پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں انتخابات کا پہلا مرحلہ: میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر پولنگ مکمل

کشمیر الیکشن
وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 10 منٹ

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ہونے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر پولنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔

ضلع کوٹلی کی چھ، ضلع بھمبر میں تین اور ضلع میرپور کی چار نشستوں کے مختلف پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ ووٹروں کی تعداد ماضی کے مقابلے کم تھی۔ انتخابات کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 18 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ فوج کے اہلکار بھی علاقے میں موجود تھے۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں جاری احتجاج اور فون اور انٹرنیٹ کی بندش کے باعث ماضی کی طرح انتخابی سرگرمیاں وسیع پیمانے پر نہیں ہو سکی ہیں۔

نامہ نگار شہزاد ملک نے میرپور کے مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا جہاں ان کے مطابق ’پولنگ کا عملہ ووٹرز کا انتظار کرتے دکھائی دیا۔ نوجوان ووٹرز بھی کم تھے۔‘

پولنگ کے دوران بھمبر اور ڈھڈیال میں تشدد کے واقعات رپورٹ ہوئے تاہم کشمیر پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ یہ سیاسی مخالفین کے درمیان معمولی جھگڑے تھے اور سکیورٹی کی مجموعی صورتحال کنٹرول میں ہے۔

دوسری طرف کشمیر کے علاقے راولاکوٹ میں کالعدم قرار دی گئی تنظیم جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے لانگ مارچ کے شرکا کو شہر سے باہر ہی روک دیا گیا ہے۔ اس دوران سکیورٹی اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس بھی استعمال کی۔

یاد رہے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نے ان انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

پاکستان تحریکِ انصاف نے بھی گذشتہ ماہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔

اتوار کے روز سیکریٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل نے مقامی انتظامی افسران کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پولنگ کے عمل میں خلل ڈالنے یا امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کے سنگین نتائج ہوں گے۔

چیف سیکریٹری اور الیکشن کمیشن کے سیکریٹری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے مسائل کے جمہوری حل کے لیے اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں۔

انھوں نے عوام سے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے گمراہ کن پروپیگنڈے کو مسترد کریں اور اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔

یاد رہے کہ میرپور ڈویژن میں انتخابات کے پہلے مرحلے کے بعد، دوسرے مرحلے میں مظفرآباد میں پولنگ دو اگست جبکہ پونچھ ڈویژن میں 10 اگست کو ہو گی۔

کشمیر الیکشن

راولاکوٹ میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم

مواد پر جائیں
بی بی سی اردو اب واٹس ایپ پر

بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں

سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں

مواد پر جائیں

راولاکوٹ کی ضلعی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کارکنوں نے سنگولہ کے مقام سے راولاکوٹ شہر آنے کی کوشش کی تو سکیورٹی فورسز اور پولیس نے ان مظاہرین کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔

انھوں نے کہا کہ دو ہزار کے قریب مظاہرین بس ٹرمینل کی جانب سے راولاکوٹ کی جانب آئے تو انھیں بھی شہر میں داخل ہونے سے زبردستی روکا گیا۔

انھوں نے کہا کہ دریک کے مقام جہاں پر ایکشن کمیٹی ڈیڑھ ماہ سے دھرنا دیے ہوئے ہیں، وہاں سے تین ہزار کے لگ بھگ مظاہرین نے راولاکوٹ کی جانب مارچ کیا۔ ضلعی انتظامیہ کے اہلکار کا کہنا تھا کہ دریک کی جانب سے آنے والے مظاہرین کی جانب سے مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی جس کے جواب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جوابی فائرنگ کی۔

انھوں نے کہا کہ انتظامیہ کی بڑی واضح پالیسی ہے کہ ’مظاہرین کی جانب سے جہاں سے فائرنگ ہوگی تو اس کے جواب میں فائرنگ کی جائے گی۔ جبکہ باقی مظاہرین کو روکنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا جا رہا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ دریک کی جانب سے جو مظاہرین راولاکوٹ کی جانب آ رہے تھے تو ان میں خواتین بھی شامل تھیں جو کہ سب سے پیچھے تھیں۔

جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اپنے مطالبات کے حق میں مظفر آباد کی جانب دوبارہ لانگ مارچ شروع کردیا ہے۔

مذکورہ کالعدم تنظیم کی کور کمیٹی کے رکن عابد شاہین نے الزام عائد کیا ہے کہ قانوں نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے ’پُرامن لانگ مارچ کے شرکا پر بلا اشتعال فائرنگ کی‘ جس کے نتیجے میں ان کے بقول کم از کم پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ان کا لانگ مارچ ’اب کسی صورت نہیں رُکے گا اور وہ مظفر آباد پہنچ کر ہی رہیں گے۔‘

کشمیر الیکشن

مظاہرین کی طرف سے لانگ مارچ اور الیکشن کا بائیکاٹ کیوں؟

24 جولائی کی رات پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد کالعدم جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 27 جولائی کو مظفر آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

کالعدم جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کور کمیٹی کے رُکن عابد شاہین نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ پہلے مرحلے میں سنیچر کو میرپور سے اُن کی تنظیم کے حامی افراد لانگ مارچ کرتے ہوئے راولا کوٹ میں دریک کے مقام پر پہنچیں گے جس کے بعد 27 جولائی کو راولا کوٹ سے مظفر آباد کی جانب لانگ مارچ کا آغاز کیا جائے گا۔

عابد شاہین کا کہنا تھا کہ اُن کی تنظیم اور اُس کے حامیوں کو الیکشن میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ اس سال مئی میں جب پاکستانی حکومت کے ساتھ مذاکرات ہوئے تھے تو اس دوران اُن کی تنظیم انتخابات میں حصہ لینے پر متفق ہو گئی تھی، لیکن بعد میں اس طرح کے حالات پیدا کیے گئے کہ ان کی تنظیم انتخابی عمل کا حصہ نہیں بن سکی۔

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں کے خاتمے سے متعلق اپنے مطالبے کے حق میں کشمیر بھر میں نو جون سے احتجاج اور لانگ مارچ شروع کر رکھا ہے۔ ہزاروں کارکنان راولا کوٹ کے علاقوں دریک عید گاہ اور آزاد پتن کے قریب موجود ہیں۔

اس احتجاج کے دوران اب تک 40 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں 34 افراد مظاہرین جبکہ چھ پولیس اور نیم فوجی اہلکار شامل ہیں۔

انتخابات سے قبل احتجاج ختم کروانے کے لیے حکومت نے ایک بار پھر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات شروع کیے تھے جو تاحال بے نتیجہ رہے ہیں۔

حکومت کی جانب سے مذاکرات کرنے والے افراد کے نام ظاہر نہیں کیے گئے جبکہ مذاکرات میں شامل حکومتی ٹیم کے ایک رُکن نے بھی بی بی سی سے گفتگو میں اپنا نام مخفی رکھنے کی درخواست کی ہے۔

مذاکرات میں ڈیڈ لاک کیوں ہوا؟

عابد شاہین نے مذاکرات کی ناکامی کی ذمہ داری حکومت پر عائد کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت اُن کے مطالبات کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی اور اس معاملے میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔

انھوں نے بتایا تھا کہ دریک کے مقام پر جاری دھرنے میں خواتین اور بچے موجود ہیں، تاہم 27 جولائی کو جب وہاں سے مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ شروع ہو گا تو اس میں خواتین اور بچوں کو شامل نہیں کیا جائے گا۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم کے نمائندہ وفد کے ساتھ مذاکرات کرنے والی حکومتی ٹیم کے ایک رکن نے بی بی سی کو بتایا کہ مذاکرات کے دوران ایکشن کمیٹی کے نمائندے اس بات پر اصرار کر رہے تھے کہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ تنظیم کے وفد کو بتایا گیا کہ حکومت چھ ماہ تک اس کے طرزِ عمل کا جائزہ لے گی، جس کے بعد اسے کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکالنے کے بارے میں فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

ان کے مطابق تنظیم کا دوسرا بڑا مطالبہ یہ تھا کہ اس کے کارکنوں کے خلاف قتل، اقدامِ قتل اور انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمات فوری طور پر واپس لیے جائیں۔ تاہم حکومتی نمائندوں نے واضح کیا کہ ایسا کرنا حکومت کے لیے ممکن نہیں اور ان مقدمات کا فیصلہ عدالتیں ہی کریں گی۔

مذاکرات میں شامل شخصیت کا کہنا تھا کہ تنظیم کے نمائندہ وفد کو یقین دہانی کرائی گئی کہ جن افراد کے خلاف مقدمات درج ہیں، ان کی عدالتوں تک رسائی کے معاملے میں حکومت نرم رویہ اختیار کر سکتی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ تنظیم سے وابستہ جن افراد کو خدشۂ نقص امن کے تحت نظر بند کیا گیا ہے، ان کی مشروط رہائی اس صورت میں ممکن ہو سکتی ہے جب جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پہلے اپنا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کرے۔

Muzaffarabad

،تصویر کا ذریعہGetty Images

میر پور میں انٹرنیٹ سروس کی جزوی بحالی، مظفر آباد میں معطل

بی بی سی کے شہزاد ملک کے مطابق پہلے مرحلے میں میر پور میں انتخابات کے پیشِ نظر انٹرنیٹ سروس کھول دی گئی ہے، تاہم موبائل انٹرنیٹ کی رفتار کم ہے۔

دوسری جانب مظفر آباد اور پونچھ ڈویژن میں انٹرنیٹ سروسز معطل ہیں۔ مظفر آباد میں موبائل سروس بحال ہے۔

ادھر میرپور پولیس کے ڈی آئی جی کامران کا کہنا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس مکمل طور پر متحرک ہے۔ اس کے علاوہ فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکار بھی مختلف علاقوں میں تعینات کر دیے گئے ہیں۔

میرپور ڈویژن میں انتخابی مہم آج رات بارہ بجے ختم ہو جائے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں انتخابات کا مرحلہ وار آغاز 27 جولائی (آج) سے ہو رہا ہے اور یہ عمل 10 اگست کو مکمل ہو گا۔

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر مصطفی مغل کے مطابق سب سے پہلے میرپور ڈویژن میں پولنگ 27 جولائی کو ہو گی۔ اس کے بعد مظفر آباد اور مہاجرین کی 12 مخصوص نشستوں پر پولنگ دو اگست کو ہو گی جبکہ پونچھ ڈویژن میں پولنگ 10 اگست کو ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح انتخات مرحلہ اور ہو رہے ہیں اس طرح ان انتخابات کے نتائج بھی روایتی انداز کے بجائے مرحلہ وار ہی جاری کیے جائیں گے۔

سنہ 2021 میں پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں عمران خان کی پاکستان تحریکِ انصاف نے واضح اکثریت حاصل کی تھی۔ تاہم 2022 میں پارلیمان میں تحریکِ عدم اعتماد کے ذریعے یہ حکومت ختم ہو گئی تھی اور تب سے یہ خطہ چار برسوں میں چار وزرائے اعظم دیکھ چکا ہے۔

12 نشستوں کا تنازع ہے کیا؟

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی 53 رکنی اسمبلی میں ان 12 نشستوں کی حیثیت طویل عرصے سے ایک متنازع مسئلہ رہی ہے۔

کشمیر اسمبلی میں 33 ارکان براہِ راست منتخب ہو کر آتے ہیں جبکہ خواتین و دیگر طبقات کے لیے آٹھ مخصوص نشستیں بھی ہیں۔

بے گھر کشمیریوں کے لیے مختص نشستوں کی بنیاد 1970 کی دہائی میں متعارف کروائی گئی تاکہ انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والے وہ لوگ، جو اس امید پر پاکستان میں آباد ہوئے تھے کہ خطے کے دیرینہ تنازع کے حل کے بعد وہ اپنے گھروں کو واپس جا سکیں گے، اس علاقے کے انتظام و انصرام کے حوالے سے اپنی آواز پہنچا سکیں۔

لیکن جن لوگوں کے لیے یہ نشستیں مخصوص ہیں، ان میں سے بہت سے افراد دراصل پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں نہیں رہتے، جس کا مطلب یہ ہے کہ مقامی لوگ مؤثر طور پر ان نشستوں پر انتخاب لڑنے سے محروم ہیں۔

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے ان مخصوص نشستوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کا مؤقف ہے کہ یہ مقامی نمائندگی کو کمزور کرتی ہیں اور قانون ساز اسمبلی کی تمام نشستیں اُن لوگوں کے لیے ہونی چاہییں جو واقعی اس خطے میں رہتے ہیں۔

تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ریزرویشن ضروری ہے۔ حکام یہ عہد بھی کر چکے ہیں کہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں انتخابات ہر صورت ہوں گے۔

گرفتاریاں اور کریک ڈاؤن

Kashmir

،تصویر کا ذریعہGetty Images

گذشتہ ماہ سے جاری احتجاج کے دوران سکیورٹی اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ بھی جاری رہا ہے، جبکہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد اس کے خلاف کریک ڈاؤن میں بھی تیزی آئی تھی۔

گذشتہ ماہ احتجاج شروع ہونے کے کچھ روز بعد سکیورٹی اہلکاروں نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما شوکت نواز میر کو گرفتار کر لیا تھا۔

احتجاجی تحریک کے تناظر میں حکومت کشمیر نے عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اس کے بعض مرکزی رہنماؤں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے چار سرگرم رہنماؤں کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے والوں کے لیے فی کس ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔

سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق انعامی فہرست میں شوکت نواز میر، عمر نذیر کشمیری، خواجہ مہران ارشد اور سردار امان خان شامل ہیں۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی حکومت نے کالعدم قرار دی گئی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے 150 سے زائد رہنماؤں اور اہم کارکنوں کے نام انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ چار میں بھی ڈال دیے تھے۔

انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ چار جسے فورتھ شیڈول بھی کہا جاتا ہے، میں شامل افراد کے شناختی کارڈ اور بینک اکاؤنٹس بلاک کر دیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے زیر استعمال پاسپورٹ کو بھی سٹاپ لسٹ میں ڈال دیا جاتا ہے۔ اس قانون کے تحت کوئی بھی شخص انتظامیہ کی پیشگی اجازت کے بغیر اپنا علاقہ نہیں چھوڑ سکتا۔