راولپنڈی: سری لنکا نے 430 رنز کا ہدف حاصل کر لیا، انگلینڈ کو دو وکٹوں سے شکست

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سری لنکا نے راولپنڈی کے کرکٹ سٹیڈیم میں 430 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف حاصل کر کے انگلینڈ کو دو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں کپتان ہیری بروک کی ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین سینچری کے سبب انگلینڈ کی ٹیم سری لنکا کو 430 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب رہی تھی۔
سری لنکا کی اننگز جب شروع ہوئی تو اس کے دو بلے باز صرف 24 رنز کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے اور یوں لگا جیسے انگلینڈ یہ ون ڈے میچ باآسانی جیت جائے گا۔
لیکن اویشکا فرنانڈو، پون رتھنانائکے، داسن شناکا اور جنتھ لیاناگے نے اس میچ کا پانسہ ہی پلٹ دیا اور سری لنکا کو میچ جتوا دیا۔
اویشکا فرنانڈو نے 83 گیندوں پر 97، پون رتھنانائکے نے 106 گیندوں پر 130 رنز اور داسن شناکا نے 50 گیندوں پر 97 رنز بنائے۔ جنتھ لیاناگے آخر تک کریز پر موجود رہے اور 27 گیندوں پر 61 رنز بنائے۔
اس سے قبل میچ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے نہ صرف ون ڈے کرکٹ میں 114 گیندوں پر تیز ترین ڈبل سینچری سکور کی بلکہ وہ ون ڈے کرکٹ میں یہ کارنامہ سر انجام دینے والے پہلے انگلش کھلاڑی بھی بن گئے۔
ان ہی کی ڈبل سینچری کی بدولت انگلینڈ سری لنکا کو 430 رنز کا بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہوا۔
ہیرک بروک کی اننگز کا احوال
انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے منگل کو اسی میدان میں پاکستان کے خلاف سہ فریقی سیریز کے افتتاحی میچ میں شکست کے بعد اپنے بلے بازوں سے زیادہ مثبت کھیل کھیلنے کا مطالبہ کیا تھا، اور جمعرات کو انھوں نے سری لنکا کے خلاف خود اس کی بہترین مثال پیش کی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ہیری بروک نے گراؤنڈ کے چاروں طرف انتہائی بہترین شاٹس کھیلے۔ اپنی 116 گیندوں پر اننگز میں انھوں نے جدت، بھرپور طاقت اور نفیس سٹروکس کا شاندار امتزاج پیش کیا۔
انھوں نے میدان کے چاروں طرف شاٹس کھیلے اور اپنی برق رفتار اننگز میں 10 چھکے اور 21 چوکے لگائے۔
انگلینڈ کے کپتان کی اننگز کی ایک نمایاں خصوصیت رنز بنانے کی مرحلہ وار رفتار میں اضافہ تھا۔ 27 سالہ بلے باز نے اپنی پہلی 24 گیندوں پر صرف 13 رنز بنائے، مگر اس کے بعد اچانک رفتار تیز کرتے ہوئے صرف 42 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔
اس کے بعد انھوں نے ون ڈے کرکٹ میں اپنی چوتھی سینچری صرف 75 گیندوں پر مکمل کی۔
تین ہندسوں تک پہنچنے کے بعد ہیری بروک نے مزید جارحانہ انداز اختیار کیا اور 100 سے 200 رنز تک کا سفر محض 39 گیندوں میں طے کر لیا۔
شبھمن گل کا ریکارڈ اور سوشل میڈیا پر تعریفیں
انڈین بلے باز شبھمن گل نے ابھی 30 ستمبر کو ہی ویسٹ انڈیز کے خلاف 117 گیندوں پر 200 رنز بنا کر تیز ترین ڈبل سینچری بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔
لیکن ہیری بروک نے صرف تین ہی ہفتوں میں یہ ریکارڈ انڈین بلے باز سے چھین کر اپنے نام کر لیا۔
انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک کی اس کامیابی پر انھیں دنیا بھر سے کرکٹ شائقین داد دیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہX/Michael Vaughn
انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے سوشل میڈٰیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’چاہے کسی بھی معیار پر ان کا موازنہ کریں، میرے خیال میں ہیری بروک آنے والے کئی برسوں میں نظر آنے والے سب سے شاندار اور دلکش بلے باز ہیں۔‘
کچھ لوگ تو انگلینڈ کے کپتان کو ’اس دنیا کا بہترین بلے باز‘ تک قرار دے رہے ہیں۔
سکاٹ بٹن نامی ایکس صارف کہتے ہیں کہ ’اگر آپ سمجھتے ہیں کہ اس دنیا میں ہیری بروک سے بہتر کوئی بلے باز ہے، تو آپ غلط ہیں۔‘
پاکستان میں بھی کرکٹ شائقین ہیری بروک کی شان میں زمین اور آسمان کے قلابے ملا رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہX
نفیس کہتے ہیں کہ ’یہ ہیری بروک کے ون ڈے کیریئر کی پہلی ڈبل سینچری نہیں ہو گی۔ جس طرح کا ٹیلنٹ ان کے پاس ہے، مجھے امید ہے کہ وہ جتنے ممکن ہو سکیں ریکارڈ بنائیں گے۔‘
کچھ سوشل میڈیا صارفین تو یہ بھی کہتے ہوئے نظر آئے کہ ’اچھا ہوا انگلینڈ کے کپتان نے راولپنڈی میں یہ اننگز پاکستان کی ٹیم کے خلاف نہیں کھیلی۔‘
ملتان سلطانز کی میڈیا اور ڈیجیٹل ٹیم سے منسلک نواب حسن حسین قریشی نے لکھا: ’ہیری بروک کو دیکھنا ایک اعزاز ہے۔ میں پہلی مرتبہ پاکستان میں ان کی بلے بازی سے لطف اندوز ہوا ہوں کیونکہ وہ کسی اور کی پٹائی کر رہے ہیں۔‘



















