آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, ایران پر آج دوبارہ سخت حملہ کریں گے، پھر دیکھیں گے معاہدے کا کیا ہوتا ہے: صدر ٹرمپ

بدھ کو اوول آفس میں بات چیت کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ کسی معاہدے کے قریب ہیں لیکن تہران ’حیل و حجت سے کام لے رہا ہے۔‘ ’وہ ہمیں بے قوم بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ مجھے شرمندگی سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ماضی میں ان کا بےوقوف صدور سے پالا پڑتا رہا ہے۔‘

خلاصہ

  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ نے گذشتہ روز بھی ایران پر ایک 'سخت حملہ' کیا تھا اور 'ہم آج بھی ان پر سخت حملہ کریں گے اور پھر دیکھیں گے کہ معاہدے کا کیا ہوتا ہے۔'
  • ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ان کا ملک 'بار بار ہونے والی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں' کے بعد جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے سفارتی مذاکرات کے مستقبل کا ازسرِ نو جائزہ لے رہا ہے۔
  • ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے ایرانی قوم کو 'بمباری، دھمکیوں اور فوجی دباؤ کے ذریعے سر تسلیم خم کرنے پر مجبور کرنا ناممکن ہے' اور وہ 'یقینی طور پر ہار نہیں مانے گی۔'
  • اردن کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کی طرف سے داغے گئے پانچ میزائلوں کو مار گرایا ہے، دوسری جانب پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل استعمال کرتے ہوئے (امریکی فوجی اڈوں پر مشتمل) چار بڑے اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
  • سینٹکام نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کے خلاف جوابی حملوں کا سلسلہ مکمل کر لیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا تھا کہ صدر ٹرمپ کی ہدایت پر ایران کے خلاف 'سیلف ڈیفنس سٹرائیکس' شروع کی ہیں۔
  • پاکستان کی وفاقی حکومت کا مجموعی قرض تقریباً 82000 ارب روپے تک بڑھ گیا: سٹیٹ بینک

لائیو کوریج

  1. ایران پر آج پھر سخت حملہ کریں گے: صدر ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ نے گذشتہ روز بھی ایران پر ایک ’سخت حملہ‘ کیا تھا اور ’ہم آج بھی ان پر سخت حملہ کریں گے اور پھر دیکھیں گے کہ معاہدے کا کیا ہوتا ہے۔‘

    بدھ کو اوول آفس میں بات چیت کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ کسی معاہدے کے قریب ہیں لیکن تہران ’حیل و حجت سے کام لے رہا ہے۔‘

    ’وہ ہمیں بے قوم بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ مجھے شرمندگی سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ماضی میں ان کا بےوقوف صدور سے پالا پڑتا رہا ہے۔‘

    علی الصبح امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکی افواج نے ایک ہیلی کاپٹر کو گرائے جانے کے جواب میں ایران میں کارروائی کی ہے۔

    سینٹکام نے ایک بیان میں کہا ’یہ مشن بلا جواز ایرانی جارحیت کے تناظر میں ایک جواب ہے۔‘

    دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’تشدد کو بڑھاوا دینے والی امریکی حکومت نے آج علی الصبح جسک، سرک اور قشم کے کئی مقامات پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں سرک میں ایک مواصلاتی ٹاور کو نقصان پہنچا اور شہری سپلائی کے پانی کے دو ٹینک تباہ ہو گئے۔‘

    پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل استعمال کرتے ہوئے (امریکی فوجی اڈوں کے) چار بڑے اہداف کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔

    ایرانی خبر رساں ادارے ارنا نے پاسداران انقلاب کا حوالہ دے کر کہا ہے کہ ’ان میں F-35 کے ہینگرز اور اردن کے علاقے الازرق میں ایک امریکی فوجی کمانڈ اور کنٹرول مرکز شامل ہیں۔‘

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انھوں نے اس سے قبل پاکستان کی درخواست پر ایران کے خلاف کارروائی روکی تھی

    صدر ٹرمپ نے آج ایک مرتبہ پھر ایران کو ممکنہ حملے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں ایران کے ساتھ کئی مہینوں سے کام کر رہا ہوں اور انھیں معاہدے پر دستخط کرنا چاہیے کیونکہ یہ ایک اچھا معاہدہ ہے۔‘

    ’اس کے تحت انھیں جوہری ہتھیار بنانے کا حق حاصل نہیں ہے۔ حقیقت میں ان پر کبھی بھی جوہری ہتھیار بنانے پر پابندی ہوگی۔‘

  2. قومی اقتصادی کونسل نے وفاقی اور صوبائی ترقیاتی پروگرام کے لیے 3669 ارب روپے کی منظوری دے دی, سارہ حسن، صحافی

    آئندہ مالی سال کے بجٹ کے اعلان سے قبل پاکستان قومی اقتصادی کونسل نے وفاقی اور صوبائی ترقیاتی پروگرام کے لیے 3669 ارب روپے کی منظوری دے دی ہے، جبکہ آئندہ مالی سال کے لیے معاشی شرحِ نمو کا ہدف چار فیصد اور مہنگائی میں اضافے کا ہدف 8.2 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت میں قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں وفاق اور صوبوں نے موجودہ حالات کے تناظر میں اپنے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 1046 ارب روپے کی کمی کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

    آئندہ مالی سال کے لیے وفاق کا ترقیاتی بجٹ 126 ارب روپے کی کمی کے بعد اب 1000 ارب روپے مختص کیا گیا ہے، جبکہ صوبوں نے اپنے ترقیاتی پروگرامز کے لیے مختص بجٹ میں 920 ارب روپے کم خرچ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

    کئی بار کی تاخیر کے بعد اسلام آباد میں منعقد ہونے والے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو معاشی شرح نمو تیز کرنے کے مراعات متعارف کرانا ہوں گی۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان نے میکرو اکنامک استحکام تو حاصل کرلیا لیکن اب ترقی کی رفتار کو فروغ دینا ضروری ہے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور پیداوار بڑھے اور برآمدات میں اضافہ ہو۔

    وزیرِاعظم نے کہا کہ اس وقت خطے میں جاری جیوپولیٹکل بحران کے باوجود بھی پاکستان آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدرآمد کرنے میں کامیاب رہا ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر اعلیٰ خیبر پختوانخواہ سہیل آفریدی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی شریک ہوئے لیکن وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنی علالت کے باعث اجلاس میں شریک نہ ہو سکیں۔

    اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گذشتہ کئی ہفتوں سے بجٹ کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ مشاورت کررہی ہے اور وفاق اور صوبوں کے مابین ہم آہنگی ضروری ہے۔

    اجلاس کے بعد پلاننگ کمیشن کے حکام نے میڈیا کو بتایا کہ وفاق اور صوبوں نے آئندہ مالی سال میں نئے ترقیاتی منصوبے نہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ دفاعی سلامتی اور سکیورٹی کے لیے ضروری منصوبوں کے علاوہ آئندہ مالی سال میں کوئی نیا منصوبہ نہیں شروع کیا جائے گا۔

    پلاننگ کمیشن کے مطابق پنجاب نے ترقیاتی بجٹ کی مد میں 749 ارب روپے، سندھ نے 706 ارب روپے اور خیبر پختوانخواہ نے 455 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی ہے جبکہ بلوچستان حکومت ترقیاتی منصوبوں پر 308 ارب روپے خرچ کرے گی۔

    تینوں صوبوں نے ترقیاتی منصوبوں کے لیے سالانہ ترقیاتی پلان میں کمی کی ہے لیکن بلوچستان کے لیے مختص صوبائی ترقیاتی بجٹ میں کوئی کٹ نہیں لگایا گیا ہے۔

    پاکستان کے زیرِ اتنظام کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے 88.8 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ جبکہ خیبرپختونخوا میں ضم قبائلی اضلاع کی لیے 56 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

  3. ’سفارتکاری اور میدانِ جنگ الگ معاملات نہیں‘: ایران کا جنگ بندی کی ’خلاف ورزیوں‘ پر مذاکرات کا ازسرِ نو جائزہ لینے کا فیصلہ

    ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ان کا ملک ’بار بار ہونے والی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں‘ کے بعد جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے سفارتی مذاکرات کے مستقبل کا ازسرِ نو جائزہ لے رہا ہے۔

    ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ’ہمیں اس کا جائزہ لینا ہوگا۔ سفارت کاری اور میدانِ جنگ الگ معاملات نہیں ہیں، بلکہ یہ ایران کے مفادات اور سلامتی کے تحفظ کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔‘

    خیال رہے ایران اور امریکہ کے درمیان بدھ کی صبح سے ہی کشیدگی جاری ہے اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کو نشانہ بنانے کے دعوے کیے ہیں۔

    علی الصبح امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکی افواج نے ایک ہیلی کاپٹر کو گرائے جانے کے جواب میں ایران میں کارروائی کی ہے۔

    سینٹکام نے ایک بیان میں کہا ’یہ مشن بلا جواز ایرانی جارحیت کے تناظر میں ایک جواب ہے۔‘

    دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’تشدد کو بڑھاوا دینے والی امریکی حکومت نے آج علی الصبح جسک، سرک اور قشم کے کئی مقامات پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں سرک میں ایک مواصلاتی ٹاور کو نقصان پہنچا اور شہری سپلائی کے پانی کے دو ٹینک تباہ ہو گئے۔‘

    پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل استعمال کرتے ہوئے (امریکی فوجی اڈوں کے) چار بڑے اہداف کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔

    ایرانی خبر رساں ادارے ارنا نے پاسداران انقلاب کا حوالہ دے کر کہا ہے کہ ’ان میں F-35 کے ہینگرز اور اردن کے علاقے الازرق میں ایک امریکی فوجی کمانڈ اور کنٹرول مرکز شامل ہیں۔‘

    ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے امریکی کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’جہاں بھی مسلح افواج ضروری سمجھتی ہیں، وہ دشمن کو اپنے اختیارات اور طاقت کے ساتھ جواب دیتی ہیں اور گذشتہ رات کے واقعات نے یہ ظاہر کر دیا ہے کہ ایران کی بہادر مسلح افواج ملک کے دفاع میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتیں۔‘

    ’سفارتی محاذ پر بھی نظام کے تمام ستون مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ جہاں ممکن ہوگا، وہ سفارت کاری کے ذریعے کام لیں گے اور جہاں ضروری ہوگا وہ ملک کے دفاع کے لیے فوجی طاقت کا استعمال کریں گے۔‘

  4. ایرانی قوم بمباری، دھمکیوں اور فوجی دباؤ کے ذریعے ہار نہیں مانے گی: صدر پزشکیان

    ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے ایرانی قوم کو ’بمباری، دھمکیوں اور فوجی دباؤ کے ذریعے سر تسلیم خم کرنے پر مجبور کرنا ناممکن ہے‘ اور وہ ’یقینی طور پر ہار نہیں مانے گی۔‘

    ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق بدھ کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے ’دشمنوں‘ کا ایک مقصد تہران کے خلاف عرب دنیا اور مسلمان ممالک کو متحرک کرنا تھا لیکن سفارتکاری نے درست سمت میں کام کرتے ہوئے خطے کے ممالک کو امریکہ اور اسرائیل سے دور رکھا۔

    اپنی تقریر کے دوران ایرانی صدر نے ملک کو پابندیوں کے سبب درپیش مشکلات کو تسلیم کیا۔

    ’ہم پابندیوں کی زد میں ہیں، ہمارے راستے بند کر دیے گئے ہیں اور ہمیں ایک امتحان کا سامنا ہے۔‘

    تاہم انھوں نے واضح کیا کہ ’جنگ ملک کے مفاد میں نہیں ہے، لیکن اگر ہمارے وقار اور سرزمین کی خلاف ورزی کی جائے گی تو ہم جھکیں گے نہیں۔‘

  5. مظفر آباد میں فوجی ہیلی کاپٹر ’ایم آئی 17‘ گِر کر تباہ: ’زور دار دھماکے کے بعد دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے‘

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں پاکستانی فوج کے ہیلی کاپٹر کو پیش آئے حادثے کے بعد شہریوں نے بتایا ہے کہ جائے حادثہ سے اٹھتے ہوئے دھویں کے بادل پورے شہر سے نظر آ رہے تھے۔

    اس واقعے کے بعد بی بی سی کو موصول ہونے والی تصاویر میں مظفر آباد کی فضا میں کالے دھویں کے بادل واضح دیکھے جا سکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تیکنیکی خرابی کے باعث پیش آئے حادثے کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر پر سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

    مظفر آباد انتظامیہ کے ایک اعلیٰ افسر نے بی بی سی کے شہزاد ملک کو بتایا تھا کہ یہ ہیلی کاپٹر اُس وقت حادثے کا شکار ہوا تھا جب یہ مظفر آباد میں واقع نیلم سٹیڈیم سے پرواز بھرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

    اہلکار کے مطابق اس کے بعد شہر میں ایک زور دار دھماکہ سُنا گیا تھا۔

    پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں کریش کے بعد حادثے کے مقام پر پہنچ گئی تھیں اور اس کی تحقیقات کے لیے ایک بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر پر سوار کوئی شخص زندہ نہیں بچا، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ اس حادثے میں کتنے افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

  6. ایران نے معاہدہ کرنے میں ’بہت تاخیر‘ کر دی، ’قیمت چکانی پڑے گی‘: صدر ٹرمپ

    صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران نے امریکہ کے ساتھ کوئی معاہدہ کرنے میں ’بہت تاخیر‘ کر دی ہے اور اب اسے اس کی ’قیمت چکانی پڑے گی‘۔

    بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پیغام میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران ’مکمل طور پر شکست کھا چکا ہے، وہ صرف باتیں کرتے ہیں اور عمل کچھ نہیں۔‘

    ’مشرقِ وسطیٰ کا بدمعاش اب ڈھے چکا ہے۔‘

    ’انھوں (ایران) نے ایک ایسا معاہدہ طے کرنے میں بہت تاخیر کر دی، جو ان کے لیے بہترین ہو سکتا تھا، اب انھیں اس کی قیمت چکانی پڑے گی۔‘

    خیال رہے ایران اور امریکہ کے درمیان بدھ کی صبح سے ہی کشیدگی جاری ہے اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کو نشانہ بنانے کے دعوے کیے ہیں۔

    خیال رہے علی الصبح امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکی افواج نے ایک ہیلی کاپٹر کو گرائے جانے کے جواب میں ایران میں کارروائی کی ہے۔

    سینٹکام نے ایک بیان میں کہا، ’یہ مشن بلا جواز ایرانی جارحیت کے تناظر میں ایک جواب ہے۔‘

    دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’تشدد کو بڑھاوا دینے والی امریکی حکومت نے آج علی الصبح جسک، سرک اور قشم کے کئی مقامات پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں سرک میں ایک مواصلاتی ٹاور کو نقصان پہنچا اور شہری سپلائی کے پانی کے دو ٹینک تباہ ہو گئے۔‘

    پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل استعمال کرتے ہوئے (امریکی فوجی اڈوں کے) چار بڑے اہداف کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔

    ایرانی خبر رساں ادارے ارنا نے پاسداران انقلاب کا حوالہ دے کر کہا ہے کہ ’ان میں F-35 کے ہینگرز اور اردن کے علاقے الازرق میں ایک امریکی فوجی کمانڈ اور کنٹرول مرکز شامل ہیں۔‘

    ارنا کے ایکس کے اکاؤنٹ پرشیئر کی گئی فوٹیج میں قدر، عماد اور خیبر شکن نامی طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کو خطے میں امریکی اہداف پر فائر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو بدھ کی صبح ہونے والے حملے کے جواب میں کیا گیا تاہم بی بی سی آدادانہ طور پر اس فوٹیج کی تصدیق نہیں کر سکا۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر الزام عائد کیا تھا کہ اس نے امریکی افواج سے تعلق رکھنے والے ایک اپاچی فوجی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا تھا۔

    سینٹکام نے کہا کہ گرائے گئے امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر کے دونوں عملے کو ایک امریکی سمندری ڈرون کے ذریعے بچا لیا گیا۔

  7. ’خدا کے حکم سے جیتیں گے‘: اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو عام انتخابات میں حصہ لیں گے

    اسرائیل کی لیکود پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو آئندہ عام انتخابات میں حصہ لیں گے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک مختصر بیان میں لیکود پارٹی کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو نہ صرف انتخابات میں حصہ لیں گے، بلکہ ’خدا کے حکم سے جیتیں گے بھی۔‘

    اسرائیل میں آئندہ عام انتخابات اکتوبر میں ہونے ہیں۔

  8. مری ایکسپریس وے پر ٹریفک حادثہ: ایک ہی خاندان کے 10 افراد ہلاک, زبیر خان، صحافی

    سیاحتی مقام مری میں ایکسپریس وے پر ایک ٹریفک حادثے میں 10 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے ہیں۔

    نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ملتان سے مری جانے والی ایک ہائی ایس وین موڑ کاٹتے ہوئے سڑک سے نیچے نالے میں جا گری۔

    ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

    نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق نالے میں گرتے ہی وین میں آگ بھڑک اٹھی، جبکہ گاڑی اس انداز میں الٹی کہ دروازے کھولنا ممکن نہ رہا، جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔

    موٹروے پولیس نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی وین میں بچوں کی تعداد زیادہ تھی اور کم از کم 10 بچے سوار تھے۔

    تمام لاشوں اور زخمیوں اور کو اسلام آباد میں پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں جبکہ جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

    بی بی سی کو متاثرہ خاندان کے ایک فرد نے بتایا کہ یہ لوگ ملتان سے گذشتہ رات دس بجے نکلے تھے اور اور آج ایکسپریس وے پر حادثے کا شکار ہوئے ہیں۔

    موقع پر موجود ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ یہ گاڑی تیز رفتاری سے چل رہی تھی کہ اچانک سمجھ میں نہیں آیا کہ کس طرح قریب نالے میں جاگری تھی۔

    ’گاڑی نالے میں گری تو دیکھا کہ لوگ دروازہ کھولنا چاہ رہے تھے مگر دروازہ پھنس چکا تھا۔ اس موقع پر کچھ لوگ مدد کے لیے قریب پہنچے تو ایک دم ہی وین میں آگ بھڑک اٹھی۔‘

  9. بریکنگ, مظفر آباد میں فوجی ہیلی کاپٹر ’تکنیکی خرابی‘ کے باعث کریش، ایم آئی 17 پر سوار ’تمام افراد‘ ہلاک

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر پرواز بھرنے کے عمل کے دوران گِر کر تباہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں اُس پر سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر پر سوار کوئی شخص زندہ نہیں بچا، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ اس حادثے میں کتنے افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    بیان کے مطابق آرمی ایوی ایشن کا ’ایم آئی 17‘ ہیلی کاپٹر ’تکنیکی خرابی‘ کے سبب اڑان بھرتے ہوئے کریش ہوا۔ پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں کریش کے بعد حادثے کے مقام پر پہنچ گئی تھیں اور اس کی تحقیقات کے لیے ایک بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے مظفرآباد میں پیش آئے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

    پاکستانی فوج نے اس ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کی تعداد نہیں بتائی، تاہم مظفر آباد میں ضلعی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کے روحان احمد کو بتایا تھا کہ اس حادثے میں ہیلی کاپٹر کے دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔

    اس سے قبل مظفر آباد انتظامیہ کے ایک اعلیٰ افسر نے بی بی سی کے شہزاد ملک کو بتایا تھا کہ یہ ہیلی کاپٹر اُس وقت حادثے کا شکار ہوا جب یہ مظفر آباد میں واقع نیلم سٹیڈیم سے پرواز بھرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اہلکار کے مطابق اس کے بعد شہر میں ایک زور دار دھماکہ سُنا گیا۔

    مظفر آباد کے شہری حمزہ نے صحافی نصیر چوہدری کو بتایا کہ زوردار دھماکے کے بعد مظفر آباد شہر میں متاثرہ مقام سے دھویں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے گئے تھے اور امدادی اداروں کی گاڑیاں متاثرہ مقام کی جانب جا رہی تھیں۔

  10. ایران میں امریکی حملے کے سبب 20 ہزار افراد صاف پانی کی فراہمی سے محروم: سرکاری کمپنی

    ہرمزگان کی واٹر اینڈ ویسٹ واٹر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ گذشتہ رات جنوبی ایران پر امریکی حملے کے بعد بیمانی کےعلاقے میں 20 ہزار افراد صاف پانی کی فراہمی سے محروم ہو گئے ہیں۔

    ہرمزگان میں صوبائی واٹر اینڈ ویسٹ واٹر کمپنی کے مطابق گذشتہ رات کے حملے میں صوبے کے ضلع بیمانی میں 2,500 مکعب میٹر گنجائش والے دو کنکریٹ کے پانی کے ذخیرہ ٹینک ’میزائلوں سے نشانہ بنائے گئے اور مکمل طور پر ناکارہ ہو گئے۔‘

    یہ ذخائر کوہستک شہر اور اس کے گرد و نواح کے 10 دیہاتوں کو پینے کا پانی فراہم کرنے کے ذمہ دار تھے۔

    ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق اس علاقے میں زیرِ زمین پانی کے وسائل فوری متبادل کے لیے ناکافی ہیں اور ان ذخائر کی تباہی سے علاقے میں پانی کی فراہمی کے نظام کو شدید مسئلہ درپیش ہوگا۔

  11. افغانستان میں حجاب قوانین پر خواتین کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاج، دو افراد ہلاک, فلورا ڈروری اور بی بی سی افغان سروس

    عینی شاہدین اور مظاہرین کا کہنا ہے کہ طالبان کی پولیس نے مغربی افغان شہر ہرات میں اسلامی لباس سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی کے الزام میں خواتین کی حراست کے خلاف ہونے والے ایک احتجاج کو منتشر کرنے کے لیے براہِ راست فائرنگ کی ہے۔

    طبی عملے نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ احتجاج کے دوران دو افراد ہلاک ہوئے، تاہم انھوں نے اس کی تفصیل نہیں بتائی۔ اس احتجاج میں شریک متعدد دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    مقامی طالبان حکام کی جانب سے مبینہ طور پر’غلط طریقے سے حجاب پہننے‘ والی خواتین کی گرفتاریوں کے چند دن بعد مرد اور خواتین دونوں سڑکوں پر نکل آئے تھے۔

    ہرات میں پولیس نے ان اموات کی تردید کی ہے، تاہم انھوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کا نوٹس ضرور لیا گیا تھا۔ انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ افسران نے ’سکیورٹی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ایکشن لیا۔‘

    یہ واضح نہیں ہے کہ پولیس نے احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے کون سے طریقے استعمال کیے، تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پولیس نے فائرنگ کی، لیکن بی بی سی کے براہِ راست سوال کرنے پر پولیس نے اس کی تصدیق نہیں کی۔

    مظاہرے میں شامل ایک شخص نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے ’ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھیوں، کوڑوں اور آتشیں اسلحے کا استعمال کیا۔ انہوں نے ہوا میں فائرنگ بھی کی۔‘

    انھوں نے خبر رساں ادارے کو مزید بتایا کہ انھوں نے لوگوں کو زخمی ہوتے دیکھا اور ’لوگ شدید خوف زدہ ہیں۔‘

    اے ایف پی نے ایک فوٹوگرافر کا بھی حوالہ دیا ہے، جنھوں نے کہا کہ انھوں نے سکیورٹی فورسز کو ’مظاہرین کو مارتے اور ہجوم کی طرف ہتھیار چلاتے ہوئے‘ دیکھا۔

    فوٹوگرافر نے کہا ’جو میں نے خود دیکھا، اس کی بنیاد پر ایک بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے۔‘

    بی بی سی ان بیانات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کر سکا ہے۔

    آن لائن گردش کرنے والی ویڈیوز میں گولیوں کی آواز واضح طور پر سنی جا سکتی ہے، جبکہ خواتین کو ’انہیں مت مارو‘ چیختے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے۔

    ہرات پولیس کمانڈ کے ترجمان سید مسعود حسینی نے کہا کہ مظاہرین نے ’ایسا رویہ اختیار کیا، جس سے عوامی نظم و ضبط میں خلل پڑا۔‘

    انہوں نے مزید کہا کہ وہ ’حجاب کی پابندی سے متعلق مسائل کے نام پر احتجاج کر کے کشیدگی پیدا کرنے اور اسلامی حجاب، جسے ایک خدائی فریضہ سمجھا جاتا ہے، کی مخالفت کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔‘

    بی بی سی کی افغان سروس کے مطابق ایک ویڈیو میں کچھ مظاہرین کو ’تعلیم، کام، آزادی‘ کے نعرے لگاتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے۔

  12. امریکی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہیں: ایرانی وزارت خارجہ

    حالیہ امریکی حملوں کو ایران کی وزارتِ خارجہ نے اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

    وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں ملک کے جنوب میں ہونے والے امریکی حملوں کو ’اقوامِ متحدہ کے چارٹر، خاص طور پر آرٹیکل ٹو اور بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کے استعمال پر پابندی کے بنیادی اصول کی سنگین خلاف ورزی‘ کہا۔

    بیان میں آبنائے ہرمز میں ایک امریکی ہیلی کاپٹر گرائے جانے کا بھی ذکر کیا گیا تاہم اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔

    وزارتِ خارجہ نے خطے میں امریکی اڈوں اور اثاثوں کو ’جارحیت کا ذریعہ‘ قرار دیتے ہوئے ایرانی کارروائیوں کو ’دفاع کا حق‘ قرار دیا۔

    ایران نے علاقائی ممالک، بالخصوص خلیج فارس کے جنوبی ساحلوں پر واقع ریاستوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین اور تنصیبات کو ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں کی منصوبہ بندی، تنظیم، عمل درآمد اور حمایت کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔

  13. پاکستان کی وفاقی حکومت کا مجموعی قرض تقریباً 82000 ارب روپے تک بڑھ گیا: سٹیٹ بینک, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان کی وفاقی حکومت کےذمے واجب الادہ قرض رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ (جولائی تا اپریل) کے دوران بڑھ کر 81900 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔

    مارچ کے مہینے کے مقابلے میں اس میں 4000 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2026 کے اختتام پر حکومتی قرضوں کے مجموعی حجم میں سالانہ بنیادوں پر 9.3 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ماہانہ بنیادوں پر قرضوں میں تقریباً دو فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

    رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران قرضوں میں پانچ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    گزشتہ مالی سال اپریل کے مہینے کے اختتام تک یہ قرض 74936 ارب تھا۔

    اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2026 تک حکومت کااندرون ملک کمرشل بینکوں اور مالیاتی اداروں سے لیا گیا تقریبا 58100 ارب روپے تک پہنچ گیا جو ایک سال قبل کے مقابلے میں 10.6 فیصد زیادہ ہے۔

    ماہانہ بنیادوں پر اس میں ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جولائی سے اپریل کے دوران اندرونی قرضوں میں مجموعی طور پر سات فیصد اضافہ ہوا۔

    دوسری جانب بیرونی قرض رواں مالی سال جولائی تا اپریل کے دوران دو فیصد بڑھ کر 23800 ارب روپے ہو گیا۔ اپریل 2025 کے مقابلے میں بیرونی قرض میں چھ فیصد اضافہ ہوا، جبکہ مارچ 2026 کے مقابلے میں اس میں چار فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

  14. اردن کا ایران سے داغے گئے پانچ میزائلوں کو مار گرانے کا دعویٰ

    اردن کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کی طرف سے داغے گئے پانچ میزائلوں کو مار گرایا ہے۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق اردن کی مسلح افواج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہم نے ایران کی طرف سے الازرق کی طرف داغے گئے پانچ میزائلوں کو روک کر مار گرایا ہے۔‘

    اردنی فوج کے مطابق میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے فضا ہی میں مارگرایا گیا اور میزائلوں کا ملبہ مختلف علاقوں میں گرا تاہم میزائل کے ٹکڑوں سے لیکن کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔‘

    یاد رہے کہ ایرانی میڈیا نے پاسداران انقلاب کاا حوالہ دے کر رپورٹ کیا تھا کہ اس نے اردن میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملے کیا ہے۔

  15. طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں سے چار امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا: پاسداران انقلاب کا دعویٰ

    پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل استعمال کرتے ہوئے (امریکی فوجی اڈوں کے) چار بڑے اہداف کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔

    ایرانی خبر رساں ادارے ارنا نے پاسداران انقلاب کا حوالہ دے کر کہا ہے کہ ’ان میں F-35 کے ہینگرز اور اردن کے علاقے الازرق میں ایک امریکی فوجی کمانڈ اور کنٹرول مرکز شامل ہیں۔‘

    ارنا کے ایکس کے اکاؤنٹ پرشیئر کی گئی فوٹیج میں قدر، عماد اور خیبر شکن نامی طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کو خطے میں امریکی اہداف پر فائر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو بدھ کی صبح ہونے والے حملے کے جواب میں کیا گیا تاہم بی بی سی آدادانہ طور پر اس فوٹیج کی تصدیق نہیں کر سکا۔

  16. بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے مئی کے مہینے میں ریکارڈ 4.25 ارب ڈالر کی رقوم موصول: وزارت خزانہ, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان کو مئی 2026 کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 4.25 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئیں جو ملکی تاریخ میں ایک ماہ کے دوران آنے والی سب سے زیادہ رقم ہے۔

    وزارت خزانہ سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مئی میں ترسیلاتِ زر میں گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 20 فیصد سے زائد جبکہ گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 15 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    رواں مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ (جولائی تا مئی) کے دوران مجموعی ترسیلاتِ زر 38.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہیں۔

    وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلاتِ زر میں یہ نمایاں اضافہ ملکی معیشت پر اعتماد کا اظہار ہے، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر اور بیرونی شعبے کے استحکام کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔

    انھوں نے کہا موجودہ مالی سال کے اختتام میں ایک ماہ باقی رہ جانے کے باعث امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سالانہ ترسیلاتِ زر پہلی مرتبہ 41 ارب ڈالر کی سطح سے بھی تجاوز کر سکتی ہیں۔

  17. ایران کے حملوں کو روک لیا گیا: کویت

    ایران کی جانب سے حملوں کے بعد اب کویت سے خبر سامنے آئی ہے کہ اس نے ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں کو روک لیا ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کویتی آرمی جنرل سٹاف نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے ’دشمن کے فضائی اہداف‘ کو روک دیا ہے۔

    کویتی فوج نے رہائشیوں پر زور دیا کہ وہ ’مجاز حکام کی طرف سے جاری کردہ حفاظتی اور حفاظتی رہنما خطوط پر عمل کریں اور با اختیار سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔‘

  18. اردن میں امریکی ایف-35 ہینگرز کو نشانہ بنایا: پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ

    ایران میں پاسدارانِ انقلاب کے سے منسلک سمجھے جانے والے خبر رساں اداروں نے اردن میں امریکی اڈوں پر میزائل حملوں کی اطلاع دی ہے۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اردن میں جدید امریکی ایف-35 لڑاکا طیاروں کے ہینگرز کو خیبر شکن ٹھوس ایندھن والے میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔

    فارس نیوز ایجنسی نے پاسدارانِ انقلاب کے حوالے سے کہا کہ ’علاقے میں امریکی فضائی اور بحری اڈوں پر 21 اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔‘

    خبر رساں ادارے نے ان حملوں اور ان کے بعد ہونے والے دھماکوں سے منسوب ویڈیوز بھی شائع کی ہیں تاہم بی بی سی فی الحال آزادانہ طور پر ان تصاویر کی تصدیق کرنے سے قاصر ہے۔

  19. بریکنگ, ایران کا اردن میں امریکی اڈے پر میزائل حملے کا دعویٰ

    فارس نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ پاسداران انقلاب نے اردن میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ کیا ہے۔

    پاسداران انقلاب کے بیان کے مطابق ’اس نے اپنے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ٹھوس ایندھن کے میزائلوں کے ذریعے ’چار اہم اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں امریکی فضائی اڈے پر F-35 لڑاکا جیٹ ہینگرز اور آرمی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر‘ شامل ہیں۔

    ابھی تک امریکی ذرائع نے اس حملے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

    اس سے قبل خاتم الانبیاء کے ہیڈ کوارٹر نے اپنے اعلان میں کہا تھا کہ ایرانی حملے پاسداران انقلاب اور ایرانی فوج نے مشترکہ طور پر کیے تھے۔

    ہم نے امریکی اڈوں پر ڈرون سے حملہ کیا: ایرانی فوج

    ایرانی فوج نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ اس نے ڈرون حملوں کی لہر کے ساتھ ’امریکی اڈوں اور امریکی پانچویں بیڑے کے ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا ہے۔‘

    ایرانی نشریاتی ادارے کے مطابق، فوج نے ان حملوں کو جنوبی ایران کے باشندوں کے خلاف امریکی ’ہراساں کیے جانے‘ کے بعد ’جوابی اقدام‘ قرار دیا۔

  20. بریکنگ, پاسداران انقلاب کا شمالی خلیج فارس میں ایک امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ، بحرین میں خطرے کی گھنٹی بج گئی

    پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز میں جاری فضائی لڑائی کے دوران ایک ایم کیو-9 ڈرون کو مار گرایا ہے۔

    پاسداران انقلاب کے مطابق ڈرون کا مقصد ’شمالی خلیج فارس کے آسمان سے میدان جنگ میں داخل ہونا اور مداخلت کرنا تھا۔‘

    ایرانی میڈیا نے پاسداران انقلاب کے حوالے سے یہ کہا ہے کہ ڈرون ’جام کاؤنٹی، بوشہر صوبے کی فضا میں تباہ کیا گیا ہے۔ سینٹکام نے ابھی تک اس دعوے کا جواب نہیں دیا ہے۔

    بحرین میں خطرے کی گھنٹی بج گئی

    پاسداران انقلاب کا بحرین میں امریکی بحریہ کے اڈے پر حملے کے اعلان، کے بعد بحرین کی وزارت داخلہ نے عوام پر زور دیا کہ وہ ’پرسکون رہیں اور قریبی محفوظ مقام پر جائیں۔‘

    اس سے قبل پاسداران انقلاب نے اعلان کیا تھا کہ اس نے بحرین میں امریکی بحریہ کے اڈے پر حملہ کیا۔

    تسنیم خبررساں ادارے نے پاسداران انقلاب کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’دشمن کے مذموم اقدام کے جواب میں، پاسداران انقلاب کی بحری افواج نے بحرین کے پانچویں بحری بیڑے پر صبح ڈھائی بجے ڈرون حملہ کیا‘۔

    پاسداران انقلاب کے بیان میں ’جھڑپوں کے جاری رہنے‘ کا اعلان کیا گیا اور کہا گیا کہ ’اگر برائی جاری رہی تو سخت ردعمل سامنے آئے گا۔‘