آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو , جوہری جنگ جیتی نہیں جا سکتی اور اسے کبھی لڑا نہیں جانا چاہیے: ٹرمپ، پوتن اور شی کا ملاقات کے بعد مشترکہ بیان

چین، روس اور امریکہ کے صدور ڈونلڈ ٹرمپ، ولادیمیر پوتن اور شی جن پنگ نے سہ فریقی اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں جوہری خطرات میں کمی اور جوہری پھیلاؤ کی روک تھام کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ’جوہری جنگ جیتی نہیں جا سکتی اور اسے کبھی لڑا نہیں جانا چاہیے۔‘

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. عمران خان اور بشریٰ بی بی کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ کیا گیا ہے: حکام

    راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے حکام کا کہنا ہے کہ ایک خصوصی میڈیکل ٹیم نے جیل میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کا طبی معائنہ کیا ہے۔

    جیل حکام نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ پمز ہسپتال کے ڈاکٹر عارف خان کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کیا اور تقریباً ڈھائی گھنٹے جیل میں گزارنے کے بعد واپس روانہ ہوئی۔

    حکام کے مطابق اس دوران عمران خان کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا اور خون کے ٹیسٹ کے لیے نمونے لیے گئے، جس کے بعد سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ دونوں کو علیحدہ علیحدہ کمروں میں منتقل کر دیا گیا۔

  2. وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر زرداری کی ملاقات، تمام معاملات کا حل ’مشاورت‘ سے نکالنے پر اتفاق

    پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔

    صدرِ پاکستان کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان کے مطابق ’ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔‘

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ’تمام معاملات کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جائے گا۔‘

    ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں مزید درج ہے: ’پچھلی آئینی ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے کی گئیں۔ تمام معاملات پر مل کر بیٹھیں گے اور مشاورت سے ان کا حل نکالا جائے گا۔‘

    یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک میں نئے صوبے بنانے کے لیے ریفرنڈم کی بات کی تھی اور صدرِ پاکستان کے بیٹے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے انھیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

    صدر اور وزیر اعظم کی ملاقات کی جو تصویر جاری کی گئی ہے، اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ محسن نقوی بھی وہاں موجود ہیں۔

  3. پاکستان اور قطر کے درمیان سکیورٹی تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

    پاکستان اور قطر نے سکیورٹی تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔

    وزیر اعظم پاکستان کے آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر قطر کی داخلی سکیورٹی فورس (لخویہ) اور وفاقی کانسٹیبلری کے درمیان دستخط کیے گئے۔

    دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی اور وزیر اعظم شہباز شریف شریک تھے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے قطر کے وزیر داخلہ کا پاکستان کے پہلے دورے پر خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔

    بیان کے مطابق وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ اس دورے سے دونوں برادر ممالک کی وزارتِ داخلہ اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہو گا۔

    شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے لیے قطر کی مسلسل حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔

    انھوں نے پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں قطر کی جانب سے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی مسلسل فراہمی کو سراہا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ تقریباً تین لاکھ پاکستانی قطر میں کام کر رہے ہیں اور وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

    بعد ازاں قطر کی داخلی سکیورٹی فورس (لخویہ) اور وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے وزارتِ داخلہ کے دفتر میں اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی سے ملاقات کی۔

    وزارت داخلہ کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں میں ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جبکہ وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران قطر کی نیشنل سائبر سکیورٹی ایجنسی (این سی ایس اے) اور پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

  4. عالمی عدالت نے میانمار کو روہنگیا نسل کشی کا مرتکب قرار دے دیا

    عالمی عدالتِ انصاف (انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس، آئی سی جے) نے اپنے فیصلے میں میانمار کو روہنگیا مسلم اقلیت کی نسل کشی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست نے روہنگیا آبادی کے ایک بڑے حصے کو تباہ کرنے کے ارادے سے اقدامات کیے۔

    15 ججوں پر مشتمل بین الاقوامی بینچ نے نو کے مقابلے میں چھ ووٹوں سے یہ فیصلہ سنایا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بین الاقوامی عدالت نے کسی ریاست کو نسل کشی کا مرتکب قرار دیا ہو۔

    فیصلے میں عدالت نے کہا ہے کہ میانمار کی سکیورٹی فورسز نے 2017 میں کارروائیوں کے دوران ہزاروں روہنگیا شہریوں کو ہلاک کیا اور ایسے شواہد موجود ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ روہنگیا آبادی کے ایک بڑے حصے کو تباہ کرنے کا ارادہ موجود تھا۔

    عدالت نے قرار دیا کہ 2017 کی کارروائیوں کے دوران 10 ہزار روہنگیا ’پُر تشدد‘ طریقے سے قتل کیے گئے۔

    عدالت نے قرار دیا کہ میانمار نے نسل کشی کی روک تھام، اس میں ملوث افراد کو سزا دینے اور متعلقہ قوانین نافذ کرنے سے متعلق اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی۔

    عدالت کے مطابق میانمار نسل کشی کے الزامات سے متعلق شواہد محفوظ رکھنے میں بھی ناکام رہا اور اس نے لاشیں جلانے اور دیگر طریقوں سے شواہد کو وسیع پیمانے پر تباہ کیا۔

    عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ میانمار مستقبل میں ایسے اقدامات کے دوبارہ ارتکاب کو روکنے کی ضمانت دے اور 2017 کی کارروائیوں کے دوران نسل کشی سے متعلق جرائم میں ملوث افراد کی تحقیقات اور قانونی کارروائی یقینی بنائے۔

    2017 میں میانمار کی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں ہزاروں روہنگیا ہلاک ہوئے تھے جبکہ سات لاکھ سے زائد افراد جان بچانے کے لیے ہمسایہ ملک بنگلہ دیش منتقل ہو گئے تھے۔

    میانمار نے مقدمے کے دوران ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس کی فورسز مسلح گروہوں کے حملوں کے جواب میں کارروائی کر رہی تھیں۔

    دریں اثنا بنگلہ دیش میں قائم روہنگیا مہاجر کیمپوں میں فیصلے کے بعد خوشی کا اظہار کیا گیا۔ انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے اس فیصلے کو روہنگیا مسلمانوں کی طویل عرصے سے جاری تکالیف کے اعتراف اور انصاف کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

    تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی عدالتِ انصاف اپنے فیصلوں پر براہ راست عمل درآمد کرانے کا اختیار نہیں رکھتی۔ عدالت ریاستی ذمہ داری کا تعین کرتی ہے، جبکہ افراد کے خلاف فوجداری کارروائی بین الاقوامی فوجداری عدالت (انٹرنیشل کرمنل کورٹ، آئی سی سی) کے دائرہ اختیار میں آتی ہے۔ اس لیے فیصلے پر عمل درآمد بڑی حد تک بین الاقوامی دباؤ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کردار پر منحصر ہو گا۔

  5. کیئو اور یورپ یوکرین پر سمجھوتے کے لیے تیار نہیں: روسی صدر پوتن کا دعویٰ

    چین کے شہر شینزن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ سہ فریقی ملاقات کے بعد روسی صدر پوتن نے میڈیا سے گفتگو کی ہے۔

    یوکرین جنگ کے حوالے سے پوتن نے دعویٰ کیا کہ کیئو اور یورپی ممالک ابھی تک تنازع کے حل کے لیے سمجھوتے پر آمادہ نہیں ہیں۔

    ولادیمیر پوتن نے روس اور مقبوضہ کریمیا کو ملانے والے پل پر حالیہ حملوں کے حوالے سے کہا کہ سہ فریقی مذاکرات سے قبل اس پر ایک بار پھر حملہ کیا گیا تھا۔

    میڈیا سے گفتگو میں پوتن نے کہا کہ انھوں نے روسی کنٹرول والے متعدد علاقوں میں ممکنہ جنگ بندی پر تبادلہ خیال کیا تھا، تاہم پل پر بار بار ہونے والے حملوں کے بعد مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے۔

    روسی صدر نے کہا: ’ہم اس پل کو فوجی ساز و سامان یا دیگر فوجی سامان کی نقل و حمل کے لیے استعمال نہیں کرتے، حتیٰ کہ تیل اور تیل کی مصنوعات کی ترسیل کے لیے بھی نہیں۔ یہ مکمل طور پر ایک سویلین تنصیب ہے۔‘

    روسی صدر نے خبردار کیا کہ روس ان حملوں کا جواب دے گا اور کہا کہ ’ہمارے جوابی اقدامات کہیں زیادہ تکلیف دہ ہوں گے۔‘

    روسی خبر رساں ایجنسی ریانووستی کے مطابق پوتن نے یہ بھی کہا کہ انھیں یقین ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ واقعی یوکرین تنازع کے حل اور روس اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی بحالی کے خواہاں ہیں۔

    پوتن نے کہا ہے کہ سہ فریقی ملاقات میں اقوام متحدہ میں اصلاحات، سکیورٹی کے امور اور جوہری عدم پھیلاؤ سمیت متعدد اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے روسی صدر نے کہا کہ جوہری شعبے میں روس کو برتری حاصل ہے کیونکہ ان کے بقول روس جوہری ٹیکنالوجی اور جوہری توانائی کے پُر امن استعمال میں عالمی رہنماؤں میں شمار ہوتا ہے۔

    روس اور امریکہ کے تعلقات کے بارے میں پوتن نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ماسکو کے حوالے سے ٹرمپ انتظامیہ کا طرزِ عمل امید افزا محسوس ہوتا ہے۔

    روسی صدر ولادیمیر پوتن نے چین، امریکہ اور روس کے درمیان ہونے والی سہ فریقی ملاقات کو ’سفارتی تاریخ کا ایک اہم باب‘ قرار دیا۔

    میڈیا سے گفتگو میں پوتن نے کہا کہ کئی اہم معاملات پر تینوں رہنماؤں کے درمیان اگر مکمل اتفاق رائے نہیں بھی ہوا تو کم از کم باہمی سمجھ بوجھ ضرور پیدا ہوئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران بات چیت مکمل طور پر کھلے ماحول میں ہوئی، جس سے رہنماؤں کو ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملی۔

  6. شی جن پنگ نے پوتن اور ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کو مثبت، تعمیری اور انتہائی نتیجہ خیز قرار دیا: چینی سرکاری میڈیا

    چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق صدر شی جن پنگ نے پوتن اور ٹرمپ کے ساتھ اپنی ملاقات کو ’مثبت، تعمیری اور انتہائی نتیجہ خیز‘ قرار دیا ہے۔

    نشریاتی ادارے کے مطابق شی جن پنگ نے دوسری جنگِ عظیم کے دوران ’شانہ بشانہ لڑنے کی تاریخ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تینوں رہنماؤں نے امن کی قدر و اہمیت پر زور دیا۔

    سی سی ٹی وی کے مطابق صدر شی نے کہا کہ تینوں رہنما اس بات پر متفق ہیں کہ بڑی طاقتوں کو سلامتی کے حوالے سے تمام ممالک کے جائز خدشات کا احترام کرنا چاہیے، اور ’جب تک مکالمہ جاری رہے گا اور دروازہ کھلا رہے گا، امن کی امید برقرار رہے گی۔‘

  7. چین، روس اور امریکہ کے رہنماؤں کی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری

    چین، روس اور امریکہ نے سہ فریقی سربراہی ملاقات کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے، جس کے اہم نکات سامنے آ گئے ہیں۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ، روسی صدر ولادیمیر پوتن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سٹریٹیجک استحکام اور بین الاقوامی سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہیں۔

    اعلامیے کے مطابق رہنماؤں نے توانائی کے تحفظ سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار اور فراہمی بڑھانے کے منصوبوں پر اتفاق کیا۔

    ریاستی عہدیداروں کو حاصل استثنیٰ کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت (انٹرنیشنل کرمنل کورٹ، آئی سی سی) اور اس نوعیت کے دیگر اداروں کو اپنے دائرۂ اختیار کا نا جائز استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

    جوہری امور پر تینوں رہنماؤں نے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ ’جوہری جنگ جیتی نہیں جا سکتی اور اسے کبھی لڑا نہیں جانا چاہیے۔‘

    اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے باہمی مذاکرات کا عمل جاری ہے۔

    چینی سرکاری میڈیا کے مطابق سہ فریقی ملاقات کے آغاز میں شی جن پنگ نے جوہری ہتھیاروں کو ’انسانیت کے سر پر لٹکتی ڈیموکلیز کی تلوار‘ قرار دیا تھا۔

    پس منظر: قدیم یونانی کہانی میں ڈیموکلیز کی تلوار کو بڑی طاقت یا دولت کے ساتھ جڑے مستقل خطرات کے استعارے کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔

    شی جن پنگ نے کہا: ’انھیں مکمل طور پر ممنوع قرار دیا جانا چاہیے اور مکمل طور پر تباہ کر دینا چاہیے۔‘

  8. صحافی شاہد میتلا جوڈیشل ریمانڈ پر کوئٹہ جیل منتقل، ضمانت کی درخواست پر سماعت کل ہو گی, محمد کاظم، بی بی سی اردو، کوئٹہ

    صوبہ بلوچستان کے دار الحکومت کوئٹہ میں ایک عدالت نے صحافی شاہد میتلا کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    شاہد میتلا کو سابق وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی شکایت پر نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے اسلام آباد سے گرفتار کرکے کوئٹہ منتقل کیا تھا۔

    انھیں جمعرات کو جوڈیشل مجسٹریٹ نمبر سات کوئٹہ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ شاہد میتلا کی جانب سے راحب بلیدی ایڈووکیٹ، عزیر شاہوانی ایڈووکیٹ اور سجاد ابڑو ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

    راحب بلیدی ایڈووکیٹ کے مطابق این سی سی آئی اے نے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست نہیں کی، جس پر عدالت نے شاہد میتلا کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم جاری کیا۔

    ان کے بقول شاہد میتلا کی رہائی کے لیے ضمانت کی درخواست بھی دائر کر دی گئی ہے، جس پر عدالت نے کل کے لیے فریقین کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔

  9. میرا خیال ہے کہ کسی نے بھی یہ توقع نہیں کی تھی کہ سب کچھ اتنا اچھا ہو گا: پوتن

    بی بی سی روسی سروس کی نامہ نگار لیزا فوخت کے مطابق کریملن نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کو اجلاس کے مقام سے روانہ ہوتے اور چینی صدر شی جن پنگ کو الوداع کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    ویڈیو میں پوتن شی جن پنگ سے کہتے ہیں: ’اس (ملاقات/اجلاس) کے انعقاد کے لیے شکریہ۔ میرا خیال ہے کہ کسی نے بھی توقع نہیں کی تھی کہ سب کچھ اتنا اچھا ہو گا۔‘

    روسی نشریاتی ادارے کی سربراہ مارگریٹا سیمونیان کے مطابق روسی صحافی پوتن کی پریس کانفرنس کی تیاری کر رہے ہیں۔

    دریں اثنا متعدد روسی سرکاری خبر رساں اداروں نے رپورٹ کیا ہے کہ تینوں رہنماؤں کا ایک مشترکہ اعلامیہ ’ایک گھنٹے کے اندر‘ جاری کیا جائے گا۔

  10. سہ فریقی اجلاس کے بعد امریکہ واپسی کے لیے ٹرمپ اپنے صدارتی طیارے میں سوار ہو گئے

    چین کے شہر شینزن میں روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ سہ فریقی اجلاس کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایئر فورس ون میں سوار ہو گئے ہیں۔

    اجلاس کے اختتام کے بعد امریکی صدارتی قافلہ کائلن ولا سے روانہ ہوا تھا، جبکہ اب سامنے آنے والی تصاویر میں ٹرمپ کو ایئر فورس ون میں سوار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    اس سے قبل روسی سرکاری میڈیا نے بھی اطلاع دی تھی کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن اجلاس کے مقام سے روانہ ہو گئے ہیں۔

  11. سہ فریقی اجلاس کے بعد امریکی اور روسی وفود روانہ، چین نے شی جن پنگ اور ٹرمپ ملاقات کی مزید تفصیلات جاری کر دیں

    چین کے شہر شینزن میں ہونے والے چین، امریکہ اور روس کے سہ فریقی اجلاس کے اختتام کے بعد امریکی اور روسی وفود اجلاس کے مقام سے روانہ ہو گئے ہیں۔

    پریس پول رپورٹر کے مطابق امریکی صدارتی قافلہ شینزن کے کائلن ولا سے روانہ ہو چکا ہے، جہاں سہ فریقی اجلاس منعقد ہوا تھا۔ توقع ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ چند گھنٹوں میں امریکہ واپس روانہ ہو جائیں گے۔

    ادھر روسی سرکاری میڈیا کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتن بھی اجلاس کے مقام سے روانہ ہو گئے ہیں۔ نشر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ پوتن کو رخصت کر رہے ہیں۔

    روسی خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق تینوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی جبکہ اجلاس کے بعد کسی بھی رہنما نے میڈیا سے گفتگو نہیں کی۔

    دوسری جانب چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا نے صدر شی جن پنگ اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی دوطرفہ ملاقات کی مزید تفصیلات جاری کی ہیں۔

    اس سے قبل سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق شی جن پنگ نے کہا تھا کہ تازہ مذاکرات سے چین اور امریکہ کے تعلقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔

    شنہوا کی رپورٹ میں اس مؤقف کو اجاگر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے ’احترام، انصاف اور باہمی برابری‘ کے اصولوں کے تحت پر امن بقائے باہمی کا درست راستہ تلاش کرنے کی کوشش کی ہے۔

    شی جن پنگ نے کہا کہ وہ ٹرمپ کے ساتھ مل کر چین اور امریکہ کے تعلقات کی سمت متعین کرتے رہنے کے خواہاں ہیں تاکہ یہ ’عظیم جہاز‘ آگے بڑھتے ہوئے درست راستے پر قائم رہے۔

    تائیوان کے معاملے پر رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن کو درست طرزِ عمل جاری رکھنا چاہیے تاکہ چین اور امریکہ کے تعلقات میں کسی بڑے دھچکے سے بچا جا سکے۔

    دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں تجارت کے حوالے سے باہمی فوائد حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا، جبکہ مصنوعی ذہانت کے موضوع پر دونوں ممالک کی جانب سے سکیورٹی خطرات سے نمٹنے اور اے آئی کو انسانی کنٹرول میں رکھنے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش ظاہر کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق دونوں فریقوں نے اس ملاقات کو مثبت اور تعمیری قرار دیا۔

  12. گوادر میں مسافر بس اور ایل پی جی باؤزر میں تصادم، 10 افراد ہلاک, محمد کاظم، بی بی سی اردو، کوئٹہ

    بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر میں کوسٹل ہائی وے پر مسافر بس اور ایل پی جی باؤزر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 23 زخمی ہیں۔

    ایس پی کوسٹل ہائی وے اسلم بنگلزئی نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ حادثہ تحصیل پسنی کے علاقے تاجی کور میں پیش آیا، جہاں کوسٹل ہائی وے پر مسافر بس اور ایل پی جی باؤزر آپس میں ٹکرا گئے۔

    انھوں نے بتایا کہ تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی، تاہم مسافر بس کو شدید نقصان پہنچا۔

    اسلم بنگلزئی کے مطابق مسافر بس تربت سے کراچی جا رہی تھی اور اس میں 48 مسافر سوار تھے۔

    ان کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

    ایس پی کوسٹل ہائی وے اسلم بنگلزئی نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات کے تعین کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

    پسنی سے تعلق رکھنے والے سینیئر صحافی ساجد نور کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رات کے وقت گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی کے باعث دن کے اوقات میں سنگل ٹریک سڑک پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ جاتا ہے، جس کے نتیجے میں حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر رات کے وقت مال بردار گاڑیوں کو آمد و رفت کی اجازت دی جائے تو متعدد حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔

    ساجد نور کے مطابق کوسٹل ہائی وے کے بعض حصے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جو بھی حادثات کی ایک وجہ بنتے ہیں۔

  13. اجلاس کے آغاز پر تینوں رہنماؤں نے کیا کہا؟

    چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ یہ اجلاس تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا اجلاس ہے اور ’تاریخی اہمیت‘ کا حامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ تینوں ممالک کو عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے اور دنیا کے باقی ممالک کے لیے ’مثال قائم‘ کرنی چاہیے۔

    صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شی جن پنگ کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہ فریقی اجلاس ’واقعی تاریخ رقم کر رہا ہے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ تینوں رہنماؤں پر نتیجہ خیز مکالمے کو برقرار رکھنے کی ’خصوصی ذمہ داری‘ عائد ہوتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا: ’مذاکرات اور رابطوں کے مواقع کو مسترد کر کے کبھی امن قائم نہیں کیا گیا۔‘

    صدر ولادیمیر پوتن نے بھی اسی نوعیت کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی امن کے تحفظ میں تینوں ممالک کی ذمہ داری پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ روس، چین اور امریکہ اگر تعمیری تعاون کریں تو عالمی استحکام کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

  14. چین، امریکہ اور روس کے سربراہان کا سہ فریقی اجلاس ڈیڑھ گھنٹے بعد اختتام پذیر

    چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی اور روسی خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان ہونے والا سہ فریقی اجلاس اختتام پذیر ہو گیا ہے۔

    تاس کے مطابق تینوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی سربراہی ملاقات تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی۔

  15. فضل الرحمٰن اور اسعد محمود کی سکیورٹی واپس لے لی گئی: جے یو آئی کا دعویٰ, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردو، پشاور

    جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور سابق وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود کی سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔

    جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری کے مطابق ’مولانا فضل الرحمٰن کی ڈیرہ اسماعیل خان میں رہائش گاہ اور اسلام آباد سے سکیورٹی اہلکاروں کو ہٹانے کا حکم نا قابل قبول ہے۔‘

    جے یو آئی میڈیا سیل کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں اسلم غوری کا کہنا تھا کہ فضل الرحمٰن اور اسعد محمود پر ماضی میں درجنوں خودکش حملے ہو چکے ہیں، اس لیے ان کی ’جان و سلامتی کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔‘

    انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واضح کیا جائے کہ دونوں رہنماؤں کی سکیورٹی اچانک کس کے حکم پر ختم کی گئی۔

    جے یو آئی کے ترجمان نے کہا کہ اگر قائد جمعیت کو کسی قسم کا نقصان پہنچا تو ’اس کی ذمہ داری وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پر عائد ہو گی۔‘

    پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جے یو آئی اپنے قائد کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور اس فیصلے کے خلاف بھرپور آواز اٹھائے گی۔

    بیان میں کہا گیا: ’حکومت سن لے، قائد جمعیت کی سکیورٹی کے معاملے میں نہ کوئی رعایت ہو گی اور نہ کوئی خاموشی۔‘

    جمعیت علمائے اسلام کے میڈیا سیل کی جانب سے یہ الزام بھی عائد کیا گیا کہ فضل الرحمان کے پرسنل سیکریٹری مفتی ابرار اور ان کے اہل خانہ کے خلاف ’جھوٹی ایف آئی آرز‘ درج کی گئی ہیں۔

    اسلم غوری کے مطابق رات گئے مفتی ابرار کی گرفتاری کی آڑ میں اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں چھاپے بھی مارے گئے۔

  16. چین میں ٹرمپ، شی جن پنگ اور پوتن کی تاریخی سہ فریقی ملاقات، اب تک ہم کیا جانتے ہیں؟

    چین کے شہر شینزن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان سہ فریقی ملاقات جاری ہے، جسے تینوں رہنماؤں نے غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔

    ملاقات کے آغاز پر چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ یہ مذاکرات ’تاریخی نوعیت کی اہمیت‘ رکھتے ہیں، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان یہ بات چیت ’واقعی تاریخ رقم کر رہی ہے۔‘

    اس سے قبل ٹرمپ نے شی جن پنگ اور ولادیمیر پوتن سے الگ الگ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔ روسی صدر کے ساتھ ملاقات کے دوران ٹرمپ نے پوتن کو اپنا ’دوست‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کے درمیان ’بہت اچھے تعلقات‘ ہیں۔

    بعد ازاں پوتن کے ایک معاون نے بتایا کہ ٹرمپ اور پوتن کے درمیان ہونے والی ملاقات مثبت رہی اور روسی صدر ’بہترین موڈ‘ میں تھے۔

    شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اور چین دونوں یوکرین جنگ کے خاتمے کے خواہاں ہیں۔

    ملاقات کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ، چین اور روس دنیا کی بڑی جوہری طاقتیں ہیں اور وہ زمین پر موجود جوہری ہتھیاروں کی تعداد کم کرنے کے طریقوں پر بات چیت کے لیے منفرد حیثیت رکھتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک میں جوہری پھیلاؤ کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تعاون ’انتہائی ضروری‘ ہے۔

    ایران کا ذکر کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا: ’ہم ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔‘

    یوکرین جنگ کے حوالے سے امریکی صدر نے بتایا کہ اس موضوع پر ان کی پوتن کے ساتھ پہلے ہی طویل گفتگو ہو چکی ہے اور انھیں امید ہے کہ روس سمیت تمام متعلقہ فریق اس جنگ کے خاتمے کے خواہاں ہوں گے۔

    ادھر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ روس، چین اور امریکہ اگر تعمیری تعاون کریں تو عالمی استحکام کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق اقوام متحدہ کے بانی ارکان ہونے کے ناطے تینوں ممالک پر بین الاقوامی قانون کے نظام کو مضبوط بنانے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

    چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ بڑی طاقتوں کے درمیان مثبت روابط ایک ضرورت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کی دنیا ایک ایسا ’عالمی گاؤں‘ بن چکی ہے جہاں تمام اقوام کی تقدیر ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے، اور عالمی طاقتوں پر خصوصی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔

    شی جن پنگ نے روس، چین اور امریکہ پر زور دیا کہ وہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کے ذریعے دنیا کے لیے مثال قائم کریں۔

    یہ امریکہ، چین اور روس کے سربراہان کی تاریخ کی پہلی سہ فریقی سربراہ ملاقات ہے، جو ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپیک) اجلاس کے موقع پر منعقد ہو رہی ہے۔

    تینوں رہنماؤں نے اس ملاقات کو عالمی امور پر مکالمے اور تعاون کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا ہے۔

  17. چین میں تاریخی سربراہی ملاقات، ٹرمپ نے مذاکرات کے آغاز پر پوتن کو ’دوست‘ قرار دیا

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کو اپنا ‘دوست’ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ساتھ ان کے ‘بہت اچھے تعلقات’ ہیں۔ یہ بات انھوں نے چین کے شہر شین ژین میں چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ہونے والے تاریخی سہ فریقی مذاکرات سے قبل کہی۔

    ٹرمپ نے سہ فریقی اجلاس سے پہلے پوتن اور شی جن پنگ سے الگ الگ دوطرفہ ملاقاتیں کیں، جبکہ تینوں رہنماؤں کے درمیان مشترکہ مذاکرات اب جاری ہیں۔

    روس کے اعلیٰ خارجہ پالیسی مشیر یوری اوشاکوف کے مطابق ٹرمپ اور پوتن کے درمیان ہونے والی دوطرفہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور روسی صدر ملاقات کے بعد ‘بہترین موڈ’ میں تھے۔

    روسی سرکاری ٹی وی چینل ویستی سے گفتگو کرتے ہوئے اوشاکوف نے کہا کہ دونوں صدور کے درمیان مذاکرات ‘اچھی طرح’ ہوئے۔

    روسی ذرائع ابلاغ کی جانب سے نشر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرمپ کمرے میں داخل ہوتے ہوئے پوتن کی جانب اشارہ کر کے کہتے ہیں: ‘یہ کون ہیں؟ یہ میرے دوست ہیں!’

    اوشاکوف کے مطابق تقریباً 35 سے 40 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات میں یوکرین کی جنگ سب سے اہم موضوع رہی۔ اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے امریکہ اور روس کے باہمی تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

    کریملن کا کہنا ہے کہ نہ ٹرمپ اور نہ ہی پوتن نے اس ملاقات کے بعد کوئی بڑا بیان دیا کیونکہ دونوں فریق بعد میں چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ہونے والی سربراہی ملاقات کی تیاری میں مصروف تھے۔

    ادھر شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اور چین دونوں یوکرین کی جنگ کے خاتمے کے خواہاں ہیں۔

    توقع ہے کہ ٹرمپ، پوتن اور شی جن پنگ کے درمیان ہونے والے سہ فریقی مذاکرات میں یوکرین، ایران، جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ، تجارت اور مصنوعی ذہانت سمیت کئی اہم عالمی امور زیرِ بحث آئیں گے۔

    تاہم ان مذاکرات کے آغاز سے قبل تائیوان نے دعویٰ کیا کہ روسی فوجی طیارے اس کی فضائی حدود میں داخل ہوئے ہیں، جس کے باعث خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بھی توجہ مرکوز ہو گئی ہے۔

  18. امریکی سینٹکام کمانڈر کی اسرائیل میں موساد سربراہ اور فوجی قیادت سے اہم ملاقات

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے سربراہ جنرل بریڈ کوپر نے بدھ کو اسرائیل کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے اسرائیلی فوج کے سربراہ اور خفیہ ایجنسی موساد کے ڈائریکٹر سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔

    یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل بریڈ کوپر، اسرائیلی فوج کے چیف آف جنرل سٹاف ایال ضمیر اور موساد کے سربراہ رومن گوفمین کے درمیان سہ فریقی ملاقات ہوئی۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جنرل بریڈ کوپر اور ایال ضمیر نے دونوں ممالک کی افواج کے اعلیٰ کمانڈرز کے ساتھ خطے کی صورتِ حال کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ اس ملاقات میں اسرائیلی فضائیہ کے سربراہ عمر ٹشلر بھی شریک تھے۔

    اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    جنرل بریڈ کوپر کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب بحرین اور کویت نے بدھ کو دعویٰ کیا کہ انھوں نے ایران کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں کو ناکام بنا دیا ہے۔

    یہ حملے ایران کے جزیرے قشم پر امریکی حملوں کے بعد کیے گئے تھے۔

  19. سعودی عرب کی جانب آنے والے دو ڈرونز مار گرائے، حوثیوں کا 24 گھنٹوں میں یمن پر 87 فضائی حملوں کا دعویٰ

    سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے بدھ کی شام اعلان کیا کہ اس نے ملک کی جانب آنے والے دو ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے۔ ان میں سے ایک ڈرون ریاض کے علاقے جبکہ دوسرا سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی جانب آ رہا تھا۔

    اتحاد کے مطابق یہ ڈرونز یمن میں سرگرم ایرانی حمایت یافتہ حوثی تحریک کی جانب سے بھیجے گئے تھے۔

    یمن کی حکومت کی حمایت کرنے والے فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے ایکس پر بتایا کہ ’دہشت گرد حوثی گروہ کی جانب سے بھیجے گئے دو ڈرونز کو ریاض اور جنوبی علاقوں میں روک کر تباہ کر دیا گیا ہے۔‘

    بدھ کے روز یہ دوسرا موقع تھا جب سعودی اتحاد نے حوثیوں کی جانب سے داغے گئے میزائل یا ڈرون کو روکنے کا اعلان کیا۔

    اس سے قبل بدھ کی صبح اتحاد نے ریاض کی جانب داغا گیا ایک کروز میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ یہ اعلان سعودی دارالحکومت میں زور دار دھماکے کی آواز سنائی دینے کے کچھ ہی دیر بعد سامنے آیا تھا۔

    ترکی المالکی نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’حوثیوں کی جانب سے ریاض کے علاقے کی طرف داغے گئے کروز میزائل کو روک کر تباہ کر دیا گیا ہے۔‘

    اتحاد نے اس سے چند گھنٹے پہلے بھی ایک اور کروز میزائل کو فضا میں تباہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    دوسری جانب سعودی عرب کے جنوبی علاقے شرورہ میں شہری دفاع کے ادارے نے بدھ کو ممکنہ خطرے سے خبردار کرنے کے لیے الرٹ جاری کیا، جسے چند منٹ بعد واپس لے لیا گیا۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے نمائندوں کے مطابق بدھ کی صبح ریاض کے شمالی علاقے میں ایک زوردار دھماکے کی آواز بھی سنی گئی تھی۔

    ادھر حوثی تحریک کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے بدھ کی شام دعویٰ کیا کہ سعودی طیاروں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن میں 87 فضائی اور میزائل حملے کیے ہیں۔

    ان کے مطابق ان حملوں میں دارالحکومت صنعا کے علاوہ الجوف، تعز، عمران، لحج، صعدہ، البیضا، مارب اور اِب کے صوبوں میں شہری مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔

    حوثی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ان حملوں کے نتیجے میں شہری ہلاک اور زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    تاہم سعودی اتحاد اور حوثی تحریک کی جانب سے سامنے آنے والے ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔

  20. کیا صرف چیئرمین پی بی سی کو حق ہے کہ وہ صوبے کی تقسیم کی بات کریں: بلاول کا محسن نقوی پر طنز

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کیا صرف چیئرمین پی سی بی کو یہ حق حاصل ہے‘ کہ وہ صوبوں کی تقسیم اور نظام کی تبدیلی جیسے معاملات پر بات کریں۔

    پاکستانی ٹیلی وژن چینل ہم نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ انھیں بھی اس بحث میں حصہ لینے کا اتنا ہی حق حاصل ہے جتنا اسے شروع کرنے والوں کو حاصل ہے۔

    ان کا کہنا تھا: ’اگر صوبے کو تقسیم ہونا ہے تو کیا اس پر بات کرنے کا حق صرف چیئرمین پی سی بی کو ہے اور میں چپ کر گھر چلا جاؤں؟ ایسا تو ممکن نہیں ہے۔‘

    بلاول بھٹو نے اپنے گذشتہ روز کے بیان پر بھی وضاحت پیش کی، جس میں انھوں نے خبردار کیا تھا کہ سندھ کی زبردستی تقسیم کی کوشش کی گئی تو ’کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ اسے دھمکی کے طور پر نہیں لیا جانا چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ وہ دھمکی نہیں دے رہے تھے بلکہ ’خطرے کی گھنٹی‘ بجا رہے تھے کہ ’اگر زور زبردستی سندھ کی تقسیم کی گئی تو اس صوبے میں ایسی آگ لگ سکتی ہے جسے بجھانا مشکل ہو گا۔‘

    واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی حالیہ مہینوں میں نئے صوبوں کے قیام اور اس حوالے سے ریفرنڈم کرانے کی تجویز دیتے رہے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ موجودہ نظام ’کولیپس‘ کر چکا ہے اور انتظامی مسائل کے حل کے لیے نئے صوبوں پر غور ہونا چاہیے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ انھوں نے نہ تو سسٹم کے ’کولیپس‘ ہونے کی بحث چھیڑی اور نہ ہی کسی غیر آئینی ریفرنڈم کے ذریعے صوبے تقسیم کرنے کی بات کی۔

    انٹرویو کے دوران انھوں نے کہا کہ نظام میں کسی بھی تبدیلی سے متعلق فیصلوں میں تمام سیاسی قوتوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جانا ضروری ہے۔