کسی ملک کے منجمد اثاثوں کو ہرجانے کی ادائیگیوں کے لیے استعمال کرنے سے خطرناک نظیر قائم ہو گی: ایران
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملک کے اثاثے منجمد کر کے انھیں مستقبل میں کیے جانے والے غیر متعلقہ دعووں کی ادائیگی کے لیے استعمال کرنے سے ایک خطرناک نظیر قائم ہو گی۔
یاد رہے کہ امریکی صدر نے ٹروتھ سوشل پر جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ آج کے بعد سے جہازوں، ان کے سامانِ تجارت (کارگو) یا اس سے متعلق کسی بھی چیز کو پہنچنے والے تمام نقصانات کا معاوضہ ایران کے ان فنڈز سے ادا کیا جائے گا جو امریکہ کے قبضے اور کنٹرول میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہرجانے بہت زیادہ بھی ہو سکتے ہیں لیکن ان کے خیال میں یہی صحیح قدم ہے۔
بی بی سی فارسی کے مطابق امریکی صدر کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ جو لوگ ان اقدامات کا خیر مقدم کر رہے ہیں یا اس سے فائدہ اٹھانے کے متعلق سوچ رہے ہیں، انھیں یاد رکھنا چاہیے کہ جب حکومتیں دوسروں کی ملکیت ضبط کرنے کو معمول کا عمل بنا لیں تو پھر کوئی بھی جائیداد محفوظ نہیں رہے گی۔






