آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا جزیرہ قشم کے نزدیک امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس ڈرون کو پاسدارانِ انقلاب کے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ ہے کہ یہ 18واں امریکی ایم کیو-1 ڈرون ہے جسے ایرانی افواج نے مار گرایا ہے۔

لائیو کوریج

  1. یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم اس صفحے کو اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔

    17 نومبر کی خبروں کو پڑھنے کے لیےاس لنک پر کلک کریں۔

  2. روس کا فوجی طیارہ سائبیریا میں گر کر تباہ، 19 افراد ہلاک: وزارت دفاع

    روس کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے ایک فوجی مال بردار طیارہ سائبیریا کے علاقے کیمیروو میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 19 افراد ہلاک ہو گئے۔

    روس کے سرکاری میڈیا کے مطابق وزارت نے بتایا کہ این-12 طیارہ معمول کی پرواز پر تھا جب وہ ایک غیر آباد علاقے میں حادثے کا شکار ہوا۔

    بیان کے مطابق ابتدائی اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حادثے کی ممکنہ وجہ تکنیکی خرابی تھی، جبکہ روسی ہوا بازی کے متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    مقامی گورنر ایلیا سیریدیوک کا کہنا ہے کہ یاگونوفو گاؤں کے قریب طیارہ گرنے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر لگنے والی آگ پر جلد قابو پا لیا، جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بند کر دیا ہے۔

  3. حوثیوں کی طرف سے فائر کیا گیا ڈرون ریاض میں تباہ کر دیا گیا: سعودی فوجی اتحاد

    یمن میں عالمی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کی قیادت میں بنائے گئے عسکری اتحاد کے ترجمان کا کہنا ہے کہ منگل کو اس نے حوثیوں کی جانب سے داغا گیا ایک ڈرون ریاض کے علاقے میں روک کر تباہ کیا ہے۔

    پیر کے روز بھی سعودی اتحاد نے کہا تھا کہ اس نے حوثی گروہ کی جانب سے داغے گئے دو ڈرون مکہ اور ریاض کے علاقوں میں تباہ کیے ہیں۔

  4. ایرانی وزیر خارجہ کی عمان میں قطری وفد سے ملاقات: سرکاری میڈیا

    ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی، جو اس وقت عمان میں ہیں، نے قطری نمائندوں سے ملاقات کی ہے۔

    قطر کے وزیر اعظم کے مشیر کی سربراہی میں ایک قطری وفد بھی عمان پہنچا ہے۔

    ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے ملاقات کی تفصیلات بیان کیے بغیر کہا کہ فریقین نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔

    اس ملاقات میں عراقچی نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے قطر کے ’کردار کو جاری رکھنے‘ پر زور دیا۔

    ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی تازہ صورتحال کے حوالے سے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا کہ اس وقت کوئی مذاکرات جاری نہیں ہیں۔

    عراقچی اس سے قبل عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ اس سے پہلے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔

  5. پشاور پولیس نے تیمور سلیم جھگڑا اور دیگر دو رہنماؤں کو حفاظتی تحویل میں لے لیا: پی ٹی آئی, عزیز اللہ خان، پشاور

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کہنا ہے کہ پشاور میں پولیس نے اس کے تین صوبائی رہنماؤں تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو گرفتار کر لیا ہے۔

    پشاور پولیس یا صوبائی انتظامیہ نے تاحال ان گرفتاریوں کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔

    تاہم تیمور سلیم جھگڑا اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے وکیل علی گوہر ایڈووکیٹ نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ تینوں افراد کو تھری ایم پی او کے تحت حفاظتی تحویل میں لیا ہے۔

    دوسری جانب پی ٹی آئی کائرز ونگ کے رہنما ندیم شاہ ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان پر حملے سے متعلق کیس میں منگل کو انسداد دہشتگردی کی ایک عدالت نے تینوں رہنماؤں کی ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ کر دی تھی، جس کے بعد تینوں نے پشاور ہائی کورٹ سے 23 نومبر تک اپنی ضمانتیں منظور کروائی تھیں۔

    تاہم ندیم شاہ ایڈووکیٹ کے مطابق پولیس نے تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو منگل کی شام پشاور ہائی کورٹ سے تھری ایم پی او کے تحت حفاظتی تحویل میں لے لیا۔

  6. ایران: قشم میں امریکی حملے سے رہائشی یا بنیادی ڈھانچے کو نقصان نہیں پہنچا، حکام

    ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہرمزگان کے نائب گورنر برائے سیاسی، سکیورٹی و سماجی امور نے کہا ہے کہ ’قشم کے علاقے میں امریکی حملے کے نتیجے میں رہائشی، تجارتی یا بنیادی ڈھانچے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔‘

    حکام نے اس بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔

    اس سے چند گھنٹے قبل ایرانی میڈیا نے قشم کے علاقے میں دھماکے کی آواز سنائی دینے اور دھویں کا بادل اٹھتے دیکھے جانے کی اطلاع دی تھی۔

  7. ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا جزیرہ قشم کے نزدیک امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 45 منٹ پر جزیرۂ قشم کے جنوب میں ایک امریکی ایم کیو-1 ڈرون کو مار گرایا ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس ڈرون کو پاسدارانِ انقلاب کے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ ہے کہ یہ 18واں امریکی ایم کیو-1 ڈرون ہے جسے ایرانی افواج نے مار گرایا ہے۔

    اس سے قبل منگل کی صبح پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایک امریکی ایم کیو ایم-170 (MQM-170) ڈرون پکڑنے کا دعویٰ کیا تھا۔

    منگل کی صبح جاری کیے گئے بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ ان کی فضائیہ کے ماہرین نے الیکٹرانک جنگی کارروائی کے دوران قشم جزیرے کے جنوب میں فضا میں امریکی ایم کیو ایم 10 ڈرون کا کنٹرول حاصل کیا اور اسے بحفاظت اتار لیا۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے تاحال پاسدارانِ انقلاب کے اس دعوے پر کوئی ردِعمل نہیں دیا ہے۔

  8. ٹرمپ کا فلپائن کا مختصر دورہ: کواڈ اتحاد کا اجلاس، پوتن سے ملاقات کا امکان اور تھائی لینڈ کے ساتھ تجارتی معاہدہ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایشیا کے اپنے اہم دورے کے پہلے مرحلے میں منیلا پہنچے ہیں۔

    فلپائن کے دارالحکومت پہنچنے پر امریکی صدر کا پُرتکلف استقبال کیا گیا۔ ان کے لیے سرخ قالین بچھایا گیا، موسیقی اور رقص کرنے والے فنکاروں کے دستوں نے انھیں کوش آمدید کہا۔

    اس کے بعد ٹرمپ نے فوراً سفارتی سرگرمیوں کا آغاز کیا اور ’کواڈ‘کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ اس اتحاد میں امریکہ، جاپان، انڈیا اور آسٹریلیا شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 2017 میں دوبارہ فعال ہونے کے بعد سے اس گروپ کا غیر اعلانیہ مقصد چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنا ہے۔

    اپنے مشترکہ بیان میں کواڈ نے کہا کہ یہ اتحاد ’مثبت کردار ادا کرنے والی اور عملی اقدامات پر مبنی شراکت داری‘ ہے، جو ’امن، استحکام اور خوشحالی‘ کے لیے پرعزم ہے۔

    فلپائن کا یہ مختصر دورہ دراصل چین روانگی سے قبل ایک مختصر پڑاؤ ہے۔ ٹرمپ بدھ کو چین جائیں گے جہاں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپیک) سربراہی اجلاس کے موقع پر ان کی چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات متوقع ہے۔

    ٹرمپ نے تھائی لینڈ کے ساتھ ایک ’تجارتی معاہدے‘ کا بھی اعلان کیا، تاہم یہ ابھی حتمی شکل اختیار نہیں کر سکا۔ تھائی وزارتِ خارجہ نے اسے ’پیش رفت کا ثبوت‘ قرار دیا ہے۔

    کواڈ اجلاس میں شرکت سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے چین میں پوتن کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کا امکان رد نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اگر یہ ممکن ہوا تو میں ضرور ملاقات کروں گا۔‘

    ٹرمپ نے مزید کہا کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن بھی اجلاس میں شرکت کے خواہش مند تھے، لیکن ’دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔‘

  9. ایران نے واشنگٹن ڈی سی کو ’کیمیکل ڈرٹی بم‘ سے نشانہ بنانے کی میڈیا رپورٹس کو مسترد کر دیا

    ایران نے متعدد امریکی میڈیا اداروں کی ان رپورٹس کو مسترد کیا ہے، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ تہران واشنگٹن ڈی سی کو کیمیکل ’ڈرٹی بم‘ سے نشانہ بنانے کی تیاری کر رہا ہے۔

    منگل کو ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’ایران کے خلاف جارحیت کا آغاز کرنے والے اب اپنے مذموم عزائم کے لیے میڈیا میں ماحول ہموار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، بے بنیاد الزامات گھڑ کر اور انہیں پھیلا رہے ہیں۔ ان میں وہ حالیہ دعوے بھی شامل ہیں جو نیویارک ٹائمز نے شائع کیے اور مبینہ ’ڈرٹی بم‘ سے متعلق وہ من گھڑت بیانیہ بھی شامل ہے جسے سی این این نے فروغ دیا۔‘

    خیال رہے امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا تھا کہ تہران ممکنہ طور پر واشنگٹن میں امریکی انتظامیہ کے عہدیداروں کو ایک مبینہ ’ڈرٹی بم‘ کے ذریعے نشانہ بنانے کے منصوبوں پر غور کر رہا ہے۔ تاہم ذرائع کے مطابق اس منصوبہ بندی سے کسی فوری حملے کا اشارہ نہیں ملتا بلکہ یہ مختلف ممکنہ آپشنز کا جائزہ لینے کی ایک کوشش تھی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی منگل کو اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سی این این کی اس رپورٹ کو ’انتہائی سنجیدگی‘ سے لے رہے ہیں، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران ممکنہ طور پر واشنگٹن میں کیمیائی ہتھیار کے ذریعے حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

    فلپائن پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایسا کوئی منصوبہ موجود ہے تو ایران کو ’ایسی قیمت چکانا پڑے گی جیسی اس سے پہلے کسی ملک نے کبھی نہیں چکائی ہوگی۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ ایسا نہیں ہے، لیکن ہم اسے انتہائی سنجیدگی سے لے رہے ہیں کیونکہ وہ (ایران) بظاہر غیر متوقع اقدامات کر سکتے ہیں۔‘

    اس دوران وائٹ ہاؤس کی ترجمان لارن بِس نے اس رپورٹ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ انتظامیہ ’تمام ممکنہ خطرات پر نظر رکھے ہوئے ہے، تاہم اس وقت امریکی سرزمین کو کوئی قابلِ اعتبار خطرہ لاحق نہیں ہے۔‘

  10. سینٹکام نے بحرین میں امریکی اڈے پر حملے کا ایرانی دعویٰ مسترد کر دیا

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے بحرین میں امریکی فوجی اڈے کے ریڈار کو نشانہ بنانے سے متعلق پاسدارانِ انقلاب کے دعوے کو ’جھوٹا‘ قرار دیا ہے۔

    سینٹکام کے مطابق ایران کی جانب سے بحرین کی طرف داغے گئے متعدد یک طرفہ حملہ آور ڈرون راستے میں ہی مار گرائے گئے اور اس کارروائی میں امریکی فوجی سازوسامان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، جبکہ کسی امریکی اہلکار کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع نہیں ہے۔

    امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی افواج اور اتحادی فورسز صورتِ حال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

  11. میں عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتا ہوں، پی ٹی آئی کے بغیر ملک نہیں چل سکتا: بلاول بھٹو زرداری

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بغیر یہ ملک نہیں چل سکتا۔

    کراچی پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا، آج نہیں تو کل یہ ہونا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’میں عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتا ہوں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ہر وزیراعظم پہلے پرائم منسٹر بنتا ہے، پھر جیل جاتا ہے۔

    ’تو یا میں یہ مانوں کہ اس ملک کی تاریخ میں ہر وزیراعظم چور ہے یا میں یہ مانوں کہ اس ملک میں تمام وزرائے اعظم سیاسی انتقام کا شکار ہیں۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ دن دیکھنا چاہتا ہوں جب کوئی وزیراعظم بنے تو بعد میں جیل نہ جانا پڑے۔‘

    بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمان پر اعتماد بحال کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا پڑے گا۔ ’مولانا (فضل الرحمن) کے ساتھ ساتھ آپ کو پی ٹی آئی، عمران خان کی جماعت کا بھی، نام لینا بھی سیکھنا ہو گا۔‘

    ’آپ کو ان کا اعتماد بحال کرنا پڑے گا۔‘

    بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بغیر جو اب سیاسی سٹیک ہولڈر ہے، چاہے میں اسے پسند کروں یا نہ کروں، بغیر ملک نہیں چل سکتا۔

  12. ٹرمپ کی فلپائن میں انڈیا، جاپان اور آسٹریلیا کے وزرائے اعظم سے ملاقات: ’مودی بہت سخت آدمی ہیں‘

    امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ فلپائن میں موجود ہیں جہاں وہ دو برس کے بعد ہونے والے کواڈ کے پہلے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ اس گروپ کا آخری اجلاس 2024 میں امریکی ریاست ڈیلاویئر میں جو بائیڈن کی صدارت کے دوران ہوا تھا۔

    اس اجلاس امریکی صدر کے علاوہ جاپان کی وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی، آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم انتھونی البانیز اور انڈیا کے وزیرِ اعظم نریندر مودی شامل ہیں۔

    فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں رات گزارنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ چین کے شہر شین ژین روانہ ہوں گے جہاں وہ ایشیا پیسیفک رہنماؤں کے ایک سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس دورے کے دوران ان کی چینی صدر شی جنپنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ جوہری امور پر بات چیت بھی متوقع ہے۔

    کواڈ اجلاس سے قبل میڈیا کی جانب سے جاپان، انڈیا اور آسٹریلیا کے رہنماؤں کے ساتھ اجلاس کے حوالے سے سوال پر پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’ہمارے ان لوگوں اور ان ممالک کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔ً

    انھوں نے مزید کہا کہ ’شروع ہی سے ہمارے تعلقات بہت اچھے رہے ہیں... یہ میرے دوست ہیں، اس لیے اس سے بھی مدد ملتی ہے۔‘

    انڈین وزیرِ اعظم نریندر مودی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا ’وہ بہت سخت آدمی ہیں، اور وہ (جاپانی وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی) شاید ان سے بھی زیادہ سخت ہیں۔‘ پھر آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانیز کی طرف رخ کرتے ہوئے ٹرمپ نے مزاحیہ انداز میں کہا ’اور ہم... ہم ٹھیک ہیں۔‘

    کواڈ میں کون شامل ہے؟

    کواڈ، جسے باضابطہ طور پر ’کواڈری لیٹرل سکیورٹی ڈائیلاگ‘ کہا جاتا ہے، امریکہ، جاپان، آسٹریلیا اور انڈیا پر مشتمل ہے۔

    اس کی بنیاد 2004 میں بحرِ ہند میں آنے والے سونامی کے بعد امدادی سرگرمیوں کے لیے ایک غیر رسمی گروپ کی صورت میں رکھی گئی تھی، جبکہ 2017 میں اسے دوبارہ فعال کیا گیا۔

    اس کے مقاصد کیا ہیں؟

    ہند و بحرالکاہل (انڈو پیسیفک) خطے پر توجہ مرکوز رکھنے والا کواڈ کہتا ہے کہ وہ ایک آزاد اور قواعد پر مبنی عالمی نظام کی حمایت کرتا ہے۔ تاہم اس کا غیر اعلانیہ مقصد اپنے خطے میں بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی حامل چین کا مقابلہ کرنا سمجھا جاتا ہے۔

    حالیہ برسوں میں کواڈ کے رکن ممالک کے چین کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہوئے ہیں۔

    اس وقت کیا داؤ پر لگا ہے؟

    امریکہ کو اپنے اتحادیوں کو یہ یقین دلانا ہوگا کہ وہ اس خطے کے لیے پُرعزم ہے، جسے عالمی سلامتی اور خوشحالی کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔

    اگرچہ کواڈ کے تمام رکن ممالک چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر تشویش رکھتے ہیں، لیکن دیگر معاملات پر ان کے مؤقف مختلف ہیں۔

    چین کا کہنا ہے کہ خطے کے ممالک کو اس اتحاد سے محتاط رہنا چاہیے، جسے وہ ’ایشیائی نیٹو‘ قرار دیتا ہے۔

  13. عمر قید کا مجرم کم از کم 15 سال سے پہلے رہا نہیں ہو سکتا: سپریم کورٹ, شہزاد ملک، بی بی سی اردو، اسلام آباد

    پاکستان کی سپریم کورٹ نے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا پانے والے قیدی کی قبل از وقت رہائی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی ایسا قیدی جسے کسی مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہو، وہ اس وقت تک رہا نہیں کیا جاسکتا جب تک پندرہ سال جیل میں نہیں گزار لیتا۔

    سپریم کورٹ نے یہ تحریری فیصلہ خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا پانے والے مجرم کو نو سال جیل میں گزارنے کے بعد رہا کیے جانے کے متعلق مقدمے میں جاری کیا۔

    مجرم گل نواب نے سنہ 2003 میں معمولی رنجش پر اپنے بھائی کو قتل کردیا تھا۔

    مقامی پولیس نے کبیراں بی بی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا۔ قتل کے مقدمے کے اندراج کے بعد ملزم فرار ہوگیا تھا۔

    12 سال مفرور رہنے کے بعد گل نواب کو سنہ 2015 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ تاہم گذشتہ برس اکتوبر میں گل نواب کو رہا کردیا گیا تھا۔ اس طرح مجرم نے جیل میں مجموعی طور پر نو سال 11 ماہ اور 16 دن گزارے۔

    سپریم کورٹ کے جسٹس ہاشم کاکٹر فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ عمر قید کا مجرم کم از کم 15 سال حقیقی قید کاٹے بغیر رہا نہیں ہو سکتا۔

    سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ 15 سال حقیقی قید مکمل کیے بغیر انتظامی امور کے ذریعے مجرم کی رہائی قانون کی نظر میں کالعدم ہے۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ جیل حکام مختلف اوقات میں دی جانے والی معافیوں کو جمع کر کے عمر قید کی سزا 15 سال سے کسی صورت کم نہیں کر سکتے۔

    سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام کر کے جیل کے حکام آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت صدر مملکت کے اختیارات اپنے طور پر استعمال نہیں کرسکتے۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں اس مقدمے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مردان کی سینٹرل جیل کی رپورٹ کے مطابق مجرم گل نواب کو مجموعی طور پر 15 سال 6 ماہ 14 دن کی معافی دی گئی تھی اور وہ 9 سال 11 ماہ قید کاٹ کر رہا ہو گیا۔

    سپریم کورٹ نے اپنے تحریری فیصلے میں گل نواب کو فوری گرفتار کرکے دوبارہ جیل بھیجنے کا حکم دیا اور کہا ہے کہ مجرم کو باقی ماندہ سزا پوری کرنے کے لیے دوبارہ جیل میں رکھا جائے۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا ہے کہ مجرم جتنا عرصہ بھی باہر رہا ہے اس کو قید کی مدت میں شمار نہ کیا جائے۔

    سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو مجرم کی گرفتاری کے لیے نیا وارنٹ جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    عدالت کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت صدر مملکت کو کسی بھی قیدی کی سزا معاف یا کم کرنے کا غیر محدود اختیار حاصل ہے۔ فیصلے کے مطابق کسی بھی مقدمے میں خصوصی صدارتی معافی برقرار رہے گی تاہم حقیقی قید 15 سال سے کم نہیں ہو سکتی۔

    سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر عمومی معافی سے عمر قید کے قیدی کی قید 15 سال سے کم ہو رہی ہو تو اسے ضروری حد تک کم کیا جائے گا۔

    عدالت نے ملک بھر کی تمام جیلوں کے سربراہوں کو سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ہر قیدی کی سزا پر عمل درآمد کی مکمل تفصیلات ٹرائل کورٹ کو بھجوانے کا حکم دیا۔

    سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ انتظامی غفلت اور متعقلہ حکام کی جانب سے غیر ائینی طریقے سے دی جانے والی غیر مجاز رعایتوں سے عدالتی فیصلوں کی ساکھ متاثر نہیں ہونے دی جا سکتی۔

    عدالت نے خیبر پختونخوا کی تمام جیلوں میں 21 اکتوبر 2026 کی انتظامی ہدایات پر عمل درآمد کا حکم دیا اور اس کے ساتھ ساتھ عدالتی فیصلے کی نقل تمام ہائیکورٹس کے رجسٹرارز کے ساتھ ساتھ تمام صوبوں اور اسلام آباد کے آئی جی جیل خانہ جات کو بھجوانے کا حکم دیا۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے دور میں ایک درخواست آئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ عمر قید کی سزا پانے والے مجرموں کی سزاؤں میں چوبیس گھنٹوں کو ایک ہی دن تصور کیا جائے تاہم اس درخواست پر مزید عدالتی کارروائی نہیں ہوسکی۔

    اسلام آباد کی ماڈل جیل کے سپرنٹینڈنٹ علی اکبر کا کہنا ہے کہ یہ تصور غلط ہے کہ جیل میں قیدی کے دن رات الگ الگ شمار کیے جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایک دن چوبیس گھنٹوں کا ہوتا ہے تاہم کسی بھی قیدی کے اچھے رویے کو دیکھتے ہوئے جیل سپرنٹینڈنٹ اور ہوم سیکرٹری بھی مجرم کی قیدی میں کمی کرنے کے مجاز ہیں۔

  14. مشتبہ روسی طیاروں کی جانب سے جاپان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ٹوکیو کا احتجاج

    جاپان کا کہنا ہے کہ منگل کی صبح دو مشتبہ روسی طیاروں کی جانب سے اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بعد اس نے لڑاکا طیارے روانہ کیے اور روس کے سامنے ’شدید احتجاج‘ ریکارڈ کروایا۔

    جنوبی کوریا نے بھی کہا ہے کہ اس نے اپنے لڑاکا طیارے روانہ کیے، جبکہ تائیوان کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے ایئر ڈیفنس آئیڈینٹیفکیشن زون میں روسی فوجی طیاروں کی موجودگی پر ’ردِعمل‘ دیا ہے۔

    یہ ایسے غیر رسمی بفر زون ہوتے ہیں جو کسی ملک کی فضائی حدود سے باہر قائم کیے جاتے ہیں تاکہ حکومتیں اپنی سلامتی کے لیے قریب آنے والے طیاروں کی شناخت کر سکیں۔

    ماسکو کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔

    یہ مبینہ دراندازیاں چین میں اس ہفتے ہونے والے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپیک) سربراہی اجلاس سے قبل روسی فوجی طاقت کی یاد دہانی ہیں، جس میں ولادیمیر پوتن کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شرکت کریں گے۔

    جاپان کی کابینہ کے چیف سیکریٹری منورو کیہارا کا کہنا ہے کہ اوکینوشیما کے جنوب مغرب میں روسی طیاروں کی پرواز ’جاپان کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی‘ اور ’قطعی طور پر ناقابلِ قبول‘ تھا۔

    اس نوعیت کا آخری واقعہ 2024 میں پیش آیا تھا، جب ایک روسی فوجی طیارہ ہوکائیدو کے قریب ریبون جزیرے کے اطراف جاپانی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا۔

    تائیوان کا کہنا ہے کہ اس کی فوج نے منگل کو دو روسی فوجی طیاروں کے اس کے ایئر ڈیفنس آئیڈینٹیفکیشن زون میں داخل ہونے کے بعد ’مناسب کارروائی‘ کی۔

    جنوبی کوریا کے مطابق اس نے بحیرہ جاپان کے اوپر اپنے ایئر ڈیفنس آئیڈینٹیفکیشن زون میں روسی فوجی طیاروں کی غیر متعین تعداد کے داخل ہونے پر لڑاکا طیارے روانہ کیے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ طیارے جنوبی کوریا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کیے بغیر واپس چلے گئے۔

  15. صنعا پر فضائی حملے میں کم از کم نو افراد زخمی، حوثیوں کا دعویٰ

    یمن کے حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ دارالحکومت صنعا پر ہونے والے ایک فضائی حملے میں کم از کم نو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    حوثیوں کی وزارتِ صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’دشمن طیاروں‘ نے یمنی دارالحکومت میں جوتے بنانے والی ایک فیکٹری کو بھی نشانہ بنایا۔

    ایران کے اتحادی حوثی، سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد کے خلاف برسرِ پیکار ہیں، جس میں یمنی حکومتی افواج بھی شامل ہیں۔

    یمنی حکومتی افواج حالیہ دنوں میں باب المندب کے علاقے سے مکمل طور پر پسپا ہو چکی ہیں، اور اب حوثی اہم بندرگاہ عدن پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    صنعا پر حوثیوں کے قبضے کے بعد عدن یمنی حکومت کا مرکز بن گیا تھا۔

  16. راولاکوٹ میں شرپسندوں کی فائرنگ سے رینجرز کا ایک افسر ہلاک، جوابی کارروائی میں چار شرپسند مارے گئے: پولیس کا دعویٰ

    پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ راولاکوٹ میں شرپسندوں نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر تعینات پاکستان رینجرز ایک افسر ہلاک ہو گیا ہے۔

    ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس پونچھ ریجن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کی صبح تقریبا 10 بج کر 30 منٹ پر راولا کوٹ کے علاقے متیالمیرا بس ٹرمینل کے قریب ’مسلح عناصر نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر شدید اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔‘

    بیان میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان رینجرز کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ برکت سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئے جنھی٘ں فوری طور پر سی ایم ایچ راولاکوٹ منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نا کر ہلاک ہو گئے۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے واقعے کے بعد علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے صورتحال پر قابو پانے کے لیے کارروائی جاری ہے۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جوابی کارروائی میں چار شرپسند مارے گئے۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ متیالمیرا فائرنگ واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ریاست انتشاری گروہوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتے گی۔

    دوسری جانب کالعدم قرار دی گئی تنظیم جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کور کمیٹی کے رکن عابد شاہین نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس جن چار افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کر رہی ہے، وہ ان کی تنظیم کے رکن نہیں اور نہ ہی تنظیم کے عہدیداروں کے علم میں ایسی کوئی بات ہے۔

    انھوں نے الزام لگایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار راولاکوٹ کے علاقے بس ٹرمینل میں لوگوں کے گھروں میں بلا اجازت گھس کر انھیں ہراساں کر رہے ہیں۔

  17. ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، علاقائی سکیورٹی اور دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

    پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کے ایرانی وفد نے 16 نومبر کو راولپنڈی میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال اور بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے ممکنہ طریقوں پر بھی بات چیت ہوئی۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے دونوں برادر ممالک کے درمیان مسلسل رابطوں، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

  18. بریکنگ, بحرین کا ایرانی حملے روکنے کا دعویٰ

    بحرین کے سرکاری ٹی وی نے اعلان کیا ہے کہ ملک نے ایران کی جانب سے کیے گئے حملے روک لیے ہیں۔

    اس سے قبل پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے بحرین کے جزیرے پر واقع شیخ عیسیٰ اڈے میں امریکی افواج کے ایک ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا ہے۔

  19. بریکنگ, پاسدارانِ انقلاب کا بحرین میں امریکی ریڈار سسٹم کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، شہریوں کے لیے انتباہ جاری

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے بحرین کے جزیرے پر واقع شیخ عیسیٰ اڈے میں امریکی افواج کے ایک ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے بیان کے مطابق یہ کارروائی خطے میں امریکی افواج کی ’دشمنانہ نقل و حرکت‘ کا مقابلہ کرنے کے لیے کی گئی۔

    اس سے چند روز قبل بھی پاسدارانِ انقلاب نے بحرین میں امریکی افواج کو اپنے ریڈار سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اس دعوے کی تردید کی تھی۔ آج کے مبینہ حملے پر سینٹ کام کا تاحال کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

    دوسری جانب بحرین کی وزارتِ داخلہ نے ملک میں ’ممکنہ خطرے‘ کے پیشِ نظر شہریوں کے لیے انتباہ جاری کیا ہے۔ وزارت نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے قریب ترین محفوظ مقام پر چلے جائیں اور خبروں کے لیے سرکاری ذرائع سے رجوع کریں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بحرین کے دارالحکومت منامہ میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

  20. آبنائے ہرمز ایران کی سات شرائط تسلیم کیے جانے کے بعد ہی کھولی جائے گی: ایرانی فوجی ترجمان کا دعویٰ

    ایرانی فوج کے ترجمان امیر اکرم نیا نے کہا ہے کہ ’آبنائے ہرمز اسی صورت کھولی جائے گی کہ جب امریکہ ایران کی سات شرائط تسلیم کرے گا۔‘ انھوں نے اس آبی گُزرگاہ کو استعمال کرنے والے بحری جہازوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکہ کے بتائے ہوئے ’جعلی راستوں‘ کے دھوکے میں نہ آئیں۔

    بندر عباس میں گفتگو کرتے ہوئے امیر اکرم نیا کا کہنا تھا کہ ’ایرانی مسلح افواج مکمل تیاری اور بلند حوصلے کے ساتھ آبنائے ہرمز کے مشرقی اور مغربی حصوں پر اسٹریٹجک کنٹرول رکھتی ہیں۔‘ ان کے مطابق اس اہم بحری گزرگاہ کو کھولنے کے لیے امریکہ کو ایران کی شرائط تسلیم کرنا ہوں گی۔

    ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ ’ایران کی منظوری کے بغیر مقرر کردہ راستوں سے جہازوں کی آمدورفت انھیں بحری بارودی سرنگوں، فائرنگ اور دھماکوں کے خطرے سے دوچار کر سکتی ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’جہازوں کی محفوظ آمدورفت صرف ایرانی فوج اور پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے مقرر کردہ راستوں پر عمل اور ان سے رابطہ رکھنے کی صورت میں یقینی بنائی جا سکتی ہے۔‘

    انھوں نے فوجی تنازع دوبارہ شروع ہونے کے امکان سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر کوئی غلط اندازہ دہرایا گیا یا خطے کے ممالک نے واشنگٹن کے ’غیر قانونی مطالبات‘ مانے تو دشمن کے اڈوں اور مفادات کو فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، جس کا دائرہ جغرافیائی حدود سے باہر تک پھیل سکتا ہے۔‘