاتی ہے، خصوصاً بچوں اور تولیدی عمر کی خواتین میں۔تھکاوٹ، کمزوری اور سانس پھولنا آئرن کی کمی کی عام علامات ہیں۔ آئرن جسم میں ہیموگلوبن بنانے کے لیے ضروری ہوتا ہے، جو خون کے ذریعے آکسیجن کو جسم کے تقریباً ہر حصے تک پہنچاتا ہے۔

برطانیہ کی یونیورسٹی آف ایسٹ اینگلیا میں معدنیات کے میٹابولزم کی پروفیسر سوزن فیئر ویدر ٹیٹ کہتی ہیں کہ ’بہتر یہی ہے کہ مناسب غذا کے ذریعے آئرن کی کمی اور خون کی کمی (انیمیا) سے بچاؤ کیا جائے۔‘

تاہم آئرن والی تمام غذائیں یکساں نہیں ہوتیں، کیونکہ جسم مختلف غذاؤں سے آئرن کو مختلف شرح سے جذب کرتا ہے۔

گوشت نہ کھانے والوں کو زیادہ احتیاط کی ضرورت

غذاؤں میں آئرن بنیادی طور پر دو شکلوں میں پایا جاتا ہے۔

پہلی قسم ہیم آئرن ہے جو گوشت اور سمندری غذا میں موجود ہوتا ہے، جبکہ دوسری قسم نان ہیم آئرن ہے جو پودوں سے حاصل ہونے والی غذاؤں میں پایا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق جسم ہیم آئرن کو نسبتاً زیادہ آسانی سے جذب کرتا ہے۔ گوشت اور سمندری غذا میں موجود آئرن کا تقریباً 15 سے 30 فیصد تک حصہ جذب ہو جاتا ہے، جبکہ پودوں سے حاصل ہونے والے آئرن کی جذب ہونے کی شرح اس سے کہیں کم ہوتی ہے۔

مثال کے طور پر خشک دالوں اور پھلیوں میں موجود آئرن کا صرف تقریباً دو فیصد حصہ جذب ہو سکتا ہے، جبکہ ہرے پتوں والی سبزیوں میں یہ شرح عموماً سات سے نو فیصد کے درمیان ہوتی ہے۔

دوسری جانب صحت، ماحول اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خدشات کے پیشِ نظر بہت سے لوگ سرخ گوشت کا استعمال کم کر رہے ہیں۔ کنگز کالج لندن میں غذائی علوم کی ماہر ییمیسی لاٹونڈے دادا کے مطابق اگر گوشت کی جگہ آئرن سے بھرپور متبادل غذائیں استعمال نہ کی جائیں تو آئرن کی کمی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

پودوں سے حاصل ہونے والا آئرن کیسے بہتر جذب کیا جائے؟

خوش آئند بات یہ ہے کہ آئرن کے بے شمار پودوں پر مبنی ذرائع موجود ہیں جو روزانہ کی ضرورت پوری کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔

اگرچہ نان ہیم آئرن نسبتاً کم جذب ہوتا ہے، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانا پکانے اور کھانے کے بعض طریقے اس عمل کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر: دالوں اور اناج کو خمیر شدہ شکل میں استعمال کرنا، بعض سبزیوں کو پکا کر کھانا، کھانے کے ساتھ لیموں یا وٹامن سی والی غذاؤں کا استعمال کرنا۔۔ یہ طریقے جسم کی آئرن جذب کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کر سکتے ہیں، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو گوشت کم کھاتے ہیں یا مکمل طور پر نباتاتی غذا پر انحصار کرتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آئرن کی کمی سے بچنے کے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ غذا میں آئرن کی مقدار جتنی اہم ہے، اتنا ہی اہم یہ بھی ہے کہ اسے کس انداز سے تیار اور استعمال کیا جاتا ہے۔

1- کچھ سبزیاں اُبالیں، کچھ بھاپ میں پکائیں

خوراک کی تیاری کا طریقہ اس بات پر اثر انداز ہوتا ہے کہ جسم آئرن کو کتنی اچھی طرح جذب کرتا ہے۔

مثال کے طور پر پالک میں آکسیلیٹس نامی مرکبات ہوتے ہیں جو آئرن کے جذب ہونے میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ پالک کو اُبالنے سے یہ مرکبات کم ہو جاتے ہیں اور آئرن زیادہ مقدار میں جذب ہو سکتا ہے۔

تاہم یہ اصول صرف ایسی پتوں والی سبزیوں پر لاگو ہوتا ہے جن میں آکسیلیٹس زیادہ ہوں، جیسے پالک، سوئس چارڈ اور چقندر کے پتے۔ اس کے برعکس لیٹش، بند گوبھی اور پاک چوئی جیسی سبزیوں کو کچا یا بھاپ میں پکا کر کھانے سے ان میں موجود وٹامن سی محفوظ رہتا ہے، جو آئرن کے جذب میں مدد دیتا ہے۔

2- آئرن والی غذا کے ساتھ وٹامن سی لیں

تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ وٹامن سی آئرن کے جذب کو نمایاں طور پر بڑھاتا ہے، خاص طور پر پودوں سے حاصل ہونے والے آئرن کے معاملے میں۔

اس مقصد کے لیے آپ کھانے پر لیموں نچوڑ سکتے ہیں یا ناشتے میں آئرن والی غذا کے ساتھ تھوڑی مقدار میں مالٹے کا رس پی سکتے ہیں۔

3- خمیر شدہ غذاؤں کو اپنائیں

خمیر شدہ غذائیں بھی آئرن کے جذب میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔

خمیر کے عمل سے فائٹک ایسڈ ٹوٹ جاتا ہے، جو اناج، گریاں اور بیجوں میں پایا جاتا ہے اور آئرن کے جذب کو کم کرتا ہے۔ اسی لیے عام ڈبل روٹی کے بجائے ساور ڈو روٹی بہتر انتخاب ہو سکتی ہے۔

4- صرف آئرن سے افزودہ غذاؤں پر انحصار نہ کریں

بہت سی ڈبل روٹیوں اور ناشتے کے سیریلز میں آئرن شامل کیا جاتا ہے، لیکن اکثر اس آئرن کی وہ قسم استعمال کی جاتی ہے جو جسم آسانی سے جذب نہیں کر پاتا۔

تحقیقی مطالعات سے پتا چلا ہے کہ بعض آئرن افزودہ سیریلز سے آئرن کا جذب بہت کم ہوتا ہے، جبکہ ریفائنڈ سفید آٹے سے بنی روٹی سے آئرن نسبتاً بہتر جذب ہو سکتا ہے۔

5- کھانے کے ساتھ پینے والی چیزوں پر توجہ دیں

کھانے کے دوران پینے والی بعض چیزیں بھی آئرن کے جذب کو متاثر کرتی ہیں۔

چائے اور کافی میں ٹیننز اور پولی فینولز ہوتے ہیں جو آئرن کے جذب کو کم کر سکتے ہیں۔ ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ اگر آپ چائے پینا چاہتے ہیں تو اسے کھانے کے کم از کم دو گھنٹے بعد پئیں۔

روزانہ تجویز کردہ مقدار پوری کرنے کے باوجود جسم عموماً صرف ایک سے دو ملی گرام آئرن ہی جذب کر پاتا ہے، جو روزمرہ جسمانی افعال، پسینے اور خواتین میں ماہواری کے ذریعے ضائع ہونے والی مقدار کے برابر ہے۔

ماہرین کے مطابق آئرن سے بھرپور غذائیں دن بھر تھوڑی تھوڑی مقدار میں کھانا زیادہ فائدہ مند ہے، کیونکہ ایک وقت میں بہت زیادہ آئرن لینے سے جسم اس کے جذب کو خود محدود کر دیتا ہے۔

اگر آپ آئرن سپلیمنٹ استعمال کرنے کا سوچ رہے ہیں تو پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا بہتر ہے، کیونکہ جسم آئرن کی مقدار میں توازن برقرار رکھنے کی کوشش کرتا ہے اور ضرورت سے زیادہ آئرن بھی مسائل پیدا کر سکتا ہے۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔