پاسدارانِ انقلاب کے نئے سربراہ منظرِ عام سے غائب کیوں ہیں؟
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر اِن چیف بریگیڈیئر جنرل احمد واحدی مارچ کے آغاز سے ہی میڈیا سے غائب ہیں۔
مارچ میں ہی انھیں پاسدارانِ انقلاب کمانڈر ان چیف کے اعلیٰ عہدے پر تعینات کیے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
وہ آخری مرتبہ 11 فروری کو عوامی سطح پر سامنے آئے تھے کہ جب انھوں نے جنوبی شہر شیراز میں سنہ 1979 کے انقلاب کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ ایک ریلی میں ’دشمن‘ کو ایران کے خلاف کسی بھی مہم جوئی سے باز رہنے کی تنبیہ کی تھی۔
یکم مارچ کو بعض خبر رساں اداروں کی ویب سائٹس نے یہ خبر دی تھی کہ واحدی کو پاسدارانِ انقلاب کا نیا کمانڈر مقرر کیا گیا ہے۔
تاہم ان ویب سائٹس میں کوئی بھی بڑی سرکاری خبر رساں ایجنسی یا پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ ادارہ شامل نہیں تھا۔
احمد واحدی کے پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر اِن چیف بننے کی یہ خبر ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں میجر جنرل محمد پاکپور اور کئی سینئر کمانڈروں کی ہلاکت کے بعد سامنے آئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق تقرری سے قبل احمد واحدی پاسدارانِ انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر اِن چیف کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔