یوکرین جنگ میں اب تک تقریباً پانچ لاکھ روسی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں: سرکاری اعداد و شمار
بی بی سی کی جانب سے روسی حکومتی اعداد و شمار کے جائزے سے معلوم پڑتا ہے کہ 2022 میں یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک کم از کم 4 لاکھ 90 ہزار 334 روسی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
روسی ادارۂ شماریات (روس سٹاٹ) کے لیک ہونے والے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ یوکرین جنگ کے نتیجے میں روس کو بہت بڑی انسانی قیمت چکانی پڑی ہے، ایک ایسی جنگ جس کے بارے میں ولادیمیر پوتن کا خیال تھا کہ چند ہی دنوں میں ختم ہو جائے گی، مگر اب اسے تقریباً پانچ برس ہو چکے ہیں۔
بی بی سی روسی سروس کو 2021 سے ستمبر 2026 کے دوران ایک کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ اموات کے ریکارڈ تک رسائی حاصل ہوئی۔ یہ معلومات بیلاروس کے ہیکر گروپ سائبر پارٹیزنز بی وائی اور یوکرین کے سائلنٹ کرو کی جانب سے کیے گئے ہیک کے بعد سامنے آئیں۔
روس کے ادارۂ شماریات نے سائبر حملے کی تصدیق کی، تاہم اس بات کی تردید کی کہ کوئی حساس معلومات لیک ہوئی ہیں۔
بی بی سی روسی سروس نے آزاد روسی خبر رساں ادارے میڈیا زونا کے ساتھ مل کر روس سٹاٹ کے اعداد و شمار کا موازنہ فوجیوں کی تصدیق شدہ ہلاکتوں کی اپنی فہرست سے کیا، جو حملے کے آغاز سے اب تک آزاد ذرائع سے مرتب کی گئی تھی۔ اس جائزے میں 90 فیصد ریکارڈز میں مماثلت پائی گئی۔
فوجی ماہرین کے مطابق بی بی سی کی مرتب کردہ دو لاکھ 90 ہزار 12 ہلاکتوں کی فہرست، جو سرکاری بیانات، سوشل میڈیا، نئی یادگاروں اور قبروں کی معلومات پر مبنی ہے، ممکنہ طور پر حقیقی ہلاکتوں کی تعداد کا 45 سے 55 فیصد حصہ ظاہر کرتی ہے۔ اس بنیاد پر روسی فوجی ہلاکتوں کی حقیقی تعداد پانچ لاکھ 27 ہزار 295 سے 6 لاکھ 44 ہزار 471 کے درمیان ہو سکتی ہے۔