لائیو , ایران کے ساتھ صرف ایک مستقل اور دیرپا معاہدہ چاہتا ہوں: صدر ٹرمپ

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ صرف ایک مستقل اور دیرپا معاہدہ چاہتے ہیں۔ امریکی صدر نے فاکس نیوز کو فون پر دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا: 'مجھے کبھی بھی حکومت کی تبدیلی میں زیادہ دلچسپی نہیں رہی۔ کچھ لوگ حکومت کی تبدیلی کی بات کرتے ہیں، لیکن آپ کو یہ بھی بتانا پڑتا ہے کہ اس کا مطلب کیا ہے۔'

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. ایران نے قطری وفد کے دورہ تہران کی تصدیق کر دی

    ایران

    ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے سنیچر کو کہا کہ قطر کا ایک وفد گذشتہ شام تہران پہنچا تھا اور اس نے ’دو گھنٹے تک بات چیت‘ کی، تاہم انھوں نے مذاکرات کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

    امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے مذاکرات حالیہ مہینوں میں تعطل کا شکار رہے ہیں۔

    تاہم ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کہتے ہیں خطے میں جاری بات چیت کو ’موقع دیا جانا چاہیے‘ اور یہ کہ آبنائے ہرمز کی امریکی ناکہ بندی ’معقول انداز میں ختم کی جانی چاہیے۔‘

    سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمارا مؤقف واضح ہے، جب تک ایران کے مطالبات پورے نہیں ہوتے، آبنائے ہرمز اور اس کے کھولے جانے کے بارے میں گفتگو بے معنی ہے۔‘

    ’ہم ہمیشہ مذاکرات کے لیے اپنی آمادگی کا اظہار کرتے رہے ہیں، بالکل اسی طرح جیسے ہم اپنے دفاع کے لیے بھی تیار ہیں۔‘

    ایران کے مطالبات میں تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ، ایرانی اثاثوں پر عائد پابندیوں کا خاتمہ، تیل پر عائد پابندیوں کو اٹھایا جانا اور ایرانی بندرگاہوں کے خلاف امریکہ کی جوابی ناکہ بندی کا خاتمہ شامل ہے۔

  2. بحرین کا ایرانی فضائی حملوں کو روکنے کا دعویٰ

    بحرین کے بادشاہ کے میڈیا امور کے مشیر کا کہنا ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے بحرینی فضائی حدود میں ایرانی میزائل اور ڈرونز کو روک کر تباہ کر دیا ہے۔

    یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے بحرین میں واقع الرفاع اور عوالی کے فوجی اڈوں پر امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کے دو ریڈاروں کو نشانہ بنایا ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ کارروائی ایران کی فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزی اور امریکی فوجی جاسوس ڈرونز ایم کیو-1 اور ایم کیو-9 کی پروازوں کے جواب میں کی گئی تھی۔

    تاہم بحرینی حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی میزائل اور ڈرونز کو فضائی دفاعی نظام نے فضا ہی میں ناکام بنا دیا۔ فی الحال ان متضاد دعوؤں کی کسی آزاد ذریعے سے تصدیق نہیں ہو سکی، اور نقصان کی نوعیت یا حجم کے بارے میں بھی واضح معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

    اس سے قبل بحرین نے الزام لگایا تھا کہ ایران نے ملک میں ایک شہری صنعتی تنصیب کو نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں وہاں آگ بھڑک اٹھی۔

    بحرین کی وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ ایران نے ایک شہری صنعتی تنصیب کو نشانہ بنایا، جس کے بعد اس مقام پر آگ لگ گئی۔ حکام کا کہنا تھا کہ سول ڈیفنس کی ٹیمیں آگ پر قابو پانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔

  3. پاسدارانِ انقلاب کا بحرین میں امریکی فوج کے دو ریڈاروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک میزائل اور ڈرون حملے میں بحرین میں واقع الرفاع اور عوالی کے دو فوجی اڈوں پر نصب امریکی فوج کے پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کے دو ریڈاروں کو نشانہ بنایا ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ ’ایران کی فضائی حدود کی مسلسل خلاف ورزی اور جارحیت‘ کے جواب میں کیا گیا۔

    بیان کے مطابق یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب امریکی فوج کے دو جاسوس ڈرون، ایم کیو-1 اور ایم کیو-9، ایرانی فضائی حدود میں داخل ہوئے۔

    پاسدارانِ انقلاب نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ آج صبح سے خطے میں امریکی فضائی نگرانی اور حفاظتی کارروائیوں کے نتیجے میں اس کے زیرِ تحفظ آلات اور بحری جہازوں کو نقصان پہنچا ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا کہ ’کسی بھی ملک یا جارح قوت‘ کی جانب سے ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا جواب ’سخت اور فیصلہ کن‘ انداز میں دیا جائے گا۔

    تاہم امریکی اور بحرینی حکام نے ابھی تک اس دعوے پر کوئی ردِعمل نہیں دیا، اور نقصان کی نوعیت یا حجم کے بارے میں بھی کسی آزاد ذریعے سے تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

  4. ایران کے ساتھ ایک مستقل اور دیرپا معاہدہ چاہتا ہوں: صدر ٹرمپ

    امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ صرف ایک مستقل اور دیرپا معاہدہ چاہتے ہیں۔

    امریکی صدر نے فاکس نیوز کو فون پر دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا: ’مجھے کبھی بھی حکومت کی تبدیلی میں زیادہ دلچسپی نہیں رہی۔ کچھ لوگ حکومت کی تبدیلی کی بات کرتے ہیں، لیکن آپ کو یہ بھی بتانا پڑتا ہے کہ اس کا مطلب کیا ہے۔‘

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’میں اب تک دو حکومتوں کا خاتمہ کر چکا ہوں۔ گروپ ون اور گروپ ٹو۔ اب ہم گروپ تھری سے نمٹ رہے ہیں۔ اس لیے آپ اسے حتمی حکومت کی تبدیلی بھی کہہ سکتے ہیں۔‘

    ٹرمپ نے کہا کہ تیسرے گروپ کا رویہ ’اتنا مختلف نہیں۔ شاید وہ زیادہ عقلمند ہیں، لیکن ان کے ساتھ کام کرنا بہت، بہت مشکل ہے۔ میرا مطلب ہے کہ ہم کوئی معاہدہ کرتے ہیں اور اگلے ہی دن وہ اسے توڑ دیتے ہیں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ ایسا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں جو طویل عرصے تک برقرار رہے، ’تاکہ اگر چار، 15 یا 20 سال بعد کوئی نااہل صدر بھی آ جائے تو ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔‘

  5. سینٹکام کی امریکی ایف سولہ طیارے کو نقصان پہنچنے کی تردید

    تصویر

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ایران کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے خلیج کے علاقے میں ایک امریکی ایف-16 جنگی طیارے کو نشانہ بنا کر نقصان پہنچایا ہے۔

    سینٹکام نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ایران نے جمعے کے روز کسی امریکی ایف-16 طیارے پر حملہ نہیں کیا۔ امریکی فوج کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں موجود تمام امریکی جنگی طیارے ’محفوظ اور مکمل طور پر فعال‘ ہیں۔

    اس سے قبل ایرانی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ جمعے کی شام فضائی دفاعی نظام نے ایک امریکی ایف-16 طیارے کی جانب میزائل داغا، جس کے نتیجے میں طیارے کو نقصان پہنچا اور اسے ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

    تاہم امریکی فوج نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی امریکی جنگی طیارے کو نقصان نہیں پہنچا اور خطے میں تعینات تمام فضائی اثاثے معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔

    دونوں جانب سے سامنے آنے والے متضاد بیانات کے باعث اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

  6. ایران امریکہ پیغامات کا تبادلہ؟ تہران میں قطری وفد کی آمد پر نئی قیاس آرائیاں

    ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ رابطوں اور ثالثی کی کوششوں کے حوالے سے قطر کی سفارتی سرگرمیاں ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔

    امریکی نشریاتی ویب سائٹ ایگزیوس کے رپورٹر باراک راوید کے مطابق قطری ایلچی علی زوادی گذشتہ رات تہران پہنچے تھے، جہاں انھوں نے ایرانی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ علی زوادی قطر کے ایک سینئر سفارت کار ہیں اور حکومت میں سٹریٹجک امور کے وزیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

    ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے صحافیوں سے گفتگو میں تصدیق کی کہ قطری وفد گذشتہ رات تہران میں موجود تھا۔ ان کے مطابق وفد نے تقریباً دو گھنٹے تک بات چیت کی، جس کے بعد وہ قطر واپس روانہ ہو گیا۔

    اس سے قبل باراک راوید نے رپورٹ کیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایلچی سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر نے جمعرات کو برلن میں قطری حکام سے ملاقات کی تھی۔ اسی دوران قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے جرمن چانسلر فریڈرک مرز اور صدر فرینک والٹر اشٹائن مائر کی میزبانی بھی کی۔

    دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے آج اخبار ایران کو دیے گئے ایک انٹرویو میں قطر اور عمان کے ذریعے تہران اور واشنگٹن کے درمیان پیغامات کے تبادلے کے بارے میں سوال کیا گیا۔ جواب میں انھوں نے کہا کہ ایسا ضروری نہیں کہ قطر یا کسی دوسرے ملک سے ایران آنے والی ہر پرواز کسی مذاکراتی یا ثالثی مشن کا حصہ ہو۔

  7. ایران کا خلیج فارس میں امریکی ایف 16 کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایران کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے خلیج فارس میں ایک امریکی ایف 16 لڑاکا طیارے کو میزائل سے نشانہ بنا کر نقصان پہنچایا، جس کے بعد طیارے نے خطے میں موجود ایک امریکی ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی۔

    ایرانی فوج کے مطابق یہ واقعہ جمعے کی شام ایران کے جنوبی ساحل کے قریب پیش آیا، جب اس کے فضائی دفاعی نظام نے امریکی طیارے کی نشاندہی کی اور اسے روکنے کے لیے میزائل داغا۔

    ارنا کے مطابق ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ ’امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے جنگ شروع کیے جانے کے بعد سے ایران کے مسلح افواج متعدد امریکی طیاروں کو تباہ کر چکے ہیں، جن میں ایف 35، ایف 16 اور ایف 15 لڑاکا طیارے شامل ہیں۔‘

    ایرانی فوج نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ’اس کے فضائی دفاعی نظام نے دشمن کے جاسوس اور جنگی ڈرونز کو بھی نشانہ بنا کر تباہ کیا ہے، جبکہ بعض ڈرونز کو صحیح سلامت قبضے میں لیا گیا۔‘

  8. یمن میں سعودی فوجی اتحاد کے حملے، حوثیوں کا ایک شہری کی ہلاکت کا دعویٰ

    یمن کے حوثی باغیوں سے وابستہ ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے حوثیوں کے زیرِ کنٹرول متعدد علاقوں پر میزائل حملے کیے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق صوبہ صعدہ کے علاقے حیدان جبکہ صوبہ تعز کے شہروں الشمایتین اور المواسط کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    حوثیوں کا کہنا ہے کہ صوبہ حجہ کے علاقے مستبہ پر بھی حملہ کیا گیا، جہاں ایک شہری ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوئے۔

    سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے ان حملوں کے بارے میں فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔ تاہم یہ کارروائیاں ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب یمن میں کشیدگی برقرار ہے اور حوثی حالیہ ہفتوں میں سعودی عرب اور بحیرۂ احمر میں اہداف کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دے چکے ہیں۔

  9. امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر کی دوحہ میں قطری وزیرِ دفاع سے ملاقات

    تصویر

    امریکی سینٹکام کے کمانڈر بریڈ کوپر اور ان کے وفد نے دوحہ میں قطر کے وزیرِ دفاع سعود بن عبدالرحمن آل ثانی سے ملاقات کی ہے۔

    بریڈ کوپر نے گذشتہ ہفتے اسرائیل کا دورہ بھی کیا تھا جہاں اُنھوں نے اسرائیلی انٹیلی جنس اور فوجی حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔

    قطری وزارتِ دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ملاقات میں ’باہمی دلچسپی کے متعدد امور اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور فروغ دینے کے طریقوں‘ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب قطر نے ایران سے متعلق بحران کے حل کے لیے اپنی سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

    قطر، پاکستان کے ساتھ مل کر، ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات میں اہم ثالثی کردار ادا کر رہا ہے۔

  10. ایف آئی اے کا 25 کروڑ روپے کے مبینہ امیگریشن فراڈ میں ملوث دو ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ

    تصویر

    وفاقی تفتیشی ادارے (ایف آئی اے) نے انسانی سمگلنگ اور بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر 25 کروڑ روپے کے مبینہ مالی فراڈ میں ملوث دو امیگریشن کمپنیوں کے مالکان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر ایک منظم امیگریشن فراڈ نیٹ ورک کا حصہ تھے۔

    کیس میں سعودی عرب میں ملازمت اور امیگریشن کے مواقع فراہم کرنے کے نام پر متعدد شہریوں سے مبینہ دھوکہ دہی کا انکشاف ہوا ہے۔ فراڈ کی مجموعی مالیت تقریباً 25 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔

  11. عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات, شہزاد ملک، بی بی سی اردو، اسلام آباد

    تصویر

    راولپنڈی کی اڈیالہ جیل انتظامیہ کے مطابق سنیچر کو سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے درمیان ملاقات کروائی گئی ہے۔

    جیل حکام کے مطابق یہ ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کرائی گئی اور 30 منٹ کی ملاقات کے بعد دونوں کو اپنے اپنے سیل میں منتقل کر دیا گیا۔

    عمران خان کا طبی معائنہ ہونے کے بعد دونوں کے درمیان یہ پہلی ملاقات ہے۔

    اس سے قبل عمران خان اور بشری بی بی کے لیے تشکیل کردہ خصوصی میڈیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عارف اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔

    جیل حکام کے مطابق ڈاکٹر نے عمران خان اور بشری بی بی کا بلڈ پریشر اور آنکھوں کا معائنہ کیا۔ ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹر عارف کو جیل ہسپتال کے طبی عملے میں معاونت فراہم کی۔

  12. فوج کو قوم کے مقابلے میں نہیں بلکہ دُشمن کے مقابلے میں طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں: مولانا فضل الرحمان

    تصویر

    جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم فوج کے خلاف نہیں، فوج ہماری دفاعی قوت ہے، لیکن ہم اسے قوم کے مقابلے میں نہیں بلکہ دُشمن کے مقابلے میں طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں۔

    سنیچر کو پشاور ہائیکورٹ بار میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں شفاف الیکشن کی ضرورت ہے تاکہ اسمبلیوں پر لوگ اعتماد کر سکیں اور عوام کی رائے کو طاقت مل سکے۔

    مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارے قبائلی علاقوں میں ہفتے میں دو دن کرفیو لگتا ہے، تو کیا باقی پانچ دن وہاں دہشت گردی نہیں ہوتی؟ صرف دو دن ہی کرفیو لگانے کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے؟

    مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ’جب مجھے خطاب کے لیے آنے کی دعوت دی گئی تو کہا گیا: مولانا صاحب! آپ کو صوبے کے امن و امان کی صورتِحال کا علم ہے، بہتر ہوگا کہ آپ نہ آئیں۔ لیکن میں نے کہا، اچھا! اتنا امن و امان ہے کہ ہماری سکیورٹی بھی واپس لینی پڑی؟‘

    اُن کا کہنا تھا کہ یہ تضادات ہیں، اپنے مفادات کے لیے تضادات کی سیاست کی جا رہی ہے۔ ہم اگر بات کر رہے ہیں تو اپنی قوم کے حقوق کی بات کر رہے ہیں۔

    مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ’آج بلاول بھٹو بھی وہ بات کر رہے ہیں، جو ہم کرتے ہیں، آج وہی آواز حکومت کے گلی کوچوں سے بھی آ رہی ہے۔‘

  13. سعودی فوجی اتحاد کا ریاض کی جانب داغے گئے تین میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ

    یمن میں حوثیوں کے خلاف برسرِپیکار سعودی فوجی اتحاد کا کہنا ہے کہ اس نے ریاض کی جانب داغے گئے تین میزائل مار گرائے ہیں۔

    گذشتہ چند روز میں حوثیوں کی جانب سے سعودی دارالحکومت پر یہ دوسرا حملہ ہے۔

    اگرچہ سعودی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ ان میزائلوں کو راستے میں تباہ کر دیا گیا، تاہم ریاض میں موجود عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انھوں نے دھماکوں کی آوازیں سنی ہیں۔

    چند روز قبل حوثیوں کے میزائل حملوں میں ریاض کی بلند ترین عمارت کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں عمارت کی کئی منزلوں اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔

    سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے جمعے کے روز بحیرۂ احمر پر واقع بندرگاہ الحدیدہ اور حوثیوں کے بعض ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے تھے۔

    اس کے بعد ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے کہا تھا کہ وہ ان حملوں کا جواب دیں گے اور بحیرۂ احمر کے ساحل پر واقع سعودی بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔

    حوثیوں نے فضائی کمپنیوں کو سعودی فضائی حدود استعمال کرنے سے گریز کرنے کا انتباہ بھی جاری کیا تھا۔

  14. ایران کو جنگی محاذ سے زیادہ مشکل ’خاموش معاشی جنگ‘ کا سامنا ہے: مسعود پزشکیان

    IRNA
    ،تصویر کا کیپشنایرانی صدر مسعود پزشکیان

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ایران اس وقت ایک ’خاموش معاشی جنگ‘ کا سامنا کر رہا ہے جو میزائلوں سے لڑی جانے والی فوجی جنگ سے کہیں زیادہ مشکل ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔

    ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق پزشکیان نے سنیچر کو تہران میں سرمایہ کاروں سے ملاقات اور اسی حوالے سے ہونے والی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ایران ایسی خاموش جنگ میں مصروف ہے جو میزائل داغنے اور تباہی پھیلانے والی جنگ سے کہیں زیادہ مشکل ہے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک معاشی جنگ ہے جس کا آپ، بطور معاشی سرگرمیوں سے وابستہ افراد، سامنا کر رہے ہیں اور یہ کوئی آسان لڑائی نہیں ہے۔‘

    پزشکیان نے کہا کہ ’ایران ایک غیر مساوی اور غیر منصفانہ جنگ کا بھی سامنا کر رہا ہے، جس میں ’غنڈہ گردی اور ظلم کرنے والے ایک گروہ‘ کا مقصد ملکی نظام کو گرانا ہے۔‘

    تاہم ان کے مطابق ایرانی عوام، سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں، صنعت کاروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد نے حالات کو سنبھال کر دشمن کے منصوبوں کو ناکام بنایا اور اسے مایوس کیا۔

    ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ’دشمن کو توقع تھی کہ ملک میں قحط کی صورت حال پیدا ہو گی اور اشیائے ضروریہ کی قلت سامنے آئے گی، لیکن ایسا نہیں ہوا اور پیداوار جاری رہی۔‘

    انھوں نے جنگی حالات میں ملک کو مشکلات سے نکالنے کی کوششوں پر معاشی شعبے سے وابستہ افراد کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ ملک کے مسائل حل کرنے کی جانب پہلا قدم ان مسائل کو تسلیم کرنا اور پھر ان کے حل کے لیے کوشش کرنا ہے۔‘

  15. امریکہ میں سائبر حملوں کا سلسلہ جاری، دو مزید سرکاری ادارے متاثر

    Getty Images
    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    امریکی حکومت کے دو مزید اداروں پر سائبر حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جو امریکہ کے ٹیکنالوجی انفراسٹرکچر پر حالیہ سائبر حملوں اور خلل ڈالنے کے واقعات کے سلسلے کی تازہ کڑی ہیں۔

    ایف بی آئی اپنے جرائم سے متعلق ڈیٹا بیس پر ممکنہ ہیکنگ حملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ یہ ڈیٹا بیس وفاقی، ریاستی اور مقامی اداروں کو آپس میں منسلک کرتا ہے۔

    اسی دوران امریکی محکمۂ زراعت کے کسانوں کو ادائیگی کرنے والے نظام کو بھی سائبر حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ محکمہ اس خدشے کا جائزہ لے رہا ہے کہ اس کے نیٹ ورک کے دیگر حصے بھی متاثر ہوئے ہو سکتے ہیں۔

    گذشتہ ایک ماہ کے دوران امریکہ کے ہوا بازی، بینکاری اور قومی سلامتی کے نظام بھی سائبر حملوں کی زد میں آئے ہیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر خلل پڑا، جس کے بعد وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ سائبر سکیورٹی ڈائریکٹر شان کرین کراس نے استعفیٰ دے دیا۔

    خیال کیا جا رہا ہے کہ ہیکرز نظاموں میں ایسی کمزوریاں تلاش کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کر رہے ہیں جن کا انسانی طور پر پتا لگانا ممکن نہیں ہوتا۔

  16. آبنائے ہرمز سے نکلنے والے دو بحری جہازوں پر نامعلوم پروجیکٹائل سے حملے

    Getty Images

    برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق آبنائے ہرمز سے نکلنے والے دو آئل ٹینکرز کو عمان کے علاقے خصب کے قریب نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

    ادارے کے مطابق پہلے واقعے میں آئل ٹینکر کے پچھلے حصے کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ واقعہ عمان کے علاقے خصب سے 20 کلومیٹر شمال میں پیش آیا۔ اس حملے میں کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم اس کے ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    دوسرے واقعے میں آبنائے ہرمز سے نکلنے والے ایک آئل ٹینکر کو خصب سے تقریباً 31 کلومیٹر مشرق میں نشانہ بنایا گیا۔

    برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق ٹینکر کے انجن روم کے علاقے کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا تاہم اس واقعے میں بھی کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

  17. بصرہ پاور پلانٹ میں دھماکے اور آگ سے کم از کم چار افراد ہلاک

    Reuters

    عراق کے جنوبی شہر بصرہ میں واقع ایک پاور پلانٹ میں دھماکے کے بعد لگنے والی آگ سے کم از کم چار افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    عراقی سکیورٹی حکام کے مطابق یہ واقعہ بصرہ کے شمال میں واقع حریثہ پاور پلانٹ میں پیش آیا۔ عراق کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی این اے کے مطابق شہری دفاع کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر دھماکے اور آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، جبکہ نقصانات کا مکمل تخمینہ بھی تاحال سامنے نہیں آیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آگ پاور پلانٹ سے ملحقہ رہائشی علاقوں تک پھیل گئی تھی، جس کے باعث پلانٹ کی سرگرمیاں معطل کر دی گئیں۔

    حکام کے مطابق حریثہ پاور پلانٹ کی پیداواری صلاحیت 800 میگاواٹ ہے، تاہم واقعے سے قبل یہ تقریباً 400 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا تھا۔

    عراق کا بجلی کا شعبہ کئی دہائیوں سے کم سرمایہ کاری، ناقص دیکھ بھال اور بنیادی ڈھانچے کے مسائل کا شکار ہے۔ خاص طور پر گرمیوں کے موسم میں بجلی کی طلب بڑھنے پر ملک کو بارہا طویل لوڈشیڈنگ اور نظام میں خرابیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    توانائی کی تنصیبات، سب سٹیشنوں اور پاور پلانٹس میں آتشزدگی اور تکنیکی خرابیوں کے باعث ماضی میں بھی ملک کے مختلف حصوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوتی رہی ہے۔

    Reuters
  18. ایران کے مبینہ ’ڈرٹی بم‘ منصوبے پر ٹرمپ کا ردعمل: ’مجھے نہیں معلوم، ایسی افواہیں ہیں‘

    Kevin Dietsch/Getty Images

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے مبینہ طور پر ’ڈرٹی بم‘ تیار کرنے سے متعلق خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہیں جانتے کہ یہ اطلاعات درست ہیں یا نہیں، تاہم اگر ایران ایسا کوئی ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہا ہے تو امریکہ اسے روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران واشنگٹن پر ممکنہ ’ڈرٹی بم‘ حملے سے متعلق انٹیلی جنس رپورٹس کے بارے میں سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم۔ ایسی افواہیں ہیں کہ وہ ایک ڈرٹی بم بنا رہے ہیں۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’ہمارے پاس ایران میں ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں بہت معلومات ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں، کون ہیں اور کہاں ہیں۔ اگر ایسا کچھ ہوا تو ہمیں اس کا علم ہو جائے گا اور ہم اسے ہونے نہیں دیں گے۔‘

    اس سے قبل امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے رپورٹ کیا تھا کہ امریکی سکیورٹی اداروں کو ایسی انٹیلی جنس اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن سے اشارہ ملتا ہے کہ ایران ایک ’ڈرٹی بم‘ بنانے اور اسے واشنگٹن میں استعمال کرنے کی کوشش کر سکتا ہے۔

    تاہم خبر رساں ادارے روئٹرز کا کہنا ہے کہ وہ سی این این کی اس رپورٹ کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کر سکا۔

    دوسری جانب ایرانی حکام اس دعوے کی تردید کر چکے ہیں، جبکہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پہلے کہا تھا کہ ان کے خیال میں واشنگٹن کو اس وقت ایران کی جانب سے کوئی فوری خطرہ لاحق نہیں۔

    ’ڈرٹی بم‘ ایسا ہتھیار ہوتا ہے جس میں روایتی دھماکہ خیز مواد کے ذریعے تابکار مواد کو منتشر کیا جاتا ہے۔ یہ جوہری بم سے مختلف ہوتا ہے اور اس کا بنیادی مقصد بڑے علاقے میں تابکاری پھیلانا اور خوف و ہراس پیدا کرنا ہوتا ہے۔

  19. پاکستان میں سالانہ بنیاد پر مہنگائی میں 10.4 فیصد اضافہ، انڈے، آٹا اور مرغی کا گوشت مہنگا, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں مہنگائی

    پاکستان میں سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 10.41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں حالیہ ہفتے کے دوران قیمتوں میں 0.65 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔

    پاکستان ادارۂ شماریات کے مطابق سالانہ بنیاد پر مہنگائی میں اضافے کی بڑی وجہ توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ اس عرصے کے دوران ایل پی جی 87.99 فیصد، کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 36.30 فیصد، ہائی اسپیڈ ڈیزل 24.84 فیصد اور پیٹرول 21.35 فیصد مہنگا ہوا۔

    ہفتہ وار بنیاد پر بعض اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ ٹماٹر 30.55 فیصد، پیاز 9.17 فیصد، ایل پی جی 6.46 فیصد، پیٹرول 3.87 فیصد اور ڈیزل 2.46 فیصد سستا ہوا۔ مونگ کی دال، گڑ اور چینی کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی دیکھی گئی۔

    دوسری جانب کئی ضروری اشیا مہنگی ہوئیں۔ انڈوں کی قیمت میں 8.84 فیصد، آلو میں 8.07 فیصد، گندم کے آٹے میں 4.42 فیصد اور مرغی کے گوشت میں 3.01 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کیلے، لہسن، ویجیٹیبل گھی، گائے کے گوشت اور لکڑی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔

    ادارۂ شماریات کے مطابق ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیا کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ ان میں سے 23 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، آٹھ کی قیمتوں میں کمی جبکہ 20 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

    مختلف آمدنی والے طبقات کے لیے بھی ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ سب سے کم آمدنی والے گروپ کے لیے قیمتوں میں 0.46 فیصد جبکہ سب سے زیادہ آمدنی والے گروپ کے لیے 0.81 فیصد کمی دیکھی گئی۔

    سالانہ بنیاد پر گندم کے آٹے کی قیمت میں 44.20 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ مرغی کا گوشت 24.35 فیصد، پیاز 24.05 فیصد، مرچ پاؤڈر 15.55 فیصد، مٹن 14.60 فیصد، سادہ ڈبل روٹی 12.35 فیصد، گائے کا گوشت 11.10 فیصد اور تازہ دودھ 8.96 فیصد مہنگا ہوا۔

    اس کے برعکس، آلو کی قیمت میں 27.13 فیصد، چینی میں 26.24 فیصد، ٹماٹر میں 20.86 فیصد اور انڈوں کی قیمت میں 16.10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ مختلف دالوں کی قیمتوں میں بھی سالانہ بنیاد پر کمی دیکھی گئی۔

  20. پاکستان بھی دہشت گردی سے بہت متاثر ہوا ہے: مصدق ملک کی انڈیا میں صحافیوں سے گفتگو

    مصدق ملک

    پاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے ایک اجلاس میں شرکت کے لیے انڈیا کے دورے پر ہیں، جہاں صحافیوں نے ان سے پاکستان میں موجود شدت پسند گروہوں کے خلاف کارروائی سے متعلق سوالات کیے۔

    خبر رساں اداروں سے گفتگو میں مصدق ملک نے کہا کہ وہ ایک کثیرالجہتی فورم میں شرکت کے لیے آئے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس پلیٹ فارم پر ہونے والی بات چیت تعمیری اور منظم انداز میں آگے بڑھے۔

    انڈین صحافی کی جانب سے یہ سوال کیے جانے پر کہ پاکستان میں موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جاتی، مصدق ملک نے کہا کہ دہشت گردی کے کسی بھی معاملے پر بات کرتے وقت شفافیت ضروری ہے اور دونوں فریقوں کو اپنے دعوؤں کے حق میں ثبوت پیش کرنے چاہییں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک شفاف اور قابلِ اعتماد نظام قائم کیا جائے تو اس سے باہمی اعتماد بحال کرنے میں مدد مل سکتی ہے اور مسائل کے حل کی راہ بھی نکل سکتی ہے۔

    مصدق ملک نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان خود دہشت گردی سے شدید متاثر ہوا ہے۔ ان کے مطابق ملک نے دہشت گردی کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان اٹھایا ہے اور پاکستانی عوام نے اس کی بھاری قیمت چکائی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ خطے میں دہشت گردی کے واقعات صرف ایک ملک تک محدود نہیں رہے اور گذشتہ چند برسوں میں مختلف ممالک میں ہزاروں جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ان چیلنجز کا مستقل اور پائیدار حل چاہتا ہے۔

    ڈاکٹر مصدق ملک انڈیا میں منعقدہ ایس سی او سولائزیشن ڈائیلاگ فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں، جہاں رکن ممالک کے نمائندے علاقائی تعاون، ثقافتی روابط اور مشترکہ چیلنجز پر تبادلۂ خیال کر رہے ہیں۔