آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو , عین ممکن ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں نئے صوبوں کی قانون سازی پر بھی بات ہو: طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر فضل چوہدری نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں اہم قانون سازی متوقع ہے اور تمام جماعتیں قانون سازی کے عمل میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. تہران: عباس عراقچی کی عراقی حکام سے ملاقات، سرحدی سلامتی اور تجارت پر بات چیت

    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اتوار کو تہران میں عراق کے قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعبدی سے ملاقات کی جس میں مشترکہ سرحدوں کی سلامتی اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سرحدی گزرگاہوں پر موجود رکاوٹیں دور کرنے اور سرحد پار آمدورفت اور تجارتی تبادلوں میں خلل روکنے کے لیے ضروری اقدامات اور باہمی تعاون پر گفتگو کی۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق ایران اور عراق کے تجارتی تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ دونوں ممالک کو کسی تیسرے فریق کو اپنے باہمی تعلقات متاثر کرنے کا موقع نہیں دینا چاہیے۔

    ایرانی وزیر خارجہ نے امریکہ اور اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ انھوں نے عراق سمیت خطے کے بعض ممالک کی سرزمین اور فضائی حدود کو ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا۔

    ملاقات کے دوران عراق کے قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعبدی نے کہا کہ عراقی حکومت اور کردستان ریجن اپنی مشترکہ سرحدوں کے تحفظ اور عراقی سرزمین کو پڑوسی ممالک کے خلاف عسکری یا دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے سنجیدہ ہیں۔

    یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران سے متصل متعدد عراقی سرحدی گزرگاہوں کی بندش اور ایران کی زمینی سرحدوں کو بند کرانے کی مبینہ امریکی کوششوں کے بعد، اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر محمد مخبر نے ہفتے کے روز بغداد کو خبردار کیا تھا کہ وہ ’ٹرمپ کے ہاتھوں میں آلہ کار نہ بنے۔‘

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو عراقی وزیر اعظم کے ان اقدامات کو سراہا جن کا مقصد تیل کی سمگلنگ اور بدعنوانی کے خلاف کارروائی کرنا اور تمام ہتھیاروں کو ریاست کے مکمل کنٹرول میں لانا ہے۔

  2. عین ممکن ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں نئے صوبوں کی قانون سازی پر بھی بات ہو: طارق فضل چوہدری

    وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر فضل چوہدری نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے آئیندہ اجلاس میں اہم قانون سازی متوقع ہے اور تمام جماعتیں قانون سازی کے عمل میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔

    طارق فضل چوہدری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’قومی اسمبلی کا اجلاس یکم دسمبر کو شام پانچ بجے طلب کرنے کے لیے نئی سمری ارسال کردی گئی جس کی منظوری کے بعد صدرِ مملکت قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کریں گے۔‘

    بیان کے مطابق اجلاس 24 دسمبر تک جاری رہے گا، اجلاس کا ماحول سازگار رکھنا حکومت اور اپوزیشن کی یکساں ذمہ داری ہے۔

    اس بیان میں قانون سازی یا اجلاس کے ایجنڈا سے متعلق تو تفصیلات نہیں دی گئیں تاہم اتوار کی رات جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان ‘ میں اینکر سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایک سوال کے جواب میں تصدیق کی کہ ’عین ممکن ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں نئے صوبوں کی قانون سازی پر بات ہو۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ آنے والے اجلاس میں چند اہم بل اور آئی ایم ایف سے متعلق بلوں کی قانون سازی شامل ہے تاہم ریفرنڈم کے حوالے سے جب بھی سایاسی جماعتوں میں اتفاق رائے پیدا ہو جائے گا تو اس کو کبھی بھی ڈرافٹ کیا جا سکتا ہے۔

    ان کے مطابق ’ریفرنڈم پر مختلف سیاسی جماعتیں اور میڈیا میں اس وقت بھی بحث جاری ہے۔ صوبے بنانے کا مسئلہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔ جب اسمبلی سے باہر ہم اس پر روزآنہ گفتگو کر رہے ہیں تو عین ممکن ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں نئے صوبوں کی قانون سازی پر بات ہو۔‘

  3. حوثی امن منصوبہ مان لیں تو یمن جنگ ’کل ختم ہو سکتی ہے‘: سعودی اتحاد

    سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ اگر ایران کی حمایت یافتہ حوثی اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ امن منصوبے کو قبول کر لیں تو یمن کی جنگ کل ہی ختم ہو سکتی ہے۔

    خبر رساں ادارے رائٹرز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جنرل المالکی نے کہا کہ اتحاد حوثیوں کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے جتنی دیر ضروری ہوئی فوجی دباؤ برقرار رکھے گا۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ ریاض یمنی حکومت کے عارضی دارالحکومت عدن کو اپنی ’سرخ لکیر‘ سمجھتا ہے اور اگر حوثی افواج شہر کے قریب پہنچتی ہیں تو اتحاد بندرگاہی شہر کے دفاع کے لیے "ہر ضروری اقدام‘ کرے گا۔

    یمن میں تنازع شدت اختیار کرنے کے ساتھ یہ ملک ایک بار پھر ایران سے منسلک جنگ کے اہم محاذوں میں شامل ہو گیا ہے۔ اس تنازع میں ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ سعودی عرب بھی ہفتہ وار حملوں کا نشانہ بنتا رہا ہے، جن میں ریاض میں دفتری عمارتوں پر حملے بھی شامل ہیں۔

    شہری اور معاشی اہداف پر حوثیوں کے حملوں اور بحیرۂ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی میں رکاوٹوں نے سعودی عرب کی غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی کوششوں کو متاثر کیا ہے۔ ان اقدامات سے مملکت کے لیے ایکسپو 2030 ورلڈ ایکسپو جیسے بڑے بین الاقوامی پروگراموں کی کامیاب میزبانی بھی چیلنج بن گئی ہے۔

  4. اتحادی حکومت پر نیتن یاہو اور آئزنکوٹ میں اتفاق نہ ہو سکا: اسرائیلی میڈیا

    ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اسرائیل کے نگران وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کی اپنے سیاسی حریف گادی آئزنکوٹ کے ساتھ معاہدے کے ذریعے اقتدار میں رہنے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے۔

    نیتن یاہو نے آئزنکوٹ کو قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دے کر اقتدار میں شراکت کی پیشکش کی تھی۔

    تاہم اسرائیلی میڈیا کے مطابق آئزنکوٹ اپنے سیاسی اتحادیوں کے ساتھ وابستہ رہنے کے عزم پر قائم ہیں، جن میں سے کئی نیتن یاہو کے سخت مخالف سمجھے جاتے ہیں، اور وہ لیکود پارٹی کے ساتھ مذاکرات جاری نہیں رکھیں گے۔

    آئزنکوٹ نے قانونی مدت ختم ہونے سے قبل، یعنی چھ دسمبر تک، اتحادی حکومت قائم کرنے کا وعدہ کیا ہے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ وہ اسرائیلی پارلیمان کے ارکان کی اکثریت کی حمایت کیسے حاصل کریں گے۔

    اس سے قبل سکائی نیوز نے نیتن یاہو اور آئزنکوٹ کے درمیان قومی اتحاد کی حکومت کے قیام سے متعلق مذاکرات پر مشترکہ بیان شائع ہونے کی خبر دی تھی۔ اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا تو دونوں رہنما باری باری اسرائیل کے وزیرِ اعظم کے منصب پر فائز ہوتے۔

  5. بلوچستان کے ضلع کوہلو میں فائرنگ سے 11 مزدور ہلاک: حکام

    بلوچستان کے ضلع کوہلو میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 11 مزدور ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ ضلع کے علاقے اُوسڑی میں پیش آیا۔

    کوہلو کے ایک سینیئر سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ یہ مزدور چمالانگ کے علاقے سے دو گاڑیوں میں دُکی جا رہے تھے کہ اُوسڑی کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑیاں روک لیں۔

    ان کے مطابق مسلح افراد نے دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو چھوڑ دیا جبکہ 11 مزدوروں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

    اہلکار کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے افراد کوئلے کی کانوں میں کام کرتے تھے۔ ان کے مطابق مرنے والوں میں سات افغان شہری جبکہ چار کا تعلق مقامی قبائل سے ہے۔

    سرکاری اہلکار نے بتایا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

    تاحال کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

    دوسری جانب بلوچستان حکومت کے محکمہ داخلہ کے معاون برائے میڈیا بابر یوسفزئی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چمالانگ میں 11 بے گناہ مزدوروں کا قتل انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔

    ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں نے محنت مزدوری کر کے اپنے خاندانوں کا پیٹ پالنے والے غریب مقامی مزدوروں کو نشانہ بنایا۔

    ان کے بقول بلوچستان کے محنت کش عوام کو نشانہ بنانا ’امن اور ترقی کے دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائی‘ ہے۔

    ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کوہلو میں مزدوروں کی گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مزدوروں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ ’معصوم مزدوروں کو نشانہ بنانا بدترین سفاکیت ہے‘ اور ’فائرنگ کرنے والے درندہ صفت عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔‘

    خیال رہے کہ چمالانگ اور دُکی کے علاقوں میں ماضی میں بھی کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں پر حملے ہوتے رہے ہیں۔

  6. کراچی: عمارت گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہو گئی

    اتوار کو امدادی کارکنوں نے کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب گرنے والی چھ منزلہ عمارت کے ملبے سے مزید تین لاشیں نکال لیں، جس کے بعد اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔

    حادثے کے ایک روز بعد جمعرات کو وزیراعلیٰ نے سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد، ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللہ عباسی اور ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو عہدوں سے ہٹانے کی ہدایت کی تھی۔ اس کے علاوہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے 16 متعلقہ افسران کو بھی معطل کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

    اس سے قبل بدھ کو کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے اس علاقے کا دورہ کیا تھا اور اس عمارت کو ’غیرقانونی‘ قرار دیا تھا۔

    صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ وزیر بلدیات اور وزیر اعلیٰ سندھ سے بھی بات کریں گے ’یہ کام اب بند ہونا چاہیے کہ غیرقانونی تعمیرات ہوں، شہریوں کی جان و مال کو نقصان ہو۔‘

    مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ ’میں نے خود ابھی ایک خط دیکھا ہے جس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کہہ رہی ہے کہ ہم عمارت کو گرانے کا کام اس لیے نہیں کر سکتے کیونکہ کہ ہمیں عدالتی سٹے آرڈر کا سامنا ہے۔‘

  7. بنگلہ دیش: شریعت پور میں بی این پی اور عوامی لیگ کے کارکنان کے درمیان جھڑپیں، دو ہلاک

    بنگلہ دیش کے ضلع شریعت پور میں پدما پل کے قریب عوامی لیگ اور بی این پی کے کارکنوں کے درمیان جھڑپوں اور فائرنگ کے تبادلے میں دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق دونوں ہلاک ہونے والے افراد عوامی لیگ سے وابستہ تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح ناڈوبا علاقے میں سڑک بند کرنے کے دوران دونوں گروپ آمنے سامنے آ گئے، جس کے بعد جھڑپیں شروع ہو گئیں۔

    عوامی لیگ نے 29 اور 30 نومبر کے لیے دو روزہ ’لاک ڈاؤن‘ پروگرام کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے حق میں جنوبی اضلاع میں احتجاج جاری تھا۔

    مقامی ذرائع کے مطابق جھڑپوں کے دوران بی این پی کے سٹیج اور پنڈال، 25 سے زیادہ موٹر سائیکلوں اور ایک ریستوران کو آگ لگا دی گئی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے باعث پدما پل پر تقریباً ڈھائی گھنٹے تک ٹریفک معطل رہی، تاہم بعد میں آمدورفت بحال کر دی گئی۔

    پولیس کا دعویٰ ہے کہ صورتحال اب معمول پر ہے اور پولیس کی جانب سے فائرنگ نہیں کی گئی۔

  8. پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی زمین پر واپسی کا سفر آج رات سے شروع ہو گا: سپارکو

    پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن میں چھ روزہ قیام کے بعد زمین کی جانب واپسی کا سفر اتوار کی رات نو بجے سے شروع کر دیں گے اور 30 نومبر کی صبح خلائی سفر مکمل کرکے واپس آئیں گے۔

    سپارکو کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ذیشان علی کے ہمراہ شین ژو 23 کے دو چینی خلا باز بھی واپس آئیں گے۔

    بیان کے مطابق چینی خلائی سٹیشن پر پاکستانی خلا باز کو خصوصی تحفہ بھی دیا گیا۔ پاکستانی خلا باز ذیشان علی کل صبح دو بجے زمین پر پہنچیں گے۔

    چین کی انسانی خلائی پروازوں کی ایجنسی کے مطابق پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی، جو تیانگونگ میں داخل ہونے والے پہلے غیر ملکی شہری ہیں، شینژو-23 کے خلا بازوں ژانگ ژی یوان اور لی جیا ینگ کے ساتھ زمین پر واپس آئیں گے۔

    دوسری جانب اس تاریخی اور اہم موقع کو پی ٹی وی بھی براہ راست نشر کرے گا۔

    ذیشان علی نے گرین مائیکرو فیکٹری کے قیام اور کمپوزٹ مٹیریل کی ہیلنگ ایفیشینسی سمیت خلا میں دیگر ٹیسٹ سرانجام دیے۔

    یاد رہے کہ رواں سال چین کے انسانی خلائی پروگرام کے تحت پاکستانی امیدوار کے طور پر منتخب ہونے کے بعد محمد ذیشان علی نے چین میں کئی ماہ تک خصوصی تربیت حاصل کی۔

  9. حوثیوں کی سعودی بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی، بندرگاہ کا عملہ اور شپنگ کمپنیاں ان مقامات سے دور رہیں: یحییٰ سریع

    حوثی گروپ کے ترجمان یحییٰ سریع نے خبردار کیا ہے کہ یمن کی راس عیسیٰ بندرگاہ کو نشانہ بنائے جانے کے جواب میں سعودی عرب کے شہر جدہ کی بندرگاہ اور بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع دیگر سعودی بندرگاہیں ان کے گروپ کے ممکنہ اہداف ہوں گی۔

    حوثیوں کی جانب سے یہ دھمکی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سعودی اتحادی افواج نے راس عیسیٰ بندرگاہ سے انخلا کی اپیل کی ہے۔

    اس بیان کو سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ حالیہ عرصے میں دونوں فریق ایک دوسرے کے معاشی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق تنصیبات کو نشانہ بنانے کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔

    یحییٰ سریع نے اتوار کے روز جاری بیان میں بندرگاہ کے عملے اور شپنگ کمپنیوں کو ان مقامات سے دور رہنے کی تنبیہ بھی کی ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ ان بندرگاہوں میں موجود کارکن اور ملازمین فوری طور پر ان مقامات کو خالی کر دیں اور وہاں سے دور رہیں۔

    انھوں نے شپنگ کمپنیوں سے بھی اپیل کی کہ یحییٰ سریع وہ اپنے جہاز سعودی بندرگاہوں سے ہٹا لیں۔

    حوثی ترجمان کے اس بیان پر سعودی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

  10. سیاسی اختلافِ رائے کے باعث حراست اور انتظامی پابندیوں کے استعمال کا سلسلہ ختم کیا جائے: انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان کا مطالبہ

    ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے سیاسی اپوزیشن سے متعلق ریاست کے رویے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اختلاف کے رہنماؤں کو حراست میں رکھنے کے لیے ایم پی او آرڈیننس اور دیگر انتظامی اختیارات کا استعمال آئینی آزادیوں اور قانونی تقاضوں سے متصادم دکھائی دیتا ہے۔

    ایچ آر سی پی کے بیان میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی نقل و حرکت اور سیاسی سرگرمیوں پر عائد پابندیوں اور اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ کو سیل کیے جانے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

    کمیشن کا کہنا ہے کہ اگر سینئر سیاست دانوں کے وقار اور اظہارِ رائے کے حق کو اس انداز میں محدود کیا جا سکتا ہے تو اس کے عام شہریوں کے حقوق پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

    ایک بیان میں کمیشن نے کہا کہ سابق صوبائی وزیر تیمور جھگڑا سمیت پاکستان تحریکِ انصاف کے متعدد رہنما نو مئی سے متعلق مقدمے میں پشاور ہائی کورٹ سے عبوری قبل از گرفتاری ضمانت ملنے کے باوجود حراست میں لیے گئے۔

    ایچ آر سی پی کے مطابق اسے ان اطلاعات پر بھی تشویش ہے جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تیمور جھگڑا کو بعد ازاں ایک پولیس تھانے سے لے جایا گیا، جس کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں۔

    ایچ آر سی پی نے سابق رکنِ قومی اسمبلی علی وزیر کی حراست کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ایک حراستی حکم کو غیر قانونی قرار دیے جانے کے باوجود انھیں مختلف صوبوں میں پے در پے ایم پی او احکامات کا سامنا کرنا پڑا۔

    بیان کے مطابق حال ہی میں پشاور میں ایک 16 سالہ لڑکے کو بھی مبینہ طور پر ایم پی او کے تحت حراست میں لیا گیا۔

    کمیشن نے ریاست سے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی اختلافِ رائے سے نمٹنے کے لیے پیشگی حراست اور انتظامی پابندیوں کے استعمال کا سلسلہ ختم کیا جائے۔

  11. بی بی سی نیوز اُردو اب موبائل ایپ پر بھی دستیاب، ابھی ڈاؤن لوڈ کیجیے

    بی بی سی اُردونے اپنی نئی ایپ لانچ کر دی ہے، جس کے ذریعے اب صارفین اپنی دلچسپی کی تمام علاقائی و عالمی خبریں، تجزیے اور معلومات براہ راست اپنے موبائل فون یا ٹیبلٹ پر حاصل کر سکیں گے۔

    بی بی سی اُردو کا تمام مواد BBC World Service کی نئی ایپ پر دستیاب ہو گا جسے آپ اپنے موبائل فون یا ٹیبلٹ کی مناسبت سے ایپ سٹور یا گوگل پلے سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

    نئی ایپ کیسے ڈاؤن لوڈ کی جائے

    BBC World Service ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد آپ کو اپنی پسند کا ایڈیشن یعنی ’BBC News اردو‘ کا انتخاب کرنا ہو گا جہاں آپ کو پاکستان اور دنیا کے مختلف خطوں میں موجود بی بی سی کے صحافیوں کی رپورٹس دستیاب ہوں گی۔

    BBC World Service کی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے ذیل میں دیے گئے لنک کلک کیجیے:

    نوٹ: یہ ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں اور اس کا انگریزی زبان کا کوئی ایڈیشن بھی نہیں ہے۔

  12. اب تک کی اہم خبروں کا خلاصہ

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم آگے بڑھنے سے پہلے اب تک پیش کی جانے والی خبروں کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔

    • اسرائیل میں قومی اتحاد کی ممکنہ حکومت کی تشکیل کے لیے اہم مذاکرات آج ہوں گے۔ عبوری وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو نے اپنے سیاسی حریف گاڈی آئزنکوٹ کی قیادت میں حکومت میں شامل ہونے کی پیشکش کی ہے۔
    • امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ایران نے گذشتہ مارچ میں امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے آغاز کے بعد جوابی کارروائیوں میں سٹارلنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ استعمال کیا تھا۔
    • پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی عرب روانہ ہونے والے پاکستانی فوجی دستوں کے لیے سنیچر کو الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
    • سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد کا کہنا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے اتوار کی صبح ریاض کی جانب حوثی جنگجوؤں کی طرف سے داغا گیا بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے۔
    • ایران کی اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت ایک بار پھر ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے اور ایک ڈالر تین لاکھ تومان میں فروخت ہو رہا ہے۔
    • ایرانی سرکاری میڈیا نے فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اتوار 29 دسمبر کی صبح ساڑھے تین بجے خلیج فارس میں آبنائے ہرمز کے علاقے سریک کے قریب تین افراد پر مشتمل ماہی گیروں کی ایک چھوٹی کشتی کو امریکی ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
    • پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایڈرین ہملٹن مانز نے کہا ہے کہ ملک کی قومی ایئرلائن 2027 کی پہلی سہ ماہی میں 50 سے زائد نئے طیاروں کی خریداری کے لیے آرڈر دینے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
    • ایرانی بحریہ کا کہنا ہے کہ تین تیل بردار جہازوں نے اپنے شناختی اور نیویگیشن نظام بند کر کے آبنائے ہرمز کے مشرق میں ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کے دوران ان میں سے ایک جہاز بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔
  13. پی آئی اے اگلے برس 50 سے زائد نئے طیارے خریدے گی: سی ای او

    پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایڈرین ہملٹن مانز نے کہا ہے کہ ملک کی قومی ایئرلائن 2027 کی پہلی سہ ماہی میں 50 سے زائد نئے طیاروں کی خریداری کے لیے آرڈر دینے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

    معروف جریدے ایوی ایشن ویک کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پی آئی اے کی 75 سالہ تاریخ میں طیاروں کی خریداری کا سب سے بڑا پروگرام ہو گا۔

    ان کے مطابق مجوزہ آرڈر میں 20 وائیڈ باڈی اور 30 نیرو باڈی طیارے شامل ہوں گے، جن کے ذریعے ایئرلائن کے بیڑے میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ نئے طیاروں سے پرانے بوئنگ 777 طیاروں کو بتدریج جدید اور ایندھن کی بچت کرنے والے جہازوں سے تبدیل کیا جائے گا۔

    ایڈرین ہملٹن مانز کے مطابق نئے طیارے براہ راست خریداری، لیزنگ اور طویل مدتی فنانسنگ کے ذریعے حاصل کیے جائیں گے، جبکہ ان کی ضروریات کے مطابق پی آئی اے کے انجینئرنگ شعبے کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ نئے طیاروں کے آپریشن کے لیے انجینئرز اور فضائی عملے کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

    پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو کے مطابق ایئرلائن یورپ اور برطانیہ کے لیے اپنی پروازوں میں مزید اضافہ کرنا چاہتی ہے جبکہ شمالی امریکہ کے روٹس پر براہ راست پروازیں شروع کرنے میں بھی گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ چین اور مشرق بعید کے متعدد نئے مقامات کے لیے پروازیں شروع کرنے کی منصوبہ بندی بھی زیر غور ہے۔

    ان کے بقول پی آئی اے ایک وسیع اور معیاری فضائی نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفری ضروریات پوری کرنا چاہتی ہے۔

  14. ایران کی اوپن مارکیٹ میں ڈالر تین لاکھ تومان تک پہنچ گیا

    ایران کی اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت ایک بار پھر ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے اور ایک ڈالر تین لاکھ تومان میں فروخت ہو رہا ہے۔

    حالیہ دنوں میں ایران میں غیر ملکی کرنسیوں کی قیمتوں میں اضافے کی رفتار تیز ہوئی ہے۔ گذشتہ اتوار ڈالر تقریباً دو لاکھ 68 ہزار تومان میں فروخت ہو رہا تھا۔

    امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسینٹ نے رواں موسمِ گرما میں ایران کو ’اقتصادی طور پر الگ تھلگ‘ کرنے کے پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ تین ملین ریال مالیت کے ڈالر مارکیٹ میں آنے والے ہیں۔

    دوسری جانب ایران کے مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتّی نے کہا ہے کہ مرکزی بینک کرنسی مارکیٹ میں مداخلت اور اسے مستحکم کرنے کے لیے تیار ہے۔

  15. عالمی توانائی کی مارکیٹ ایران جنگ کے بعد کبھی پہلے جیسی نہیں رہے گی: آئی ای اے سربراہ

    بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) کے سربراہ فاتح بیرول نے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ایران جنگ نے عالمی توانائی کی مارکیٹ کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا ہے اور جنگ سے پہلے کی صورتحال بحال ہونا ’ناممکن‘ ہے۔‘

    بی بی سی کے پروگرام ’سنڈے ود لورا کوئنزبرگ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فاتح بیرول نے کہا کہ یہ تصور کرنا بھی ناممکن ہے کہ توانائی کی صورتحال ایران جنگ سے پہلے جیسی ہو جائے گی۔

    انھوں نے کہا کہ ’جو پانی ندی سے گزر چکا ہو، اسے واپس نہیں لایا جا سکتا۔ جب کوئی چیز ٹوٹ جائے تو اسے پہلے جیسا نہیں بنایا جا سکتا۔‘

    فاتح بیرول کے مطابق ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں اور اس کے بعد آبنائے ہرمز کی بندش سے پیدا ہونے والا بحران شدت اور حجم کے لحاظ سے سنہ 1970 کی دہائی میں سامنے آنے والے توانائی بحرانوں اور روس کے یوکرین پر حملے کے بعد پیدا ہونے والے بحران سے کہیں زیادہ بڑا ہے۔

    ایران جنگ مارچ میں شروع ہونے کے بعد گیس کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں برطانیہ میں لاکھوں گھرانوں کے توانائی کے بل جنوری میں 26 فیصد بڑھنے کی توقع ہے۔

    بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر یورپ کو شدید سرد موسم کا سامنا کرنا پڑا تو توانائی کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔

    فاتح بیرول نے اس تنازع کو تاریخ میں توانائی کی سلامتی کے لیے ’سب سے بڑا خطرہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر جنگ ختم نہ ہوئی تو قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ تیل، گیس، قدرتی گیس اور کیمیائی کھادوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

  16. سعودی عرب میں دفاعی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے پاکستانی فوجی دستے تعینات: آئی ایس پی آر

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی عرب روانہ ہونے والے پاکستانی فوجی دستوں کے لیے سنیچر کو الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح التمیمی البغامی، چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری اور لاہور کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیر بھی موجود تھے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی عرب میں فوجی دستوں کی تعیناتی دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ سٹریٹجیک شراکت داری اور برادرانہ تعلقات کے تحت سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار ہے۔‘

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان حرمین شریفین کے تقدس اور سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فوجی دستے سعودی عرب کی سرزمین پر طے شدہ ذمہ داریاں، باہمی اتفاق اور دفاعی تعاون کے موجودہ فریم ورک کے تحت انجام دیں گے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اس تعیناتی سے خطے میں ابھرتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے تناظر میں سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ تقریب دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تزویراتی تعاون کی عکاس ہے اور سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

  17. امریکی ڈرون نے آبنائے ہرمز میں ماہی گیروں کی ایک چھوٹی کشتی پر حملہ کیا ہے: ایرانی میڈیا کا دعویٰ

    ایرانی سرکاری میڈیا نے فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اتوار 29 دسمبر کی صبح ساڑھے تین بجے خلیج فارس میں آبنائے ہرمز کے علاقے سریک کے قریب تین افراد پر مشتمل ماہی گیروں کی ایک چھوٹی کشتی کو امریکی ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کشتی میں سوار دو افراد کو تلاش کر لیا گیا ہے اور انھیں سریک کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، تاہم کشتی کے مالک کی تلاش جاری ہے، جن کا نام بھی جاری کیا گیا ہے۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) اور دیگر امریکی حکام نے تاحال اس خبر پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

    ایران اور امریکہ کے درمیان آبنائے ہرمز کے معاملے پر کشیدگی جاری ہے۔ یہ آبی گزرگاہ عالمی سطح پر توانائی کی ترسیل کے لیے اہم ہے۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ وہ اس راستے سے گزرنے والے جہازوں کو حفاظتی حصار فراہم کرے گی، جسے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز بند کرنے کی کوششوں کے خلاف اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

    گذشتہ مارچ میں ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد شروع ہونے والی جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں بھی تعطل کا شکار ہیں۔ خاص طور پر اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے ناکام ہونے کے بعد مذاکراتی پیش رفت رک گئی ہے۔ اس یادداشت میں مستقل معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایک فریم ورک اور طریقۂ کار طے کیا گیا تھا۔

  18. بیلجیم میں غیر قانونی تعمیر کے الزام پر گوگل کے اے آئی ڈیٹا سینٹر کا کام روک دیا گیا

    بیلجیم کے حکام نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ڈیٹا سینٹر کی تعمیر کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کام رکوا دیا ہے۔

    گوگل نے تصدیق کی ہے کہ اس نے بیلجیم کے علاقے فارسیئن میں جاری تعمیراتی کام ’مزید ہدایات ملنے تک‘ معطل کر دیا ہے۔

    کمپنی پر الزام ہے کہ اس نے ڈیٹا سینٹر کی تعمیر کے لیے ضروری منصوبہ بندی کی اجازت حاصل نہیں کی تھی۔ والونیا کی حکومت کے ترجمان نکولس یرنو کے مطابق یہ ایک سنگین خلاف ورزی ہے۔

    گوگل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ 15 سال سے زیادہ عرصے سے بیلجیم میں کام کر رہی ہے اور مقامی قوانین کی پابندی کے لیے پُرعزم ہے۔

    یہ منصوبہ کئی ماہ سے قانونی تنازع کا شکار ہے۔ گوگل نے اس سے قبل تعمیراتی اجازت نامے کی شرائط میں تبدیلی کی درخواست دی تھی۔ مقامی میڈیا کے مطابق کمپنی اپنے مجوزہ کولنگ سسٹم کو تبدیل کرنا چاہتی تھی۔

    ابتدائی منصوبے میں ڈیٹا سینٹر کو ہوا کے ذریعے ٹھنڈا کیا جانا تھا، تاہم گوگل نے قریبی دریائے سامبرے سے پانی لے کر کولنگ کا نظام استعمال کرنے کی تجویز دی تھی۔

    علاقائی حکام نے یہ درخواست مسترد کر دی، تاہم اس کے باوجود تعمیراتی کام جاری رہا، جس پر قریبی آبادی اور ماحولیاتی تنظیموں نے تشویش ظاہر کی۔

    گرین پیس بیلجیم کے جوئری تھیس نے کہا کہ اجازت نامے کے بغیر گوگل کی جانب سے تعمیر جاری رکھنا ماحول، مقامی آبادی اور قانون کی بے توقیری ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی بحران کے اثرات میں اضافہ ہو رہا ہے اور ایسے حالات میں توانائی کی بہت زیادہ کھپت کرنے والے ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

    اس معاملے کی عدالتی سماعت نئے سال میں متوقع ہے۔

    ڈیٹا سینٹر میپ کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 13 ہزار 500 ڈیٹا سینٹرز موجود ہیں، جن میں سے 54 بیلجیم میں واقع ہیں۔ یہ ادارہ فعال اور زیرِ تعمیر ڈیٹا سینٹرز کا ریکارڈ رکھتا ہے۔

    امریکہ میں دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ، یعنی پانچ ہزار 200 سے زائد ڈیٹا سینٹرز ہیں۔ ان کی بڑھتی ہوئی تعداد حالیہ وسط مدتی انتخابات کے دوران بھی موضوعِ بحث رہی، جہاں تین ریاستوں میں ڈیموکریٹ سینیٹرز اور گورنرز منتخب ہوئے جنھوں نے ڈیٹا سینٹرز کے لیے سخت ضابطوں کی حمایت کی تھی۔

  19. حوثی جنگجوؤں کا ریاض کی جانب بیلسٹک میزائل حملہ، سعودی اتحاد کا میزائل مار گرانے کا دعویٰ

    سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد کا کہنا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے اتوار کی صبح ریاض کی جانب حوثی جنگجوؤں کی طرف سے داغا گیا بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے۔

    اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے ایکس پر لکھا کہ فضائی دفاعی نظام نے ’حوثی دہشت گرد ملیشیا‘ کی جانب سے مملکت کے دارالحکومت ریاض کی طرف داغا گیا بیلسٹک میزائل روک کر تباہ کر دیا۔

    اس سے چند گھنٹے قبل ترکی المالکی نے بتایا تھا کہ اتحاد نے یمن میں حوثی جنگجوؤں کے زیرِ استعمال ’اہم تنصیبات‘ کو نشانہ بنانے کے لیے ’فوجی جوابی کارروائی‘ کی ہے۔ ان کے مطابق یہ تنصیبات سعودی عرب اور یمن میں حملے کرنے اور بحیرۂ احمر کے جنوبی حصے اور آبنائے باب المندب میں بحری آمدورفت کو خطرے میں ڈالنے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔ ان میں خاص طور پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے متعلق تنصیبات شامل ہیں۔

    اتحاد نے سنیچر کو بھی کہا تھا کہ سعودی فضائی دفاع نے ملک کی جانب داغے گئے متعدد میزائلوں اور دیگر حملوں کو ناکام بنایا۔ ان میں رات گئے ریاض کو نشانہ بنانے کے لیے داغا گیا ایک کروز میزائل بھی شامل تھا، جبکہ ملک کے جنوبی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

    ترجمان کے مطابق سعودی فضائی دفاع نے جازان کے علاقے کے ساحلی شہر الشقیق کی جانب داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل بھی روک کر تباہ کیا۔ اس شہر میں پانی صاف کرنے اور بجلی پیدا کرنے کے بڑے مراکز موجود ہیں، جو مملکت کے جنوبی علاقوں کو پانی اور بجلی فراہم کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان واقعات میں کوئی شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

    دوسری جانب سعودی حکام نے جازان اور مملکت کے دیگر علاقوں، بشمول مشرقی صوبے، میں سکیورٹی الرٹس جاری کیے۔ بعد ازاں سعودی شہری دفاع نے تصدیق کی کہ خطرہ ٹل گیا ہے۔

  20. بریکنگ, آبنائے ہرمز کے مشرق میں بحری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد تیل بردار جہاز میں آگ لگ گئی: ایرانی بحریہ کا دعویٰ

    ایرانی بحریہ کا کہنا ہے کہ تین تیل بردار جہازوں نے اپنے شناختی اور نیویگیشن نظام بند کر کے آبنائے ہرمز کے مشرق میں ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کے دوران ان میں سے ایک جہاز بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔

    ایرانی بحریہ کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد جہاز حرکت کرنے کے قابل نہیں رہا، جبکہ باقی دو جہازوں نے اپنا راستہ تبدیل کیا اور واپس خلیج فارس کی جانب روانہ ہو گئے۔

    ایرانی بحریہ کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے یہ بھی کہا ہے کہ جب تک ایران کے مقاصد اور مطالبات پورے نہیں ہوتے، آبنائے ہرمز کبھی نہیں کھلے گی۔

    ایران اور امریکہ دونوں آبنائے ہرمز پر کنٹرول کا دعویٰ کرتے ہیں۔ ایرانی بحریہ اور فوج باقاعدگی سے ایسے واقعات کی اطلاعات دیتی ہیں جن میں ان کے بقول جہازوں نے رابطہ کاری کے بغیر آبنائے سے گزرنے کی کوشش کی۔

    دوسری جانب امریکہ کا کہنا ہے کہ اس نے کامیابی سے جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزارا ہے۔